اتوار, 24 نومبر 2024


شعیب ملک کا نو جوان کرکٹرز کو مشورہ

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) ورلڈ الیون کیخلاف سیریز میں شعیب ملک نے نوجوان کرکٹرز کو اعصاب پر قابو رکھنے کا مشورہ دیدیا۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق قومی کپتان شعیب ملک نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پی سی بی نے بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلیے انتھک کوششیں کی ہیں، انھوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کا اسکواڈ مضبوط اورخاص طور پربیٹنگ لائن بہت اچھی ہے،ٹیم میں دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلنے والے بہترین کرکٹرز شامل ہیں

دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی فتح کے بعد پاکستان ٹیم کا مورال بھی بہت بلندہے، میزبان کرکٹرز قذافی اسٹیڈیم کی کنڈیشنز سے مانوس ہیں، انھوں نے نوجوان کھلاڑیوں کومشورہ دیا کہ وہ اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے صورتحال کے مطابق کھیل پیش کریں۔ آل راؤنڈر نے کہا کہ مجھے ہوم کراؤڈ کے سامنے کارکردگی دکھانے کا تھوڑا موقع ملا تھا،ملکی میدانوں پر کھیلنے کا مزا ہی الگ ہوتا ہے،یہاں پر پرفارم کرنے کے احساس کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔

نوجوان کھلاڑیوں کے پاس اچھا موقع ہے کہ وہ اپنے کراؤڈ کے سامنے پرفارم کرکے خود کو منوائیں، اس سیریز سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ 2023کی بات نہیں کرتا، اگلا میگا ایونٹ بھی دور کی بات ہے، فی الحال اپنی موجودہ کارکردگی پر توجہ مرکوز ہے، مکمل طور پر فٹ ہوں، پروفیشنل کا کام پرفارم کرنا ہے، جب تک فٹ ہوں کرکٹ کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھوں گا، ثانیہ مرزا ٹینس ٹورنامنٹس میں مصروف نہ ہوتیں تو ضرور سیریز کے میچز دیکھنے کیلیے پاکستان آتیں۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment