پیر, 25 نومبر 2024


عدالت نے شرجیل میمن کو جیل بھیج دیا

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)احتساب عدالت نے کرپشن کیس میں سابق صوبائی وزیر اور پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن سمیت دیگر ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔احتساب عدالت میں شرجیل میمن کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں ملزمان نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے لیے درخواست دائر کی۔
دوران سماعت شرجیل میمن کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ شرجیل میمن کے وارنٹ گرفتاری چیرمین نیب اور عدالت نے بھی جاری نہیں کیے پھر بھی انہیں گرفتار کیا گیا اس لیے ان کی گرفتاری غیر قانونی ہے۔احتساب عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد شرجیل میمن سمیت دیگر 12 ملزمان کو 4 نومبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ نیب میرے اور نواز شریف کے لیے دوہرا قانون اپنا رہی ہے.
نواز شریف کو گرفتار نہیں کیا جاتا ،دیکھتا ہوں نواز شریف کو وطن واپسی پر گرفتار کیا جاتا ہے یا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں کیسز کا سامنا کرنے کے لیے آیا تھا ،عدالتوں میں کیسز کا سامنا کر رہا ہوں اور کرتا رہوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی ضمانت ہو سکتی ہے تو میری کیو ں نہیں ،اس کی وجہ صرف مجھے سیاسی نقصان پہنچانا ہے ۔
اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے 5 ارب 76 کروڑ سے زائد کی کرپشن کے کیس میں سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے کے بعد شرجیل میمن کو گزشتہ روز حراست میں لیا تھا جب کہ ان کے ساتھ دیگر افراد کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔شرجیل میمن کو گزشتہ رات کراچی میں واقع نیب سندھ کے ریجنل دفتر میں بنے لاک اپ میں رکھا گیا۔
آج نیب نے شرجیل میمن سمیت تمام ملزمان کو پولیس اور رینجرز کی سخت سیکیورٹی میں احتساب عدالت پہنچایا جہاں سابق وزیر کو بکتر بند گاڑی میں لایا گیا۔شرجیل میمن کی پیشی کے وقت احتساب عدالت کے باہر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات تھی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment