اتوار, 24 نومبر 2024


بوم بوم آفریدی 37 برس کے ہوگئے

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنی 37ویں سالگرہ منائی ۔شاہد آفریدی یکم مارچ 1980 کو خیبرایجنسی میں پیدا ہوئے، 1996 میں اپنے دوسرے انٹرنیشنل میچ میں 37 گیندوں پردنیا کی تیزترین سنچری بنا کرراتوں رات شہرت کی بلندیوں پرپہنچ گئے۔ان کا یہ ریکارڈ تقریباً 17سال تک قائم رہا جسے نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن اورپھرجنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے نام کر لیا۔
سن 1996ء میں کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھنے والے آفریدی بوم بوم آفریدی کے نام سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔ ان کو یہ نام بھارت کے معروف کرکٹر اور کمنٹیٹر راوی شاستری نے دیا۔بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا جب آغاز ہوا تو شاہد آفریدی کو اس طرز کی کرکٹ کا بادشاہ کہاگیا، انھوں نے بھی اس طرز کی کرکٹ میں اپنے اسٹائل کی وجہ سے خوب شہرت پائی۔2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پاکستان نے شاہد آفریدی کی بہترین بیٹنگ کی وجہ سے جیتا۔
آفریدی اپنی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پوری دنیا میں پہچانے جاتے ہیں اوراسی بدولت کئی ریکارڈ مثلاً سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ اورسب سے بہترین اسٹرائیک ریٹ کا ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔گزشتہ روز شارجہ میں پی ایس ایل پلے آف کے میچ میں شاہد آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ تو کی مگر وہ اپنی ٹیم کو جیت کے قریب لاکر ہمت ہار گئے۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment