اتوار, 24 نومبر 2024


سیکیورٹی خدشات ڈیوس کپ مقابلے کو لے ڈوبے

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ہانک کانگ کی ٹیم سیکیورٹی خدشات کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف اسلام آباد سے ہونے والے ڈیوس کپ مقابلے سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔ ملک میں مخدوش سیکیورٹی صورتحال کے سبب 2010 کے بعد سے پاکستانی ٹیم ڈیوس کپ ایشین اوشیانا زون کے مقابلے بیرون ملک کھیلنے پر مجبور ہے لیکن گزشتہ ماہ ملک میں انٹرنیشنل ٹینس کی واپسی ہوئی تھی۔ پاکستان نے اسلام آباد میں منعقدہ ڈیوس کپ کے پہلے راؤنڈ میں 3-2 سے شکست دی تھی جو ملک میں 12 سال بعد پہلا ڈیوس کپ کا میچ تھا۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ڈیوس کپ کمیٹی نے پاکستان اور ہانک کانگ کے درمیان میچز پاکستانی سرزمین پر کرانے کی منظوری دی تھی جسے ہانک کانگ ے چیلنج کیا تھا لیکن ایک آزادانہ ٹریبونل کی جانب سے پاکستان کے حق میں فیصلہ آنے کے بعد ہانک کانگ نے میچ سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ہانک کانگ کے فیصلے سے فیڈریشن اتفاق نہیں کرتی کیونکہ میچز کے انعقاد سے قبل ہم تمام کھلاڑیوں، آفیشلز، شائقین اور ٹیم کے افراد کی سیکیورٹی کو ملحوظ خاطر رکھ کر کوئی فیصلہ کرتے ہیں۔ ہانک کانگ کی دستبرداری کے بعد پاکستان ایشین اوشیانا گروپ 2 کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گیا ہے جہاں وہ فلپائن اور تھائی لینڈ کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح کی میزبانی کرے گا۔

یاد رہے کہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد ملک پر انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلے کے دروازے بند ہو گئے تھے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment