ایمز ٹی وی(اسپورٹس) دورۂ نیوزی لینڈ میں فتح کا خواب آنکھوں میں سجائے قومی ٹیم آج اڑان بھرے گی۔
دورئہ نیوزی لینڈ کی تیاریوں کیلیے قومی کرکٹرز کا مختصر تربیتی کیمپ گزشتہ روز ختم ہوگیا، قومی ٹیم آج لاہور سے روانہ ہوگی، بگ بیش لیگ کیلیے آسٹریلیا میں موجود شاداب خان نیوزی لینڈ میں ہی اسکواڈ کو جوائن کریں گے جب کہ کراچی میں قائد اعظم ٹرافی فائنل میچ کھیل کر واپس آنے والے محمد حفیظ اور اظہر علی بھی ٹریننگ میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر کھلاڑیوں نے وارم اپ اور فیلڈنگ سیشن کے بعد بولنگ اور بیٹنگ میں بھی اپنی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کام کیا، بیٹسمینوں نے جارحانہ اسٹروکس کھیلے،امام الحق اور فخرزمان کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ میں طویل فارمیٹ کا میچ کھیل کر آنے والے محمد حفیظ اور اظہر علی نے بھی گیئر تبدیل کیا، شعیب ملک اور حارث سہیل ٹائمنگ بہتر بنانے کیلیے کوشاں رہے۔
کیوی کنڈیشنز کو سامنے رکھتے ہوئے باؤنسرز کا سامنا کرنے کی خصوصی مشق کرائی گئی، بولرز نے سیم اور سوئنگ میں مہارت بہتر بنانے کیلیے بولنگ کوچ اظہر محمود کی رہنمائی میں طویل اسپیلز کیے،اسپنرز محمد نواز اور حارث سہیل کو این سی اے کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد نے مفید مشورے دیے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلیے منتخب 15 رکنی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، عامر یامین اور رمان رئیس شامل ہیں،5ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ6جنوری کو ہوگا،بعد ازاں3ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز 22 جنوری کو ہونا ہے جب کہ کیوی کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے پاکستانی ٹیم کو قبل از وقت نیوزی لینڈ بھیجا جا رہا ہے جہاں ایک ہفتے کا کیمپ لگے گا۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کپتان سرفرازاحمد نے کہا کہ قومی ٹیم ردھم میں ہے، پلیئرز نیوزی لینڈکے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلیے پُرعزم ہیں،گرین شرٹس نے ٹیم ورک کی بدولت گزشتہ 9ون ڈے میچز میں اچھا پرفارم کیا،کیویز کیخلاف سیریز میں بھی پوری کوشش کریں گے کہ قوم کو مایوس نہ کریں۔ انھوں نے کہاکہ بولنگ ہمارا اہم ہتھیار رہی لیکن جنید خان، عثمان شنواری اور عماد وسیم کی انجریز سے ٹیم کو دھچکا لگا، امید ہے کہ دیگر بولرز بھی اچھا پرفارم کریں گے،محمد عامر، حسن علی اورعامر یامین غیرحاضر بولرز کی کمی پوری کریں گے جب کہ نیوزی لینڈ میں میچز کے دوران کنڈیشز دیکھ کر 4یا 5 بولرزکو کھلانے کا فیصلہ ہوگا۔
ایک سوال پرکپتان نے کہا کہ محمد حفیظ کی بولنگ پر پابندی لگنا بڑا نقصان تھا، امید ہے کہ پی سی بی کی ٹیم ایکشن کی اصلاح کیلیے کام کرکے انھیں کلیئر کرانے میں کامیاب ہوجائے گی، فی الحال درمیانی اوورز میں محمد حفیظ کی جگہ شعیب ملک سے بولنگ کرانے کا پلان بنایا ہے،ہم حارث سہیل کو آل راؤنڈر سمجھتے ہیں ان کی بیٹنگ زیادہ اچھی ہے، محمد نواز بولنگ آل راؤنڈر ہیں،ضرورت ہوئی تو دونوں کو بھی پلیئنگ الیون میں شامل کرسکتے ہیں،پچز دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ کیا کمبی نیشن بنانا ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ بیٹسمینوں میں شعیب ملک، محمد حفیظ اور بابر اعظم اچھی فارم میں ہیں،ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، آل راؤنڈرز بھی باصلاحیت اور فتوحات میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
کپتان نے کہاکہ ہماری ٹیم مثبت اور اٹیکنگ کرکٹ کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ میں جارحانہ کرکٹ نہ کھیلیں تو بولرز حاوی ہوجاتے ہیں، اوپنرز کو بتا دیا کہ وہ اپنا قدرتی کھیل پیش کرتے ہوئے بولرز پر اٹیک کریں، انھوں نے کہا کہ احمد شہزاد کو نظر انداز نہیں کیا گیا تاہم امید ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میں انھیں موقع ملے گا جب کہ گزشتہ سیریز میں ان کی کارکردگی بہتر نہ تھی جس کی وجہ سے امام الحق کو موقع دیا گیا، انہوں نے بتایا کہ نوجوان اوپنر اچھا پرفارم کر رہے ہیں، اس لیے احمد شہزاد کو آرام کرایا گیا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ کسی ملک کی ہوم کنڈیشنز پر کھیلنا مشکل ہوتا ہے لیکن فخر زمان کے سوا تمام کھلاڑی نیوزی لینڈ میں صلاحیتوں کا اظہار کرچکے ہیں،امید ہے کہ وہاں کھیلنے میں کوئی مشکل نہیں ہوگی، دعا ہے کہ بیٹسمین اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی نہ کرنا پڑے۔