اتوار, 24 نومبر 2024


ثقلین مشتاق کو 2 برس کیلیے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مقرر

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)انگلش کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق کو 2 برس کیلیے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کر دیا ہے۔
ثقلین مشتاق آف اسپنر کی مخصوص گیند ’’دوسرا‘‘ کے موجد ہیں، کئی برس تک ملک کیلیے خدمات انجام دینے کے بعد وہ انگلینڈ منتقل ہو گئے تھے، اس دوران انھوں نے انگلش ٹیم سمیت نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کیلیے بھی بطور اسپن مشیر خدمات انجام دیں،کچھ عرصے قبل وہ اہل خانہ کے ہمراہ دوبارہ پاکستان شفٹ ہو گئے تھے مگر انھیں پی سی بی نے لفٹ نہ کرائی، صرف چند روز کیلیے سعید اجمل کا بولنگ ایکشن درست کرانے کا کام سونپا گیا تھا جبکہ انگلینڈ نے دورئہ بھارت میں ثقلین کو پہلے ٹیسٹ سیریز اور پھر ون ڈے میں بھی ٹیم کے ساتھ رکھا، اس دوران ان کی عمدہ کارکردگی سے خوش ہو کر اب طویل المدتی معاہدہ کر لیا ہے۔
دوسری جانب ثقلین مشتاق نے اسلام آباد سے فون پر ’ایکسپریس‘ کو بتایا کہ میں نے ای سی بی کے ساتھ2 سالہ کنٹریکٹ پر دستخط کر دیے ہیں، انگلش ٹیم کے ساتھ میں لائنز اور انڈر 19 پلیئرز کی بھی رہنمائی کروں گا، مجھے سال میں 100 دن کام کرنا ہوگا، اس دوران ٹورز کرنے کے ساتھ کیمپس میں بھی خدمات انجام دوں گا، انھوں نے کہا کہ گزشتہ دورانیے میں میری کوچنگ سے عادل رشید سمیت دیگر اسپنرز کی بولنگ میں بہتری آئی تھی، اب بھی امید ہے کہ میں ان کی صلاحیتوں کو نکھار سکوں گا۔ یاد رہے کہ 40 سالہ ثقلین مشتاق نے 49 ٹیسٹ میں 208 اور 169 ون ڈے میں 288 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment