کھیل کراچی اسلام آباد پی ایس ایل فائنل کراچی میں 9 سال بعد عالمی کرکٹ کی واپسی پر جشن کا سماں تھا۔ شہریوں کی بڑی تعداد سٹیڈیم اُمڈ آئی۔ سڑکیں‘ بازار سنسان‘ جگہ جگہ بڑی سکرینوں پر بھی میچ دیکھنے کے انتظامات کئے گئے۔ پی ایس ایل کے پُرامن انعقاد پر پاکستان اور کرکٹ جیت گئے جبکہ دہشت گردی ہار گئی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد اور اس میں بھرپور شرکت پر پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) حکومت قائد نوازشریف کے وعدے اور ویژن کے تحت قوم کی خوشیاں اسے واپس لوٹا رہی ہے، ملکی معیشت کی بحالی، امن کا قیام اور کھیلوں کا فروغ حکومتی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اتوار کو قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ملک میں پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد اور اس میں بھرپور شرکت پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائد محمد نواز شریف کے وعدے اور ویژن کے تحت قوم کی خوشیاں اسے واپس لوٹا رہی ہے‘ ملکی معیشت کی بحالی، امن کا قیام اور کھیلوں کا فروغ حکومتی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں سے ہمکنار کیا۔ کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد اس شہر بے مثال کے عالمی تشخص میں تبدیلی لائے گا۔ کراچی کے امن اور خوشیوں کی بحالی میں سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے ویژن، صوبائی حکومت کے تعاون، پاکستان کی مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والوں کا اہم کردار شامل ہے۔ پی ایس ایل نے پوری قوم کو ایک نیا جذبہ اور خوشی دی ہے، حکومت ان خوشیوں کو بڑھانے کے لئے اسی جذبے اور نیک نیتی سے کام کرتی رہے گی۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد شہر قائد کے پھر سے روشنیوں کا شہر بننے کی دلیل ہے۔ نواز شریف کا ملک سے اندھیرے مٹانے، امن کو بحال اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کا ایک اور وعدہ پورا ہو گیا۔ کراچی کی خوشیوں پر پوری قوم اور بالخصوص کراچی کی عوام کو مبارکباد دیتے ہیں۔ جس شہر میں خوف کے سائے منڈلاتے تھے اسی شہر میں لوگ جوق در جوق میچ دیکھنے آئے شہریوں کا جذبہ اور ولولہ لائق تحسین تھا۔ قوم کی لازوال قربانیاں شہر قائد میں امن کی بحالی اور خوشیوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کی آمد سے ملک میں کھیلوں کی سرگرمیاں فروغ پا رہی ہیں اور قوم کا جذبہ بڑھا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پورے ملک کو ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنارہی ہے کراچی کی خوشیوں پر پوری قوم اور بالخصوص کراچی کی عوام کو مبارکباد دیتے ہیں۔ اللہ تعالی میرے وطن پر یہ بہار اور اس کی خوشیاں سدا سلامت رکھے۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا پی ایس ایل فائنل روشنیوں کے شہر کراچی کے لئے مزید چمک کا باعث بنے گا۔ پی سی بی‘ غیر ملکی کھلاڑیوں ‘ انتظامیہ‘ سکیورٹی فورسز اور باہمت پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم قیام امن اور استحکام کی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا پی ایس ایل فائنل روشنیوں کے شہر کراچی کے لئے مزید چمک کا باعث بنے گا۔ پی ایس ایل فائنل کراچی میں مزید خوشیاں لارہا ہے۔ ہم پر مسلط کی گئی دہشت گردی ختم ہورہی ہے۔ قیام امن اور استحکام کی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کراچی میں لوگوں کو پی ایس ایل تھری انجوائے کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ امید ہے یہاں مزید کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ایک سال قبل پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کرنے کا وعدہ کیا تھا، اللہ کے فضل و کرم سے وہ وعدہ پورا کر دیا۔ انہوں نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جن کی مدد سے ایسا ممکن ہوا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا امید ہے یہاں مزید کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سمی بھی پاکستان کی ثقافت کے رنگ میں رنگ گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیرن سمی نے کرتا پہنے ایک تصویر شامل میڈیا ٹوئٹر پر شیئر کی اور لکھا کہ ثقافت کیلئے۔ ڈیرن سمی کی تصویر پوسٹ ہوتے ہی بے حد مقبول ہوئی جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔ ڈیرن سمی اردو بولنا بھی سیکھ گئے اور انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اردو زبان میں کہا کہ وہ بھی کراچی کی بریانی کے مداح ہیں۔ سیمی نے کہا کہ کراچی کی بریانی بیسٹ ہے۔ اسے کھا کر بہت مزہ آیا جبکہ انہوں نے کراچی کے شہریوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ علاوہ ازیں فائنل سے قبل پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں ڈیرن سمی اور دیگر کھلاڑیوں نے رقص کیا۔ ڈیرن سمی نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔ دوسری طرف شائقین کرکٹ کی اکثریت نے صبح سویرے سے ہی نیشنل سٹیڈیم کا رخ کیا جبکہ اس موقع پر شہر میں ہو کا عالم تھا اور سڑکیں بالکل سنسان تھیں۔ ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھی جو شائقین کرکٹ خوش قسمتی سے فائنل کا ٹکٹ لینے میںکامیاب رہے۔ انہوں نے نیشنل سٹیڈیم کا رخ کیا جبکہ جو شائقین فائنل کا ٹکٹ نہ لے سکے ان کیلئے کراچی کے مختلف علاقوں میں سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے نصب بڑی سکرینوں پر میچ دکھایا گیا۔ آرٹس کونسل میں پی ایس ایل فائنل ایئر تھیٹر لگا۔ سنٹرل جیل کراچی میں فائنل میچ کیلئے بڑی سکرین لگائی گئی۔ فائنل کے موقع پر شہر کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔ نیشنل سٹیڈیم کے اطراف میں کھلاڑیوں کے بڑے بڑے پوسٹر بھی آویزاں کئے گئے ہیں جبکہ عوام کی بڑی تعداد اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کی ٹی شرٹ پہنے سٹیڈیم کا رخ کرتی رہی جبکہ شائقین کرکٹ کی جانب سے اس موقع پر اپنی اپنی ٹیم کے حق میں نعرے بازی بھی دیکھنے میں آئی۔ سکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت تھے۔ نیشنل سٹیڈیم کا کنٹرول رینجرز نے سنبھال رکھا تھا۔ نیشنل سٹیڈیم کے اطراف کے روٹس پر بھی اہلکار تعینات تھے۔ پارکنگ ایریا میں بھی ایس ایس یو کے جوان تعینات تھے۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام کو مبارک باد دیتا ہوں۔ یہ کراچی کے عوام کے لیے تحفہ ہے اور امن کی جیت ہے یہ وہ شہرتھا کہ جہاں پہلے بھتے کی پرچیاںملتی تھیں آج پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ بک رہے ہیں۔ وہ کھیل کے میدان جو اجڑ چکے تھے اب آباد ہو رہے ہیں، پاکستان جیت رہا ہے کرکٹ جیتی ہے یہ عوام کی جیت ہے۔ پاکستان ابھر رہا ہے اس کے لیے پوری قوم کو مبارک باد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا انتخابات ملک کی تاریخ کے لیے بہت اہم ہیں پاکستان نے پچھلے پانچ سالوں میں جو اقتصادی ترقی کی ہے اس کے لیے بہت ضروری ہے کہ صاف شفاف انتخابات سے اقتدار کی منتقلی ہو، اگلے انتخابات میں اگر کسی قسم کے تنازعہ نے جنم لیا تو ہماری پانچ سال کی محنت پر پانی پھر جائے گا، ہم اپوزیشن کو دعوت دیتے ہیں کہ سب مل کر کسی نام پر اتفاق کریں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پی ایس ایل تھری کے فائنل میچ سے محظوظ ہونے کیلئے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم پہنچ گئے۔ وزیراعظم کی آمد پر گورنر سندھ محمد زبیر نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ساتھ سینیٹر مصدق ملک اور وزیر مملکت مریم اورنگزیب بھی تھیں۔ دریں اثنا پی ایس ایل کا جادو میدان سے نکل کر سینما ہال تک جا پہنچا ہے۔ کراچی کے بیشتر سینما گھروں میں فلموں کینہیں بلکہ کرکٹ میچ کی نمائش کی گئی۔ مار دھاڑ، رومانس کی جگہ سینما گھر چوکوں، چھکوں پر سیٹیوں سے گونجتے رہے۔ سینما گھروں میں ھی فائنل کے ٹکٹ وقت سے پہلے ہی فروخت ہوگئے۔ سینما مالکان کو مزید کرسیاں لگانے کی ضرورت پڑ گئی۔پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل میچ کا ٹاس دفاعی چمپئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ فائنل کے روز کراچی میں موسم کا پارہ چڑھ گیا اور سخت گرمی سے شائقین بے حال ہوگئے۔درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا۔ نیشنل سٹیڈیم میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور شائقین کو کئی جگہ سخت تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔ پی ایس ایل فائنل کے لیے 12 ہزار کا ٹکٹ خریدنے والے شائقین بھی پانی کی عدم دستیابی کا شکوہ کرنے لگے۔ شائقین کو باہرسے کھانے پینے کی چیزیں لانے کی اجازت نہیں تھی لیکن سونے پر سہاگا یہ کہ سٹیڈیم کے اندر بھی ٹھنڈا پانی دستیاب نہیںتھا۔شہر قائد کے فائیو سٹار دو اور تین ستارہ ہوٹلوں میں رہائشی کمروں کی بکنگ مکمل ہوگئی۔ ہزاروں شہری ٹکٹ خریدنے میں ناکام رہے، جبکہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مفاد پرست عناصر نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پر ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیشنل سٹیڈیم کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ’یہ ہمارا ایونٹ ہے جسے ہم کام یاب بنایا ہے اور پی ایس ایل فائنل کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور مقامی انتطامیہ کے درمیان رابطے کے فقدان کے سبب میچ کی کوریج کرنے والے میڈیا کو سکیورٹی اہلکاروں کے نامناسب سخت گیر رویے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو میلوں دور سے پیدل چل کر سٹیڈیم پہنچنا پڑا۔یہ صورتحال اس وقت مزید ابتر ہوگئی جب نیشنل سٹیڈیم کے مرکزی گیٹ پر رینجرز کے اہلکاروں نے صحافیوں کے لیپ ٹاپ، ریکارڈر اور کوریج کے لیے درکار دیگر آلات ساتھ لے جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا جس پر جب صحافیوں نے انھیں بتایا کہ اس کے بغیر کوریج ممکن نہیں تو ڈیوٹی پر مامور ایک افسر نے سخت لہجے میں جواب دیا ’اگر کوریج کرنی ہے تو سٹیڈیم کے سامنے واقع ْپل پر سے کرو۔انتظامیہ کی جانب سے مختص کردہ پارکنگ ایریاز سے شائقین کو شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم لایا گیا جب کہ پارکنگ ایریاز میں رش کے بعد پی سی بی نے نیشنل اسٹیڈیم کے گیٹ بند کرنے کا وقت بڑھا کر 5 بجے کے بجائے 7 بجے کردیا۔جس میں گلوکار علی ظفر، شہزاد رائے، آئمہ بیگ، فرحان سعید اور سٹنگز نے پرفارم کیا۔کراچی میں 9 سال بعد کرکٹ کی واپسی پر شہر بھر میں میلے کا سماںتھا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے فائنل کے لئے نیشنل اسٹیڈیم پر انتظامات کا فضائی جائزہ لیا۔پشاور زلمی کے سپن باؤلنگ کنسلٹنٹ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کی تیاریوں میں کراچی والوں نے لاہوریوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔صوبائی وزیر داخلہ سندھ پارکنگ انتظامات کا جائزہ لینے یونیورسٹی روڈ پہنچ گئے‘ شائقین نے کرکٹرز میں گلاب کے پھول تقسیم کیے۔ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے پی ایس ایل پارکنگ ایریاز کا دورہ کیا۔ پی ایس ایل فائنل کے شائقین نے سکیورٹی پر مامور پولیس اور رینجرز کے جوانوں کی ہمت اور حوصلے کی تعریف کی اور انہیں پھول پیش کیے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سٹیڈیم پر شائقین کی لائنیں بھی دیکھیں۔