ایمزٹی وی (صحت)سرخ مرچ ہمارے کھانوں میں عام استعمال ہوتی ہے جب کہ مغربی ماہرین اسے اپنے کھانوں میں زیادہ سے زیادہ استعمال کرانے کے خواہش مند ہیں کیونکہ اب اسے بھی ’سپرفوڈ‘ قرار دیا جارہا ہے۔ یونیورسٹی آف ورمونٹ کے ماہر مصطفیٰ شوپان ایک عرصے سے سرخ مرچ پر تحقیق کررہے ہیں اور ان کے سروے کے دوران جن افراد نے سرخ مرچ کا استعمال زیادہ کیا، ان میں دیگر افراد کے مقابلے میں ناگہانی موت کی شرح کم دیکھی گئی۔ مصطفیٰ شوپان کے مطابق سرخ مرچ میں موجود ایک اہم عنصر کیپسی سیئن بدن کے اندر جلن اور سوزش کو کم کرتا ہے۔ اس سے قبل کئی اہم مشاہدات میں دیکھا گیا ہے کہ سرخ مرچ امراضِ قلب کو دور کرتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ ذیابیطس کو قابو میں رکھنے اور وزن کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ بعض تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ کیپسی سیئن پروسٹیٹ کینسر کو پھیلنے سے روکتا ہے جو لال مرچ کا اہم جزو بھی ہے۔ ایک اور تحقیق سے انکشاف ہوا کہ سرخ مرچ عمر بڑھاتی ہے۔ غذائی ماہرین پسی ہوئی سرخ مرچوں کو صحت کے لیے بہت ضروری قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان میں وٹامن ای، وٹامن اے، فائبر، پوٹاشیئم اور دیگر اہم اجزا پائے جاتےہیں۔ اس کے علاوہ کیپسی سیئن جسم کے قدرتی دفاعی نظام کو بہتر بناتی ہے اور معدے کے زخم اور بدہضمی کو بھی دور کرتی ہے۔