ایمزٹی وی(اسپورٹس) دوسرے ٹیسٹ میں بھارتی کھلاڑیوں نے کئی ریکارڈ الٹ پلٹ کر رکھ دیے، بھارت کی مسلسل سیریز فتوحات کی تعداد 8 تک جا پہنچی۔ بھارت نے کولمبو میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کو ایک اننگز سے زیر کرکے پہلی بار سیریز بھی اپنے نام کرلی، یہ اس کی مسلسل آٹھویں سیریز کامیابی ہے جس کا آغاز 2015 کی سری لنکن سیریز سے ہی ہوا تھا، اب اس معاملے میں صرف آسٹریلیا ہی اس سے آگے ہے جس نے 2005 سے 2008 کے دوران مسلسل 9 سیریز جیتیں، انگلینڈ نے بھی 1884سے 1892 تک مسلسل 8 سیریز ہی جیتی تھیں۔
بھارت نے پہلی بار سری لنکا میں ایک اننگز سے کامیابی حاصل کی جبکہ سری لنکن ٹیم بھی 2000 کے بعد اپنے ہوم گراؤنڈز پر پہلی بار ایک اننگز سے شکست سے دوچار ہوئی، آخری مرتبہ گاہل میں پاکستان نے اسے اننگزسے مات دی تھی
مجموعی طور پر یہ اس کی اپنے ملک میں اس انداز کی ساتویں شکست ہے۔ یہ تیسرا موقع ہے جب ایک ہی ٹیم کے دوکھلاڑیوں نے ایک ہی میچ میں ففٹی بنانے کے ساتھ اننگز میں 5، 5 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہو، ایشون اور جڈیجا سے قبل یہ کارنامہ 2011 میں بھارت کے خلاف ٹرینٹ برج میں انگلینڈ کے ٹم بریسنن اور اسٹورٹ براڈ نے انجام دیا جبکہ پہلی مرتبہ ایسا 1895میں ہوا تھا جب ایڈیلیڈ میں انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا کے جارج گفین اور البرٹ ٹروٹ نے یہ اعزاز پایا تھا۔