جمعہ, 10 مئی 2024


جامعات میں تقرری کےاقدامات کا آغاز

 

ایمز ٹی وی (تعلیم / کراچی)عدالت عالیہ سندھ کے احکامات کی روشنی میں وزیراعلیٰ ہاوس نے صوبے کی تینوں جامعات جامعہ کراچی، جامعہ سندھ اور جامعہ ڈائو میں وائس چانسلرز کی تقرری کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

سندھ ہائیکورٹ حیدرآباد سرکٹ بنچ نے ڈاکٹر امداد اسما عیلی کی درخواست پر سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ تینوں جامعات میں ایک ماہ کے اندروائس چانسلرز تعینات کر دیئے جائیں۔

بنچ جسٹس صلاح الدین پنھور اور جسٹس خادم حسین تنیو پر مشتمل تھا۔ وزیراعلیٰ ہائوس کے ذرائع کے مطابق تینوں جامعات کے وائس چانسلرز کے لئے تلاش کمیٹی کی سفارشات کو حتمی شکل دیکر سمریاں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھیجی جارہی ہیں جس میں ہر جامعہ کیلئے تین تین نام وزیراعلیٰ کو بھیجے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ ایک نام کی منظوری دیں گے اور پھر یہ نام نوٹیفکیشن کے لئے گورنر سندھ کو بھجوا دئے جائیں گےا۔ تلاش کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں جامعہ کراچی میں ڈاکٹر خالد عراقی پہلے نمبر پر، ڈاکٹر اجمل دوسرے نمبر پر اور ڈاکٹر فتح برفت تیسرے نمبر پر ہیں۔

ڈائو میڈیکل یونیورسٹی میں تلاش کمیٹی نے ڈاکٹر سعید قریشی کو پہلا، ڈاکٹر عمر فاروق کو دوسرا اور ڈاکٹر امجد سراج میمن کا تیسرا نمبر دیا تھا البتہ اس سے قبل تلاش کمیٹی نے دوسرا نمبر ڈاکٹر نوشاد شیخ کو دیا تھا جنہیں ڈائو کا وائس چانسلر مقرر بھی کر دیا گیا تھا لیکن ڈاکٹر سعید قریشی عدالت چلے گئے اور عدالت نے ان کی تقرری کو غلط قرار دیدیا تھا۔

جامعہ سندھ میں تلاش کمیٹی نے جن تین ناموں کا انتخاب کیا ہے ان میں ڈاکٹر فتح برفت، ڈاکٹر صدیق کلہوڑو اور ڈاکٹر عبداللہ ڈایو شامل ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وزیراعلیٰ ہائوس کے قائم مقام سیکرٹری بورڈ وجامعات نوید شیخ جو چند روز بعد لمبی تربیت پر لاہور چلے جائیں گے تینوں جامعات کے وائس چانسلر کے لئے سمری نمبروں کے حساب سے ترتیب دیتے ہیں یا صرف حرف تہجی کے اعتبار سے کیونکہ سندھ یونیورسٹی کے نام حرف تہجی کے اعتبار سے وزیراعلیٰ سندھ کو بھیجے جائیں گے۔

واضح رہے کہ جامعہ کراچی گزشتہ سال 9 فروری سے، ڈاو یونیورسٹی 15 ستمبر 2015 سے اور سندھ یونیورسٹی گزشتہ سال مئی سے مستقل وائس چانسلرز سے محروم ہے ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment