ایمزٹی وی(اسپورٹس)جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کی درخواست پر زمبابوے سے مجوزہ چار روزہ مقابلے کو آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ اسٹیٹس دینے کا فیصلہ کر لیا گیا،البتہ اسے بطور ’آزمائشی مشق‘ ہی تصور کیا جائے گا۔
پورٹ ایلزبتھ میں26 دسمبرسے شیڈول میچ پر پروٹیز بورڈ کی درخواست پر آئندہ ماہ آکلینڈ میں شیڈول آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں مزید غورکیا جائیگا، طویل فارمیٹ کو زیادہ متحرک اور پُرکشش بنانے کیلیے 4 روزہ تک محدود کرنے کی تجویز اس سے قبل بھی سامنے آچکی ہے، سردست تین گھنٹوں پر محیط ٹوئنٹی20 فارمیٹ دنیا بھر میں شائقین کی توجہ حاصل کیے ہوئے ہے،آئی سی سی کرکٹ کمیٹی ٹیسٹ میچز کی طوالت 5 سے4 روز کرنے کی حامی نہیں ہے، 2015 میں اسکی چیئرمین شپ انیل کمبلے کے ہاتھوں میں تھی، اس وقت انھوں نے چار روزہ ٹیسٹ میچز کی مخالفت کردی تھی، دوسری جانب آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی اور ٹاپ انتظامیہ چار روزہ ٹیسٹ کی حمایت میں آواز بلند کرچکی ہے۔
رواں برس جون میں کرکٹ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی دھیان کرکٹ نظام کو بہترکرنے پر ہے، ہم چار روزہ ٹیسٹ کا تجربہ کرنے کے مخالف نہیں ہیں، ماضی میں آئی سی سی سے وابستہ رہنے والے اور اب جنوبی افریقی بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہارون لورگاٹ بھی چار روزہ ٹیسٹ کے حامی ہیں، وہ ہائی رینکڈ ٹیموں کے زیریں درجوں پر موجود ممالک سے میچز کھیلے جانے کی بھی حمایت کرتے ہیں، انھوں نے کہاکہ مجھے پوری امید ہے کہ آزمائش کے بعد ہم اس پر آئی سی سی سے مستقل معاہدہ بھی کرنے میں کامیاب ہوجائینگے