ایمز ٹی وی(اسپورٹس ڈیسک) زمبابوے کی قذافی اسٹیڈیم میں میزبانی کے دوران سیکیورٹی امور کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی کنٹرول روم بنایا جائے گا، آئی سی سی کے مبصرین کی آمد بھی متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق زمبابوے کیخلاف سیریز سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے جا رہے ہیں، زیڈ سی کا سیکیورٹی وفد انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے بدھ کو لاہور پہنچے گا،اس حوالے سے ایک اجلاس پیر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوا جس میں پنجاب حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں، قانوں نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں اور پی سی بی کے سیکیورٹی حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر اسٹیڈیم و اطراف میں موجود کیمروں، ممکنہ وسائل اور دیگر انتظامات پر غور کیا گیا، ذرائع کے مطابق پلان کو حتمی شکل دی جا چکی، مہمان وفدکی آمد پر بریفنگ دینے کے لیے فائل ورک بھی مکمل ہے۔
سیکیورٹی کو مانیٹر کرنے کے لیے ایک کنٹرول روم بنایا جائے گا جس میں خصوصی تربیت یافتہ عملہ آنے جانے والوں کی ایک ایک حرکت پر نظر رکھے گا، سیریز کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مبصرین کی آمد بھی متوقع ہے۔
چیئرمین پی سی بی شہریار خان بدھ کو بنگلہ دیش پہنچنے کے بعد نہ صرف ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے بلکہ میزبان بورڈ حکام کو زمبابوے سے سیریز کے میچز دیکھنے کی دعوت بھی دی جائے گی، اس کا مقصد بی سی بی کا پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اعتماد بحال کرنا ہے، یاد رہے کہ ماضی میں بنگلہ دیش نے کئی بار وعدوں کے باوجود خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ٹیم بھجوانے سے انکار کردیا تھا جس پر پاکستان نے ناراضگی کا اظہار کیا۔