ایمز ٹی وی:(کراچی) فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں علی الصبح لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ گارمنٹس فیکڑی میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لئے ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیاں موقع پر پہنچیں تاہم آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی اور فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ کی شدت کو تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کر لئے۔ گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لئے اس وقت فائر بریگیڈ کی 20 سے زائد گاڑیاں اور اسنار کل مصروف ہیں۔
چیف فائرآفیسراحتشام الدین کا کہنا تھا کہ آگ میں شدت کی وجہ سے 2 مقامات سے آگ کو کنڑول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، انڈسٹریل ایریا میں واقع دیگر فیکڑیوں کو بھی آگ سے بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے جب کہ آگ پر قابو پانے کے لئے مزید 5 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ ابتدائی طور پر تو آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ معلوم ہوتی ہے تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی حتمی بیان جاری کیا جا سکتا ہے۔