ایمز ٹی وی(کراچی )سینئر صوبائی وزیر تعلیم و اطلاعات نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ تعلیم سے وابستہ اداروں کا احترام کرنا ہمارافرض ہے اس لئے کہ طلبہ کا مستقبل انہی سے وابستہ ہوتا ہے۔ یہ بات انہوں نے ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت ہم نصابی سرگرمیوں اور ہفتہ طلبہ میں ہونے والے مقابلوں کے انعام یافتہ طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اس موقع پر ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی کی تعلیمی میدان میں کی جانے والی خدمات کو سراہا، انہو ں نے کہا کہ ان جیسی شخصیات اداروں کی تعمیر کرتی ہیں، انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ نقل پر بھروسہ کرنے کی بجائے محنت کریں اور خود میں لیاقت پیدا کریں۔ اس موقع پر ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے اعلان کیا کہ میٹرک میں سائنس، آرٹس اور خصوصی بچوں کے امتحانات میں اول آنے والے طالب علم کو 50ہزار روپے ، دوم آنے والے کو 30ہزار اور سوم آنے والے طلبہ کو 20ہزار روپے نقد دیئے جائیں گے جبکہ ڈیجیٹل ڈکشنری اس کے علاوہ ہوں گی، تقریب میں پاکستان سائنس فورم کی جانب سے پوسٹر سازی اور مضمون نگاری میں اول، دوم اور سوم آنے والے طلبہ کونقد انعامات دیئے گئے جبکہ بورڈ کی جانب سے شیلڈ اور اسناد تقسیم کی گئیں۔