بدھ, 24 اپریل 2024


ملک میں شرح خواندگی کو بڑھانے میں نجی تعلیمی اداروں کا اہم کردار ہے

کراچی: آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن میرپورخاص ریجن کی جانب سےانٹراسکولز نعتیہ مقابلہ ،بیسٹ ٹیچر ایوارڈ2022،لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈاورفلوڈریلیف سپورٹ ایپریسیشن ایوارڈ کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ تھے جبکہ دیگر مہمانان میں آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن سندھ کے مرکزی چیئرمین سید طارق شاہ،ڈائریکٹرڈائریکٹویٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز میر پور خاص پروفیسر انوار قریشی،ڈائریکٹر گورنمنٹ اسکولز میر پور خاص کے علاوہ دیگر نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پرصوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا کے بعد سیلاب نے تعلیم کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے جسے پورا کرنے میں سالوں لگ جائیں گے انہوں نے کہاکہ ملک میں شرح خواندگی کو بڑھانے میں نجی تعلیمی اداروں کا اہم کردار ہے جسے کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن سندھ کے مرکزی چیئرمین سید طارق شاہ کا کہنا تھا کہ نجی تعلیمی ادارے لا تعداد مسائل کا شکار ہونے کے با وجود تعلیم کو عام کر نے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں انہوںنے کہاکہ نجی تعلیمی ادارے سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی میں بھی اپنا اہم کر دار ادا کر رہے ہیں

اس موقع پر سید طارق شاہ صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نئی رجسٹریشن کے سلسلے کو جلد از جلد بحال کیا جائے تا کہ نجی تعلیمی ادارے با آسانی رجسٹریشن کر وا سکیںاور صوبہ سندھ کے تمام ڈسٹرکٹ میں ٹی سی کائونٹر سائن اورجی آر کریکشن کی سہولت فراہم کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ آفیسر تعینات کئے جائیں تا کہ نجی تعلیمی اداروں کو ٹی سی کائونٹر سائن اورجی آر کریکشن کیلئے ایک شہر سے دوسرے شہر سفر کرنے سے بچایا جا سکے۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے انٹر اسکولز نعتیہ مقابلے میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات کو ایوارڈ ز دیئے گئے جبکہ اعلیٰ کارکردگی دیکھانے والے اساتذہ کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ2022 کے علاوہ ماہرین تعلیم کولائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پر فلوڈ ریلیف سپورٹ ایپریسیشن ایوارڈسے بھی نوازا گیا

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment