ایمزٹی وی(کراچی)ایم کیو ایم پاکستان نے سینیٹ، قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی سے مستعفی ہونے کی دھمکی دے دی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ پارٹی کے سینیٹرز اور قومی اسمبلی و سندھ اسمبلی کے ارکان کے استعفے جمع کرلیے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان اسمبلی کو وفاداریاں تبدیل کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، ہماری شکایات کا نوٹس نہ لیا گیا تو اسمبلیوں سے استعفی دےدینگے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں متحدہ لندن سے علیحدہ ہوئے ایک سال ہوگیا تاہم ایم کیوایم پاکستان کےارکان اسمبلی کودوسری جماعت میں شامل ہونے کے لیے دباؤ ڈالاجارہاہے، وفاداریوں کی تبدیلیوں کی وجہ سمجھ نہیں آتی، فیصلےکی گھڑی آگئی ہے اور اب فیصلے کرنے پڑیں گے، اب اگر کوئی رکن پارٹی فیصلے کےخلاف کام کرتا ہے یا اسے وفاداری بدلنے پر مجبورکیاجاتا ہےتوسینٹ اورقومی اسمبلی سے اجتماعی استعفے دے دیں گے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کےارکان پر دباؤسے متعلق ثبوت ابھی نہیں، ابتدا میں جانیوالےارکان شایدمرضی سےگئےان پراپنادعویٰ واپس لیتاہوں، اگر کوئی رکن اسمبلی اپنی مرضی سے جانا چاہتا ہے تو وہ چلا جائے، آج تمام ارکان کو آخری موقع دیا جاتا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہمارے مینڈیٹ کو چھینا جارہا ہے اور وفاق سےنکالنےکی کوشش کی جارہی ہے، الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جو لوگ ایم کیو ایم کو چھوڑ کر گئے ان کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کرائے جائیں، مارچ کےسینیٹ انتخابات میں پی ایس پی کی وجہ سے مہاجروں کو نقصان ہوگا، پی ایس پی سینیٹ میں ہماری نمائندگی ختم کرنےکا آلہ کار بن رہی ہے۔