ایمزٹی وی(اسپورٹس)مقبوضہ کشمیر میں مہندرا سنگھ دھونی کا ’’بوم بوم آفریدی‘‘ کے نعروں سے استقبال کیا گیا۔
بھارتی فوج کئی برسوں کے ظلم و تشدد کے بعد بھی کشمیریوں کے دل سے پاکستان کی محبت کو ماند نہیں کر سکی،انھیں جب بھی موقع ملتا ہے وہ اس محبت کا اظہار کچھ ایسے طریقے سے کرتے ہیں کہ بھارت اپنا سا منہ لے کر رہ جاتا ہے۔
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو اعزازی لیفٹینٹ کرنل کا عہدہ بھی دیا گیا ہے، اسٹار کرکٹر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے منعقد کی گئی چنار کرکٹ لیگ کے میچ میں بطور مہمان خصوصی آئے، اس موقع پر وردی میں ملبوس دھونی بہت خوش نظر آ رہے تھے لیکن ان کی یہ خوشی اس وقت رفوچکر ہو گئی جب نوجوانوں نے یک آواز ہو کر ’’بوم بوم آفریدی‘‘ کے نعرے لگانے شروع کر دیے، اس صورتحال پر بھارتی فوج بھی بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی، ایک فوجی اہلکار نوجوانوں کو آنکھیں دکھاتا اور انھیں پیچھے ہٹنے کی ہدایت کرتا بھی نظر آیا، مگر کشمیری نوجوانوں کے جذبے کے سامنے یہ سب بے بس نظر آئے اور فضا ’’بوم بوم، آفریدی‘‘ کے نعروں سے گونجتی رہی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال پر دھونی نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ صرف کھیل نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر کچھ ہے، اس سے اسٹیڈیمز بھرتے اور بورڈز کو بھاری آمدنی بھی حاصل ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ کھیل کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے لیکن بھارتی ٹیم کا معاملہ الگ ہے،دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ کی بحالی اب سیاسی اور سفارتی فیصلہ بن چکا، بہتر ہوگا کہ پاک بھارت کرکٹ کی بحالی کا فیصلہ حکومت پر چھوڑ دیا جائے، وہ جب اجازت دے تو کھیلنا چاہیے ورنہ دیگر میچز پر توجہ دی جائے۔