ایمزٹی وی(اسپورٹس)پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان 3 رکنی ٹربیونل کے سامنے پیش ہوگئے جب کہ خالد لطیف علالت کے باعث غیر حاضر رہے۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں معطل کرکٹر شرجیل خان اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے جبکہ پی سی بی شعبہ سکیورٹی اینڈ ویجیلنس کے سربراہ کرنل (ر) محمد اعظم خان اور پی سی بی کے لیگل ایڈوائرز طفیل رضوی و دیگر پیش ہوئے۔
اس موقع پر پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات پڑھ کر سنائے گئے، ٹربیونل نے فریقین کے ساتھ اگلی کارروائی کا طریقہ کار طے کیا۔
اینٹی کرپشن یونٹ 14 اپریل کو کرکٹرز پر لگائے گئے الزامات کی تفصیل اور شواہد پیش کرے گا جس پر شرجیل خان 5 مئی کو جواب جمع کروائیں گے اور کرکٹرز کی جانب سے الزامات سے انکار پر پی سی بی اپنے موقف کے حق میں دلائل دے گا۔ حتمی سماعت 15 مئی سے روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی۔
دوسری جانب شرجیل خان کے ساتھ خالد لطیف کو بھی پیش ہونا تھا لیکن انہوں نے طبیعت میں خرابی کے باعث معذرت کر لی جس کے بعد سماعت 31 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔