ایمزٹی وی (اسپورٹس)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میلہ آج سے سجنے کو تیار ہے جب کہ میزبان انگلینڈ اور بنگلا دیش کی ٹیمیں اوول لندن میں جمعرات کو مد مقابل ہوں گی۔ انگلینڈ اور بنگلا دیش گزشتہ دو سال کے دوران کارکردگی کے لحاظ سے نمایاں رہی ہیں اور دونوں ٹیموں نے ورلڈ کپ 2015 کے بعد شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بنگلا دیش نے پاکستان، جنوبی افریقہ اور بھارت کو ان کے ہوم گراﺅنڈ پر ہرایا جب کہ ورلڈ کپ 2015 میں پہلے ہی راؤنڈ میں آؤٹ ہونے والی انگلینڈ ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئیں اور ٹیم نے دو سال کے عرصے کے دوران بڑی بڑی ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا۔ میزبان اسکواڈ میں کپتان آئن مورگن، جیسن رائے، بین سٹوکس، جوئے روٹ، الیکس ہیلز، جونی بیئر اسٹو، معین علی، مارک وڈ، عادل رشید کرس ووئکس اور لیام پلنکٹ شامل ہیں جب کہ انگلش ٹیم ہوم کنڈیشنز کی وجہ سے فیورٹ ہے، دوسری جانب بنگلا دیش کے اسکواڈ میں تمیم اقبال، شکیب الحسن، محموداللہ، مشفیق الرحیم، مستفیض الرحمان، مشرفی مرتضیٰ، روبیل حسن اور مہدی حسن شامل ہیں۔ جمعے کو ایونٹ کا دوسرا مقابلہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایجبسٹن میں ہو گا جب کہ پاکستانی ٹیم اسی گراؤنڈ میں اتوار کو اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گی۔