Sunday, 06 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

تہران:ایران نے خلائی پروگرام میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے یوئےتحقیقی سیٹلائٹ چمران-1 کامیابی کے ساتھ لانچ کر دیا

ایران نےایک نیا تحقیقی سیٹلائٹ چمران-1 مدار میں چھوڑا جو ملک کے خلائی پروگرام میں ایک اہم کامیابی ہے۔

ایرانی خبر ایجنسی تسنیم نیوزکے مطابق تحقیقی سیٹلائٹ چمران-1 کو سیٹلائٹ کیریئر قائم-100 کی مدد سے لانچ کیا گیا چمران-1 سیٹلائٹ کو ایران الیکٹرانکس انڈسٹریز کے خلائی گروپ نے ایرو اسپیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور نجی ٹیک کمپنیوں کے تعاون سے ڈیزائن کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس کا بنیادی مشن آربیٹل مینیور ٹیکنالوجی ویلیڈیشن کے لیے ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر سسٹم کی جانچ کرنا ہے اس کے علاوہ دیگر مقاصد جیسا کہ خلائی نظام اور نیویگیشن کی کارکردگی کا جائزہ لینا بھی شامل ہے۔

تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کی ایرو اسپیس فورس کے ماہرین کی طرف سے تیار کردہ ٹھوس ایندھن سے چلنے والے قائم-100 کیریئر نے اپنے دوسرے مداری مشن میں چمران-1 سیٹلائٹ کو کامیابی کے ساتھ مدار میں لانچ کر دیا ہے۔

چیمپئینز ون ڈے کپ ٹورنامنٹ کیلئےپاکستان کرکٹ بورڈنے بونس پوائنٹس ترمیم کا اعلان کردیا۔

فیصل آباد میں کھیلے جارہے چیمپئینز ون ڈے کپ کیلئے نئی پلیئنگ کنڈیشنز کا مقصد ایونٹ کو سنسنی خیز بنانا اور شائقین کرکٹ کی دلچپسی کو برقرار رکھنا ہے۔

ترمیم شدہ بونس پوائنٹس اب وکٹوں یا رنز کے مارجن کے بجائے نیٹ ریٹ کی بنیاد پر ٹیموں کو دیے جائیں گے۔ایک رن فی اوور کے رن ریٹ پر 1 بونس پوائنٹ۔

دو رنز فی اوور کے رن ریٹ پر 2 بونس پوائنٹس۔
فی اوور تین رنز کے رن ریٹ پر 3 بونس پوائنٹس۔

ترجمان پی سی بی کا اپنے وضاحتی بیان میں کہنا ہے کہ یہ تبدیلی میچز اور ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے بنانے کیلئے عمل میں لائی گئی ہے۔مزید برآں، نئی شرائط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کوئی میچ اننگز مکمل کیے بغیر ختم یا منسوخ ہوجاتا ہے تو کسی بھی ٹیم کو کوئی پوائنٹ نہیں دیا جائے گا۔

ٹیمیں درج ذیل شرائط کے تحت بونس پوائنٹس بھی حاصل کرسکتی ہیں
ایک اننگز میں 350 رنز بنانے پر 1 بونس پوائنٹ۔
375 رنز تک پہنچنے کیلئے 2 بونس پوائنٹس۔
پہلے پاور پلے کے دوران 3 وکٹیں لینے یا 80 رنز بنانے پر ایک بونس پوائنٹ۔

کراچی: سونے کی قیمت ایک بار پھر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 11ڈالر کے اضافے سے 2577ڈالر کی سطح پر آ گئی۔

دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمت آج پھر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ہفتے کے روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 400 روپے کے اضافے سے 266300روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی۔ اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 343روپے کے اضافے سے 228308 روپے کی بلند سطح پر آگئی۔

سونے کی قیمتوں میں اضافے کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2950روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2529.14روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت ہوم اکنامکس گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

ناظم امتحانات زرینہ راشد نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہوم اکنامکس گروپ کے امتحانات میں 249 طالبات نے رجسٹریشن حاصل کی، 244 طالبات امتحانات میں شریک ہوئیں جس میں سے 152 طالبات کامیاب قرار پائیں،اس طرح کامیابی کا تناسب 62.30 فیصد رہا۔

نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

ممبئی: بالی ووڈ کے مقبول سنگر اور ریپر بادشاہ نےانکشاف کیا ہےکہ ان کےپاس جاگرز کے 1000 جوڑے ہیں۔

بھارتی چینل کو انٹرویو میں بالی ووڈ سنگر بادشاہ سے جب سوال کیا گیا کہ سنا ہے آپ کے پاس جاگرز کے 500 جوڑے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ آپ نے غلط سنا ہے۔ میرے پاس 500 نہیں جاگرز کے 1000 جوڑے ہیں۔ میں ان جوڑوں میں سے صرف چند ہی پہنتا ہوں باقی میرے کلیکیشن کا حصہ ہیں۔

بادشاہ کا مزید کہنا تھا کہ میرے پاس مہنگے برانڈ کے کے جاگرز کے جوڑے کی قیمت 22 لاکھ روپے ہے۔ یہ جاگرز میں نے اب تک پہنے نہیں ہیں۔ جس دن مجھے گریمی ایوارڈ ملا تو اس تقریب میں 22 لاکھ کے جاگرز پہن کر جاؤں گا۔ میں کبھی بھی 22 لاکھ روپے کے جاگرز خریدنے کے حق میں نہیں ہوں لیکن جس وقت میں نے یہ خریدے اس وقت ان کی قیمت تقریبا 6 لاکھ تھی جو بڑھتے بڑھتے 22 لاکھ تک پہنچ گئی۔

بالی ووڈ سنگر نے کہا کہ کچھ لوگ اسی مقصد کے لیے برانڈڈ جوتے ، گھڑیاں اور دیگر قیمتی چیزیں خریدتے ہیں تاکہ قیمت بڑھنے پر انہیں مہنگے داموں فروخت کرسکیں لیکن میں اپنے شوق کے لیے جوتے ، گھڑیاں اور دیگر چیزیں خریدتا ہوں۔

بادشاہ کا کہنا تھا کہ میرے پاس مہنگی گاڑیوں کا بھی کلیکشن ہے جس میں 8 کروڑ کی رولز رائز بھی شامل ہے تاہم میرے لیے سوئفٹ یا انووا سے اچھی کوئی گاڑی نہین۔

پنجاب : پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نےرواں سال کے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ کی تاریخ کااعلان کر دیا۔

پی ایم ڈی سی کے ترجمان نے بتایا کہ ملک بھر میں رواں سال ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 22 ستمبر کو ہوگا۔

جبکہ رواں سال1 لاکھ 67 ہزار 77 امیدوار ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دیں گے، جس کی ذمے داری ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو دی گئی ہے۔

پی ایم ڈی سی کے ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ این ای ڈی اور ڈائو یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں لیا جائے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ سندھ بھر سے 38 ہزار امیدوار ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں حصّہ لیں گے جن میں 13 ہزار کراچی کے امیدوار بھی شامل ہیں۔

ممبئی: آسام پولیس نے آن لائن اسٹاک ٹریڈنگ کے نام پر 2200 کروڑ روپے کے فراڈ میں معروف فلم اسٹار اور کوریوگرافر سومی بورا اور ان کے فوٹوگرافر شوہر تارکک بورا کو گرفتار کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک بہت بڑا مالیاتی فراڈ ہے جس میں ہزاروں افراد کو نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ فراڈ سکیورٹی اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (SEBI) کے ساتھ رجسٹریشن کے بغیر کیا جا رہا تھا، جس کے تحت یہ تمام لین دین غیر قانونی ہیں۔

اداکارہ سومی بورا اور ان کے شوہر کی گرفتاری کے بعد مزید لوگوں کی گرفتاری کا امکان ہے۔

گرفتاری کے بعد ایک ویڈیو پیغام میں سومی بورا نے ان الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس فراڈ میں ملوث نہیں ہیں اور ان کے خلاف ‘میڈیا ٹرائل’ کیا جا رہا ہے۔

ریاستی پولیس کے سربراہ گیانیندر پرتاپ سنگھ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کہا ہے کہ ’ان کا کھیل اب ختم ہوا۔‘

وفاقی دارالحکومت میں شدید بارش اور موسم کی خرابی کی وجہ سےاسلام آباد ائیرپورٹ کا فلائٹ آپریشن شدیدمتاثر ہوگیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق صبح سویرے اسلام آباد پہنچی 3 غیر ملکی پروازیں لینڈ نہ کر سکیں جنہیں لاہور اتارا گیا جبکہ اسلام آباد آنے اور جانے والی 20 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کا بتانا ہے کہ کویت سے اسلام آباد کی غیرملکی پرواز ، شارجہ اسلام آباد سے نجی ائیرلائن کی پرواز اور پی آئی اے کی جدہ سے اسلام آباد کی پرواز کو لاہور لینڈ کرایا گیا، پی آئی اے نے مسافروں کو متبادل ذرائع سےاسلام آباد بھیجا جبکہ دیگر 2 پروازیں موسم کی خرابی پر لاہور سے ٹیک آف کر کے اسلام آباد پہنچیں۔

ادھر ابوظبی، دمام، القسیم سے اسلام آباد کی پروازوں کی آمد میں اور اسلام آباد سے دبئی، جدہ، ابوظہبی، استنبول، بحرین، گلگت، اسکردو اور دیگر 15 پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد بیچنگ کی پرواز ڈھائی گھنٹے تاخیر سے شام 7:30 بجے ،اسلام آباد دبئی کی پرواز 8 گھنٹے تاخیر سے 9:30 بجے جائے گی۔

خراب موسم کے باعث ملتان سے شارجہ کی2 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ آپریشنل وجوہات کی بنا پر لاہور سے شارجہ کی نجی ائیر لائن کی پرواز کی روانگی میں 9 گھنٹے، لاہور سے کراچی کی نجی ائیرلائن کی پرواز میں سوا 3 گھنٹے اور پشاور سے ابوظبی کی پرواز 7 گھنٹے تاخیر سے شام 6 بجے جائے گی۔

امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن یوکرین جنگ نہیں جیت سکیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم سرکیئراسٹارمر نے وائٹ ہاؤس آکر امریکا کے صدر جوبائیڈن سے ملاقات کی۔

اس موقع پر صدرجوبائیڈن کا کہنا تھا کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن یوکرین جنگ نہیں جیت سکیں گے جبکہ میں پیوٹن کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتا۔

دوسری جانب برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ سے متعلق آئندہ چند ہفتے اورمہینے اہم ہوسکتے ہیں، امریکا سے خصوصی تعلق مضبوط کیا جائےگا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا کی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا تھا کہ وائٹ ہاؤس نے واضح کردیا ہے کہ یوکرین پر اس بات کی پابندی برقرار ہے کہ وہ روس کے اندرونی علاقوں تک مار کرنے کی صلاحیت کے حامل امریکی میزائلوں سے حملے نہ کرے، اس معاملے پر امریکی پالیسی تبدیل نہیں ہوئی اور نہ ہی وہ اس میں فی الحال تبدیلی کی توقع رکھتے ہیں۔

امریکی وضاحت پر روس کے صدارتی ترجمان نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نتائج سے خبردار رہنے سے متعلق صدر پیوٹن کا پیغام متعلقہ پتے پر پہنچ گیا ہے۔

عالمی ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) نے منکی پاکس کی پہلی ویکسین کی منظوری دے دی۔

خبرایجنسی کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے منکی پاکس کی پہلی ویکسین ایم وی اے، بی این کی منظوری دی ہے اور منکی پاکس کی ویکسین 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو 4 ہفتوں کے فرق سے 2 خوراکوں میں دی جا سکے گی۔

خبرایجنسی کا بتانا ہےکہ منظور شدہ ویکسین وائرس کے خلاف ایک خوراک کے بعد 76 فیصد اور 2 خوراکوں کے بعد 82 فیصد مؤثر ہے۔

واضح رہےکہ عالمی ادارہ برائے صحت منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمرجنسی قرار دے چکا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق منکی پاکس 121 ممالک میں پھیل چُکا ہے، رواں سال 500 افراد اس سے ہلاک ہوچکے ہیں، ہائی رسک گروپس اور کمزور قوتِ مدافعت والے افراد میں منکی پاکس کی شرحِ اموات 10فیصد تک ہو سکتی ہے۔

پاکستان میں منکی پاکس وائرس کے 5 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جو مختلف ممالک سے سفر کرکے آنے والوں میں پائے گئے ہیں۔

Page 13 of 2383