وفاقی حکومت نے وفاقی جامعات کے ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا ہے
جس کے بعد صدر مملکت کے بطور چانسلر تمام اختیارات وزیر اعظم کو منتقل ہوجائیں گے۔
گزشتہ روز قومی نصاب کونسل کی تقریب میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر نے بتایا کہ جامعہ اردو سمیت تمام وفاقی جامعات کے قانون میں ترمیم کی جائے گی کیونکہ ان جامعات کے ایکٹ پیچیدہ ہیں جس سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جامعات کے ایکٹ کے باعث وفاقی اردو یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر لگانا مسئلہ بنا ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ IBCC کا ایکٹ تیار ہوچکا ہے اور اسے جلد اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سکریٹری آئی بی سی سی غلام علی ملاح کی اچھی کارکردگی کے پیش نظر ان کی مدت ملازمت میں توسیع کی جارہی ہے۔