Sunday, 06 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

پشاور: پشاورانسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی جدید ترین طریقے سے دل کا علاج کرنے والا جنوبی ایشیا کا پہلا ادارہ بن گیا۔

پی آئی سی کو ایک اور اعزاز حاصل ہوگیا جس کے مطابق ادارے میں امراض قلب کا بین االاقوامی جدید طریقہ علاج کامیابی سے متعارف کرا دیا گیا ہے۔ پی آئی سی میں دِل کا دورہ پڑنے کے بعد دل کے بروقت علاج اور مزید نقصان سے بچانے کے لیے تھیراکس ڈیوائس کا کامیاب پروسیجر کیا گیا۔

ترجمان پی آئی سی رفعت انجم کے مطابق پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) سپر سیچوریٹیڈ آکسیجن طریقے سے دل کاعلاج کرنے والا جنوبی ایشیا کا پہلا ادارہ بن گیا ہے۔ پی آئی سی میں 3 روز میں 5 کامیاب آپریشن کیے گئے ہیں، جن میں 3 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔

سربراہ کارڈیالوجی اور پی آئی سی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عابد اللہ کے مطابق متاثرہ مریض کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد اس طریقہ علاج کو استعمال کیا جاتا ہے۔ سپر سیچوریٹیڈ آکسیجن میں تھیراکس مشین کے ذریعے مریض کے دل کی چھوٹی شریانوں کو ہائی مقدار میں آکسیجن فراہم کی جاتی ہے۔

کارڈیالوجسٹ اور آپریشن ٹیم کے رکن ڈاکٹر علی رضا نے بتایا کہ ہارٹ اٹیک سے دل کے کمزور ہونے کا خطرہ موجود ہوتا ہے۔ اس طریقہ علاج سے امید ہے کہ دل کی صحت اور دل کے پٹھوں کی کمزوری کا خطرہ کم کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس او ٹو طریقہ علاج ترقی یافتہ ممالک میں باقاعدگی سے استعمال کیا جاتا ہے

بیروت: اسرائیل کی جانب سے لبنان کے شہروں پر جاری خوفناک بمباری اور تقریباً 500 افراد کی ہلاکت کے بعد ہزاروں لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات کی تلاش میں نکل پڑے ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیل لبنانی دارالحکومت بیروت سمیت مختلف شہروں پر گزشتہ دو دنوں میں سینکڑوں فضائی حملے کرچکا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 490 افراد جاں بحق ہوچکے جب کہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق شہری آبادیوں پر اسرائیلی حملوں کے بعد اب لبنان کے لوگ گھروں کو چھوڑ کر ہجرت کرنے پر مجبور ہیں، ہزاروں لوگ محفوظ علاقوں کی طرف جارہے ہیں جس کے سبب دارالحکومت بیروت کی سڑکوں سمیت لبنان کے مختلف ہائی ویز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔

لبنانی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز سرحدی علاقوں میں مقیم افراد کو ان کے موبائل پر نامعلوم نمبروں سے میسج موصول ہوئے جن میں کہا گیا تھا کہ وہ حزب اللہ کے ٹھکانوں یا ایسی جگہوں جہاں حزب اللہ کے لوگ ہیں وہاں سے دور نکل جائیں۔

لبنانی میڈیا کا بتانا ہےکہ ممکنہ طور پر لبنانی شہریوں کو یہ پیغامات اسرائیل کی طرف سے موصول ہوئے ہیں۔

بالی ووڈ کی فلم ’استری 2‘ نے ہندوستانی باکس آفس پر 600 کروڑ روپے کا ناقابلِ یقین سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

ڈائریکٹر امَر کوشک کی ہارر کامیڈی، جس میں راجکمار راؤ اور شردھا کپور مرکزی کرداروں میں ہیں، اب باکس آفس کی تاریخ میں پہلی ہندی فلم بن گئی ہے جس نے یہ سنگ میل عبور کیا۔

فلم تجزیہ کار ترن آدرش نے سوشل میڈیا پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ’یہ 600 کروڑ پار کر چکی ہے… ‘استری 2نے تاریخ رقم کر دی ہے، پہلی ہندی فلم کے طور پر جس نے یہ سنگ میل حاصل کیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میٹروز سے لے کر نان میٹروز، ملٹی پلیکس سے سنگل اسکرینز، شہری مراکز سے بڑے عوامی بازاروں تک، ‘استری 2ہر جگہ جیت رہی ہے۔‘

ترن آدرش نے ’استری 2‘ کی ریلیز کے بعد سے ہفتہ وار باکس آفس کا تجزیہ بھی پیش کیا

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان رواں ہفتے ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے شان مسعود ہی ٹیم کی قیادت کریں گےجبکہ قومی ٹیم 2 اکتوبر کو ملتان میں رپورٹ کرے گی۔

مہمان انگلینڈ کی ٹیم بھی اسی روز ملتان میں لینڈ کرے گی، انگلینڈ کی ٹیم کا 3 اکتوبر کو ریسٹ ڈے رکھا گیا ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کا 3 اکتوبر کو پہلے ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی۔

ذرائع کے مطابق بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے والی ٹیم میں 3 سے 4 تبدیلیاں متوقع ہیں۔لاہور میں کنکنشن کیمپ کے بعد ریڈ بال ٹیم کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی فیصل آباد میں پہنچ گئے ہیں، سلیکشن کمیٹی کے ارکان محمدیوسف اور اسد شفیق بھی پہلے سے وہاں چیمپئنز کپ میں قومی کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ لے رہے ہیں، سلیکشن کمیٹی کےنان ووٹنگ ممبرز بھی وہاں موجود ہیں۔سلیکشن کمیٹی ارکان، کپتان اور ہیڈکوچ کے ساتھ مشاورت کے بعد ممکنہ کھلاڑیوں کی لسٹ کو فائنل کریں گے۔

چیمپئینز کپ کا فائنل اتوار کو شیڈول ہے، اس سے پہلے پی سی بی سربراہ کی منظوری کے ساتھ قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا جائے گا۔
پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے کھیلاجانا ہے، دوسرا ٹیسٹ 15 اکتوبر کو ملتان میں ہی ہوگا جبکہ تیسر اور آخری ٹیسٹ 24 اکتوبر کو راولپنڈی میں طے ہے۔

اسرائیلی فوج کی لبنان میں وحشیانہ بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت 492 افراد شہید اور 1600 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں اسرائیلی فوج نے اندھا دھند بم برسا دیے جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

لبنان کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد 492 ہو گئی ہے جبکہ 1600 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے درجنوں کی حالت نازک ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق بیروت میں ہونے والے فضائی حملے میں حزب اللہ جنوبی ریجن کے کمانڈرعلی کرکی شہید ہوئے۔ لبنان میں ہونے والی فضائی کارروائیوں میں 58 خواتین، 36 بچے اور 2 پیرامیڈیکس اسٹاف اور 2 طالبات بھی شہید ہوئیں ہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائی کارروائیوں کے بعد متاثرہ علاقے ملبے کا ڈھیر بن گئے جبکہ وہاں سے سیکڑوں شہریوں نے نقل مکانی شروع کردی۔خیال رہے کہ آج صبح ہی اسرائیلی فوج نے لبنانی شہریوں کو ٹیکسٹ میسیجز بھیجے تھے جس میں انھیں حزب اللہ کے زیر استعمال گھروں اور عمارات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔حملوں سے قبل سائرن بھی بجائے گئے اور پھر آسمان سے ہر جانب سے بم معصوم شہریوں پر گرنے لگے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

راولپنڈی: اساتذہ کو سرکاری اسکولز کی نجکاری خلاف احتجاج کرنا مہنگا پڑگیا۔

محکمہ تعلیم نے ایکشن لیتے ہوئے پنجاب ٹیچرز یونین، ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن کے صدور اور سیکرٹریز معطل کردیا اور پنجاب ٹیچرز یونین، پنجاب ایجوکیٹر ایسوسی ایشن کے صدور، جنرل سیکرٹریز کو شوکاز نوٹسز بھی جاری کردیے۔

قاضی عمران، ملک امجد، اخیان گل، راجہ تیمور اختر سمیت دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز ہوگیا۔

اساتذہ نے احتجاجا آج اسکولز کی تالا بندی کردی۔ اساتذہ کی ہڑتال سے تمام سرکاری اسکولوں میں تدریسی نظام مکمل بند ہوگیا۔

چیف ایگزیکٹو ایجوکیشن اتھارٹی نے اساتذہ کو وارننگ دی ہے کہ فوری ہڑتال احتجاج ختم کر کے تدریس شروع کی جائے۔

ادھر اساتذہ تنظیموں کا کہنا ہے کہ اسکولوں کی نجکاری قبول نہیں کریں گے۔ اساتذہ نے گرینڈ ٹیچرز الائنس کا اجلاس طلب کرکے سخت احتجاج کا نیا لائحہ عمل جاری کرنے کا اعلان کردیا۔

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج آج پھر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

پیر کو کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھنے کو ملا اور کاروبار کے آغاز سے ہی انڈیکس میں اضافہ ہوا۔

کاروبار کےآغاز پر 100 انڈیکس 82353 پر تھا تاہم کاروبار کے دوران انڈیکس میں 279 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور 100 انڈیکس 82463 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

گزشتہ ہفتے آخری کاروباری دن پر 100 انڈیکس 615 پوائنٹس کے اضافے سے 82 ہزار 74 پوائنٹس پر بند ہوا تھا اور انڈیکس نے اپنی تاریخی بلند ترین سطح کو مزید 368 پوائنٹس بڑھا کر کے 82 ہزار 372 کیا۔

کرچی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں سونے کی قیمت میں کمی ہوئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 600 روپے کمی ہوئی ہے جس کے بعد پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 71 ہزار 900 روپے ہوگئی ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کا بھاؤ 471 روپے کمی سے 2 لاکھ 33 ہزار 110 روپے ہے۔

دوسری جانب عالمی صرافہ میں سونے کا بھاؤ 5 ڈالر کمی کے بعد 2 ہزار 617 ڈالر فی اونس ہے۔

پنجاب کی متعدد جامعات میں وائس چانسلرز کی عدم تعیناتی کی وجہ سے شدید انتظامی اور مالی بحران پیدا ہو چکا ہے۔

یونیورسٹی اساتذہ کی نمائندہ تنظیم فپواسا پنجاب کے صدر ڈاکٹر خاور نوازش نے اپنے بیان میں اسے حکومتی بے حسی کے مترادف قرار دیتے ہوئے احتجاج کا عندیہ ظاہر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کو اقتدار میں آئے چھ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن اعلیٰ تعلیمی اداروں کی سنگین صورتحال کے حل کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔

وزیرِ اعلی اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ پنجاب کی پچیس جامعات ایک طویل عرصے سے وائس چانسلر کے بغیر کام کر رہی ہیں جس سے جامعات کے بجٹ، داخلے ، اور پالیسی سازی کے اہم معاملات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جون کے آغاز پر نئے وائس چانسلرز کی تعیناتیوں کے لیے درخواستیں طلب کی گئیں ، تین ماہ کا عرصہ گزر گیا لیکن تعیناتیوں کا عمل مکمل نہیں ہو سکا۔ پنجاب یونیورسٹی، بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی، اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور سمیت کئی جامعات کے نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوریاں وائس چانسلرز نہ آنے کی وجہ سے نہیں ہو سکیں۔

ممبئی: بالی ووڈ اسٹار عامر خان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم فیڈریشن آف انڈیا نے اعلان کیا کہ فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ کو آسکر ایوارڈز 2025 میں انٹرنینشل فلم کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ عامر خان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ کو 12 ہندی فلموں، 6 تامل اور 4 ملیالم فلموں میں سے منتخب کیا گیا ہے۔

کرن راؤ کا کہنا تھا کہ مجھے اُمید ہے کہ آسکر ایوارڈز کی انتظامیہ فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ پر غور کرے گی اور یقیناََ سب سے اچھی فلم کو منتخب کیا جائے گا۔

فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ بپلاب گوسوامی کی ایک ایوارڈ یافتہ کہانی پر بنائی گئی ہے جس میں پرتیبھا رانتا، سپارش شریواستو، اور نیتانشی گوئل نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔

فلم میں ایک ایسے شخص کی کہانی بیان کی گئی ہے جس کی دلہن ٹرین سفر کے دوران گم ہوجاتی ہے جب وہ گھونگھٹ کی وجہ سے پہچان نہ پانے پر دوسری دلہن کو ساتھ گھر لے آتا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال یکم مارچ کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی فلم ‘لاپتہ لیڈیز’ کو عامر خان، کرن راؤ اور جیوتی دیشپانڈے نے پروڈیوس کیا۔

Page 9 of 2383