اتوار, 24 نومبر 2024


ٹی ٹوئنٹی کپتان اہم سیریز کو چھوڑ کر آئی پی ایل کیلئے روانہ

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کیخلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کیلئے 13 رکنی ویسٹ انڈین اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا جس میں اوپننگ بیٹسمین کریگ براتھویٹ کو جگہ نہیں مل سکی جبکہ ٹی ٹوئنٹی کپتان کارلوس براتھویٹ نے عالمی کپ کیلئے کوالیفائی کرنے کے حوالے سے اہم سیریز کو چھوڑ کر آئی پی ایل کیلئے رخت سفر باندھ لیا جن کی جگہ روومین پاول کو اسکواڈ میں جگہ مل گئی ہے۔ فاسٹ بالر شینن گبرائیل انجری سے نجات کے بعد واپس آگئے ہیں جبکہ چیڈوک والٹن کو بھی دو ہزار چودہ کے بعد پہلی بار سیریز کے ابتدائی دو میچوں کیلئے قابل غور سمجھا گیا ہے۔ آل راؤنڈر جیسن ہولڈر ویسٹ انڈین ٹیم کے کپتان ہوں گے جن کو دیوندرا بشو، جوناتھن کارٹر، میگوئیل کمنز، شینن گیبرائیل، شائی ہوپ، الزاری جوزف، ایون لوئس، جیسن محمد، ایشلے نورس، کیرن پاول، روومین پاول اور وکٹ کیپر بیٹسمین چیڈوک والٹن کا ساتھ بھی حاصل ہوگا۔ چیڈوک والٹن پاکستان کیخلاف حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی تین میچوں میں بری طرح ناکام رہے لیکن فیصلہ کن معرکے میں انہوں نے 40رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر سلیکٹرز کو اپنی جانب متوجہ کر لیا۔ کریگ براتھویٹ کو ان کی ناکامی کے ساتھ ہی سست روی کے ساتھ بیٹنگ لے ڈوبی کیونکہ ویسٹ انڈین ٹیم انگلینڈ کیخلاف سیریز میں مقابلے سے بھرپور اسکورز نہیں کر سکی تھی۔ ایون لوئس کو پاکستان کیخلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 91 رنز کی فتح گر اننگز نے جگہ دلائی ورنہ وہ بھی انگلینڈ کیخلاف خاطر کواہ کھیل پیش نہیں کر سکے تھے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment