پیر, 25 نومبر 2024


روایتی حریف بھارت سے سیریز کا امکان

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس )نجم سیٹھی قوم کو پھر بھارت سے سیریز کے سبز باغ دکھانے لگے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2 سال میں روایتی حریف ٹیمیں باہمی سیریز کھیلتی نظر آئیں گی۔ ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہاکہ 2سال میں پاک بھارت ٹیمیں باہمی سیریز کھیلتی نظر آئیں گی، اس وقت پڑوسی ملک میں غلط قسم کے لوگ اقتدار میں ہیں، وہ کرکٹ کے کندھے پر رکھ کر سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیاسی حالات بہتر ہونے پر کسی نیوٹرل وینیو پر روایتی حریفوں کے مقابلے ہوسکتے ہیں، پاکستان ٹیم بھارت میں جاکر بھی کھیل سکتی ہے، البتہ بلو شرٹس ہمارے ملک کا دورہ کرنے کیلیے تیار ہونے والی آخری ٹیم ثابت ہوں گے، اس سے قبل ہمیں دیگر تمام ٹیموں کی میزبانی کرکے راہ ہموار کرنا ہوگی۔ ایک سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ پوری کوشش ہوگی کہ میرے عہدے کی مدت ختم ہونے سے قبل بنگلا دیشی ٹیم بھی پاکستان میں سیریز کھیلنے کیلیے آئے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ لاہور میں ضمنی انتخاب کی مصروفیات کا ورلڈ الیون سے سیریز پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، شیڈول تبدیل کرنے کا مقصد یہی تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹرز کی میزبانی کا مرحلہ پہلے مکمل ہوجائے، ایئرپورٹ، ہوٹل اور اسٹیڈیم تک سفر کے انتظامات کیلیے پی ایس ایل فائنل جیسی منصوبہ بندی درکار ہے، ٹیموں کی سیکیورٹی فول پروف ہوگی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment