کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ متحدہ کی5 خواتین ارکان نے فروغ نسیم کو ووٹ نہیں دیا، اپوزیشن جماعتوں نے بھی زبان دینے کے باوجود ایم کیو ایم کے امیدوار کو ووٹ نہیں دیئے۔ یہ بات انہوں نے سینیٹ انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے اعلان کے بعد کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ 20 ارکان اسمبلی نے کامران ٹیسوری اور 18نےفروغ نسیم کو ووٹ ڈالنے تھے، ایم کیوایم کی5خواتین ارکان نے فروغ نسیم کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا، قوی امکان ہے کہ پانچوں ارکان نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیئے۔ اس طرح فروغ نسیم کو ووٹ دینے والوں کی تعداد13رہ گئی تھی، فیصل سبزواری نے کہا کہ بیرسٹر فروغ نسیم کیلئے ن لیگ، فنکشنل لیگ کے دوستوں سے درخواست کی تھی لیکن زبان دینے کے باوجود انہوں نے ایم کیو ایم کے امیدوار کو ووٹ نہیں دیئے۔ رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے مزید کہا کہ کامران ٹیسوری کو ووٹ دینے والے ایم پی ایز کی تعداد 20 تھی، ان کی فہرست کے ایک ساتھی نے پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا، فیصل سبزواری نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ صورتحال جلد بہتر ہو، تنظیم متحد اور مضبوط رہے گی۔