پیر, 25 نومبر 2024


صنعتکاروں نے کراچی میں سائٹ ایریا جانا چھوڑ دیا,علی زیدی

 
 
 
 
کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ کراچی میں سڑکوں کی صورتحال بہت خراب ہے، بڑے صنعتکاروں نے کراچی میں سائٹ ایریا جانا چھوڑ دیا ہے۔
 
وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری ٹائم کا معیشت سے گہرا تعلق ہے، دنیا کہاں پہنچ گئی اور ہم وہیں کھڑے ہیں۔
 
علی زیدی نے کہا کہ اپنی وزارت کو ڈیجیٹل کرنے کی طرف لے جا رہے ہیں، اگلے ہفتے سے فائلز کو ای فائل پر منتقل کرنے جا رہے ہیں۔ کراچی کا انفرا اسٹرکچر تباہ اور جگہ جگہ کچرا پڑا ہے۔ کراچی کے انفرا اسٹرکچر میں تمام انتظامی امور آتے ہیں۔ پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے نئی چیزوں کے بارے میں سوچنا ہوگا۔
 
انہوں نے کہا کہ شہر پورٹ نہیں چلاتے بلکہ پورٹ شہر چلاتے ہیں، معیشت تب تک درست نہیں ہوسکتی جب تک مسائل حل نہ ہوں۔ انرجی، فیول، درآمد اور برآمدات کا تعلق پورٹ سے ہوتا ہے۔ کنٹینر کی اسکینر پر 5 ڈالر کی وصولی روک دی ہے۔
 
علی زیدی نے کہا کہ ایف ڈبلیو او کے تعاون سے نالوں کی صفائی کا کام سنبھالا، اگلے دن ڈی ایم سی کھڑی ہوجاتی ہے کہ ہم کچرا اٹھائیں گے۔ کچرا کنڈیوں کو ٹھیکے پر فروخت کیا جاتا ہے۔ کچرےمیں لوہے کا سامان، تاریں وغیرہ ہوتی ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ کراچی میں سڑکوں کی صورتحال بہت خراب ہے، صنعتکاروں نے گھروں سے فیکٹریاں چلانا شروع کردیں۔ بڑے صنعتکاروں نے کراچی میں سائٹ ایریا جانا چھوڑ دیا ہے۔ معاشی حالات بہتر کرنے سے روزگار کے مواقع ملیں گے۔
 
وزیر اعظم کی اقوام متحدہ میں تقریر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے تقریر میں پاکستان اور اسلام کا دفاع کیا، مغرب نہیں سمجھتا ہمارے ناموس رسالت پر کیا جذبات ہیں۔ ہم ہولو کاسٹ پر بات کرتے تھے تو وہ بہت مشکل میں آتے تھے۔ وزیر اعظم نے تقریر میں کشمیر پر ہونے والے مظالم پر بات کی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment