ایمزٹی وی (کراچی)مسلم لیگ (ن) نے سابق صدر پرویز مشرف کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان واپس لانے کی تجویز پر غور شروع کر دیا۔
نجی ٹی وی کی ویب سائٹ نے ذرائع کے حوالے سے دعو یٰ کیاہے کہ پرویز مشرف کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان واپس لانے کا مقصد موجودہ صورت حال کو بیلنس کرنا ہے ، (ن) لیگ کے اندر یہ تجویز زیرغور ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ سے جوصورتحال پیدا ہوئی ہے جس سے حکومت،وزیراعظم کو سخت مشکلات کا سامنا ہے اور شریف خاندان کے اقتدار کے خاتمہ کی باتیں زبان زدعام ہیں اس صورتحال میں بعض”ہارڈلائنرز“ کا خیال ہے کہ انٹرپول کے ذریعے مشرف کو واپس پاکستان لاکر عدالت کے سامنے پیش کرنے کی حکمت عملی کارگر ثابت ہوسکتی ہے۔
تاہم دوسری جانب پارٹی کے اندر ایک سنجیدہ اور معاملہ فہم گروپ اس تجویز کا شدید مخالف ہے اور اس تجویز کو مقتدر حلقوں کیساتھ تعلقات کی مزید خرابی کا باعث قرار دیا گیا ہے جسکی حکومت کسی طورپر متحمل نہیں ہوسکتی کیونکہ یہ سمجھا جائے گا کہ مخصوص حلقوں کو دباﺅ میں لانے کی کوشش ہے جس کے نتائج کسی صورت حکومت کے حق میں نہیں آئیں گے ، تجویز کے حامیوں کا خیال ہے کہ پرویزمشرف کی واپسی کیلئے انٹرپول کے ذریعے خط صورتحال کو بیلنس کر دے گا اور حکومت کی مشکلات کم ہو جائیں گی۔