ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان جاری 4 ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے کالی آندھی ٹیم کو 6 وکٹ سے شکست دے دی ہے۔ 112 رنز کا ہدف 17 اعشاریہ 1 اوور میں پورا کرلیا۔ٹی 20 ڈیبیوکرنے والے شاداب خان مین آف دی میچ قرار دیےگئے۔
میچ میں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، جو بالکل درست ثابت ہوا اور مقررہ 20 اوورزمیں ویسٹ انڈیز صرف 111رنز بنا سکی۔ ٹیم کی جانب سے ویسٹ انڈیز کپتان کارلوس براتھویٹ 34 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔
پاکستان بولرز کی جانب سے شاداب خان نے 4اوورز میں 7 رنز کے عوض 3 وکٹ حاصل کیے۔ وہ پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل کھیل رہے تھے۔ عماد وسیم، حسن علی، وہاب ریاض اور سہیل تنویر نے 1،1 وکٹ لیے۔
ویسٹ انڈیز کے 112 رنز کےہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے بیٹسمین اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے ۔ صرف 49 کے اسکور پر پاکستان کے 3 بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔ ٹیم کی جانب سے شعیب ملک 38 ، بابر اعظم29 اور کامران اکمل 22 رنز کے اسکور کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔
کالی آندھی کے بولرز کی جانب سے جیسن ہولڈرنے 2، سیموئل بدری اور کارلوس براتھویٹ نے 1،1 وکٹ حاصل کیے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا اگلا ٹی20 میچ 30 مارچ کو پورٹ آف اسپین میں کھیلا جائے گا۔
اس میچ میں کامیابی کے ساتھ قومی ٹیم نے 0-1 کی برتری بھی حاصل کرلی ہے۔