Wednesday, 06 November 2024


ایک نابینا، ایک کے بازو نہیں، 12ہزار درخت لگا دیے

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) چین میں دو معذور دوستوں نے ماحول میں بہتری لانے کے لیے ایک ایسا کام کیا ہے جو بالکل تندرست افراد کے لیے بھی شاید اتنا آسان نہ ہو گا۔ اور یہ کارنامہ 12 ہزار پودے لگانا اور ان کی دیکھ بھال کر کے ان کو تناور درخت بنانا ہے۔ چین کے وسطی علاقے میں دریائے ’یے‘ (Ye) کا کنارا کبھی بالکل بنجر ہوتا تھا مگر اب وہاں 12 ہزار درخت لہلا رہے ہیں۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ یہ سب کچھ دو ایسے باغبان دوستوں کی وجہ سے ممکن ہوا، جن میں سے ایک بینائی جبکہ دوسرا بازوؤں سے محروم ہے۔ چینی صوبے ہیبائی سے تعلق رکھنے والے یہ دونوں دوست اپنے گاؤں کے قریب گزشتہ 13 برس سے دیودار کے درخت لگاتے رہے ہیں اور ان کی آبیاری کرتے رہے ہیں۔ ابتدا میں تجارتی مفاد کے لیے شروع کیے جانے والے اس کام کا مقصد وقت کے ساتھ ساتھ اپنے علاقے میں آب و ہوا کی صورتحال کو بہتر بنانا بن گیا، جس کے لیے انہیں مقامی حکام کا تعاون بھی حاصل ہو گیا۔ چین جیسے ملک میں، جہاں معذور افراد کے لیے نوکری تلاش کرنا آسان کام نہیں ہے، یہ کہانی ہے، دونوں بازوؤں سے محروم 53 سالہ جیا وینکی (Jia Wenqi) اور ان کے بینائی سے محروم 54 سالہ دوست جیا ہیکسیا (Jia Haixia) کی، جنہوں نے ماحولیات سے متعلق آگاہی کی ایک بے نظیر مثال قائم کی ہے۔ دریا کے کنارے پر خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران وینکی کا کہنا تھا، ’’یہ دریا کا کنارا کبھی بالکل خشک تھا اور یہاں ریت اور پتھر تھے۔ یہ کئی سالوں سے بنجر تھا۔ عام لوگوں کے لیے یہاں درخت لگانا ناممکن تھا۔ لیکن کہاوت ہے نا کہ ہمت کے سامنے کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔‘‘ ہر صبح جیا ہیکیسیا اپنے دوست جیا وینکی کے بازوؤں کے بغیر کندھوں پر ہاتھ رکھ کر گھر سے نکلتا ہے۔ دونوں دریا تک جاتے ہیں اور پھر نابینا دوست اپنے بازوؤں سے محروم ساتھی کو اپنی کمر پر سوار کر کے دریا کو کم گہرے پانی والے حصے سے عبور کر کے اس حصے تک پہنچتا ہے، جہاں انہوں نے درخت لگائے ہوئے ہیں۔ نابینا درخت پر چڑھ کر اس کی شاخیں کاٹتا ہے تاکہ ان کی تراشوں کو نئے پودوں کے طور پر بویا جا سکے۔ جیا وینکی اس دوران اپنے رُخسار اور کندھے کے درمیان بیلچا پکڑ کر زمین پر اُس جگہ رکھتے ہیں، جہاں گڑھا کھودنا ہوتا ہے اور اپنے پیروں کی مدد سے اسے زمین میں دبا کر مٹی نکالتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اپنے پیروں کی مدد سے دریا سے ایک بالٹی کی مدد سے پانی لا کر نئے لگائے گئے پودوں کو ڈالتے ہیں۔ بچپن کے ان دوستوں نے ملازمت نہ ملنے کے بعد 2002ء میں اپنا یہ کام شروع کیا تھا اور ابتدا میں انہوں نے سالانہ 800 درخت لگانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ پہلے برس خشک سالی کے باعث ان کے لگائے گئے تمام پودے سوکھ گئے۔ انہوں نے پھر کبھی اپنے اس کام سے پیسے نہیں بنائے بلکہ انہیں حکومت کی طرف سے معذور افراد کو ملنے والا مشاہرہ ملنا شروع ہو گیا جو کافی معقول ہے۔ تاہم انہوں نے اپنا یہ کام جاری رکھا اور اب وہ محسوس کرتے ہیں کہ ان کی زندگی کا ایک مقصد ہے اور وہ ہے ’مقامی آب و ہوا کو بہتر بنانا‘۔ جسمانی طور پر معذور مگر انتہائی پر عزم ان دوستوں کا ایسوسی ایٹد پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’درخت لگانے کے اس عمل سے شاید موجودہ نسل کو تو بہت زیادہ فائدہ نہ ہو، مگر یہ آنے والی نسل کے لیے ایک سبز ماحول ضرور چھوڑے گا۔‘‘ جیا ہیکسیا کا کہنا تھا، ’’ہم جسمانی طور پر معذوری رکھتے ہیں مگر ذہنی طور پر صحت مند ہیں۔ ہمارے دل میں یہ ایک بڑا خواب ہے کہ ہم اپنے بچوں کے لیے ایک سر سبز خطہ چھوڑ جائیں۔‘‘

Share this article

Leave a comment