اتوار, 24 نومبر 2024


بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستا ن آمد کا امکان

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس)پانچویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ میں بھارتی ٹیم کی پاکستان آنے کی امید روشن ہوگئیں۔
عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ 7سے21 جنوری 2018 تک پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائیگا۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب 7جنوری 2018 کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں بیک وقت ہوگی۔ عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ میں7 ممالک کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جس میں میزان پاکستان، بھارت، نیپال اور بنگلہ دیش، آسٹریلیا، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
پاکستان، بھارت، نیپال اور بنگلہ دیش اپنے، اپنے افتتاحی میچز پاکستان میں کھیلیں گے جبکہ آسٹریلیا، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں اپنے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلیں گی۔
عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ میں غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ 4 جنوری سے شروع ہوجائیگا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے مطابق ایونٹ کیلیے بھارت ، نیپال اور بنگلہ دیش کی ٹیموں نے اپنے اپنے کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا ہے ۔ بھارتی ٹیم نے ورلڈ کپ کی تیاری کیلیے تربیت کا آغاز کر دیا ہے۔
ورلڈ کپ میں بھارت، نیپال، بنگلہ دیش اور میزبان پاکستان اپنے میچز کا آغاز پاکستان سے کرینگے۔ ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے بنگلہ دیش کی ٹیم 4 جنوری 2018، نیپال5 جنوری اور بھارت کی ٹیم 6 جنوری2018 کو پاکستان کے دورے پر آئیں گے۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کا کہنا ہے کہ بھارتی35 رکنی وفد پانچویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ میں شرکت کیلیے پاکستان کے دورے پر آئینگے، پی بی سی سی بھارتی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ویزے کے حصول کیلیے متعلقہ دستاویزات وزارت داخلہ میں جمع کرا دی ہیں تاکہ کلیئرنس کے بعد ا ن کو ویزے جاری کیے جاسکیں۔
دوسری جانب ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر مہانتیش جی کے مطابق ایسوسی ایشن آف بلائنڈ کرکٹ آف انڈیا نے بھی ورلڈکپ میں شرکت کیلیے وزارت داخلہ اور خارجہ میں کیس جمع کرا چکا ہے تاکہ بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کیلیے این او سی جاری کیا جاسکے۔
مزید معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پانچویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کیلیے2کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل حکام کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو پانچویں عالمی بلائنڈ کرکپ کپ کیلیے متعلقہ وزارت کو2کروڑ روپے کے احکامات جاری کر دیے ہیں جس کی باضابطہ منظوری پنجاب کابینہ نے بھی دی ہے۔
حکام نے بتایا کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے بھی پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو پانچویں عالمی بلائنڈ کرکپ کپ کے لیے 2کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ دی تھی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے7جنوری کو لاہور میں ہونیوالے پانچویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کی افتتاحی تقریب کیلیے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو مدعو کیا ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment