ایمز ٹی وی (کرا چی)آٹو سیکٹر ہو یا سیمنٹ سیکٹر، سی پیک اپنا اثر دکھا رہا ہے، معیشت کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔ پاک چین اقتصادی رہداری کی بدولت رواں مالی سال مقامی سیمنٹ کی کھپت میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پہلے دو ماہ میں سیمنٹ کی مقامی کھپت اکتہر لاکھ ٹن رہی، جو گزرے مالی سال سے بائیس لاکھ ٹن زائد ہے، جس کی وجہ سے ملکی معیشت بہتری کے ساتھ ساتھ سیمنٹ انڈسٹری اور تعمیراتی شعبے میں بھی تیزی آرہی ہے۔
سیمنٹ کی کھپت میں اضافے سے ہنرمند اور غیر ہنرمند افراد کیلئے روزگار کے مواقع بھی بڑھ گئے ہیں۔آئندہ چند برس میں سیمنٹ کی سالانہ پیداواری صلاحیت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
ادھر سی پیک کے پیش نظر پاکستان ہیوی گاڑیوں کی ابھرتی مارکیٹ بن رہا ہے۔ منصوبے پر کام کرنے والی کمپنیوں کیلئے دس سے بیس ہزار ٹرکوں کی طلب پیدا ہوئی ہے۔رواں مالی سال کے دوران ٹرک اور بسوں کی فروخت میں چھتیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔چینی کمپنیاں پاکستان میں ٹرک متعارف کرواچکی ہیں۔ اس کے علاوہ پٹرولیم انڈسٹری اور طویل فاصلے کیلئے چینی ساختہ ٹرک بھی اپنی جگہ بنا رہے ہیں۔آٹو انڈسٹری کے ماہرین کہتے ہیں گوادر بندرگاہ فعال ہونے اور چینی کارگو کی آمدورفت کے بعد ڈیڑھ سے دو لاکھ ٹرک درکار ہوں گے۔