پیر, 25 نومبر 2024


ہمارے یہاں حکومتیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں لیکن نظام تبدیل نہیں ہوتا، چہرے بدلنے سے نظام کبھی نہیں بدلے گا۔ڈاکٹر مونس احمر

ایمز ٹی وی ( کراچی ) رئیس کلیہ سماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر مونس احمر نے کہا کہ ہمارے یہاں حکومتیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں لیکن نظام تبدیل نہیں ہوتا، چہرے بدلنے سے نظام کبھی نہیں بدلے گا، چہرے بدلنے سے عوام کے مسائل کبھی حل نہیں ہوں گے۔جب تک نوجوان نسل میں سیاسی شعور بیدار نہیں کیا جائے گا، ملک میں تبدیلی رونما نہیں ہوسکتی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے یوتھ کو تربیت فراہم کریں اورسوک لرننگ کے بارے میں مکمل آگاہی فراہم کی جائے۔ہم اپنی ذمہ داریوں سے کوتاہی برتتے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے ہاں مسائل میں اضافہ ہورہاہے جس کی بڑی وجہ سوک سنس(مدنی شعور) کا فقدان ہے اور مسائل میں بجائے کمی کے اضافہ ہورہاہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ عمرانیات اورمرکز برائے امن اور ترقیاتی اقدامات "Center for Peace and Development Initiatives"کے زیر اہتمام کلیہ سماجی علوم کی سماعت گاہ میں منعقدہ سیمینار بعنوان: ”مدنی نظام کا مطالعاتی شعور“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئر مین شعبہ عمرانیات پروفیسر ڈاکٹر نبیل زبیری،ڈاکٹر ثوبیہ شہزاد،ایس پی او کراچی الٰہی بخش بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔ڈاکٹر مونس احمر نے مزید کہا کہ آئین اور قوانین تو موجود ہے لیکن اس پر عملد رآمد نہیں کیا جاتا ۔اس موقع پر چیئر مین شعبہ عمرانیات پروفیسر ڈاکٹر نبیل زبیری نے کہا کہ مذکورہ سیمینار کا مقصد نوجوان نسل کو سوک لرننگ سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔سیمینار میں اساتذہ اور طلباوطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment