Sunday, 06 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

اسکواڈ کے اعلان کے بعد ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی تجویز پر منتخب کھلاڑیوں کو چیمپئنز ون ڈے کپ کے پلے آف سے دستبردار کردیا گیا ہے تاکہ انہیں سیریز سے قبل کچھ آرام مل سکے۔

اسکواڈ پیر 30 ستمبر کو ملتان میں جمع ہوگا جہاں تربیتی کیمپ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جبکہ سعود شکیل نائب کپتان ہوں نگے۔

اسکواڈ میں عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، میر حمزہ ، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی بھی شامل ہیں.15 ٹیسٹ میچوں میں 47 وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی نے فاسٹ بولر خرم شہزاد کی جگہ لی ہے جو انجرڈ ہیں۔ٹیسٹ میچ کا آغازملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی کڑی شرائط پوری کردی ہیں۔

امریکا میں پائیدار ترقی کے اہداف ایس ڈی جی موومنٹ کے حوالے سے مباحثے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دوست ممالک چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے تعاون پرشکرگزار ہیں۔ پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کی کڑی شرائط پوری کردیں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں تعلیم کےشعبےمیں انقلابی اقدامات کیے۔ معاشرےکےمحروم طبقےکیلیےپنجاب انڈومنٹ فنڈکااجراکیا جبکہ تعلیم کےفروغ کیلیےدانش اسکول کا قیام عمل میں لایاگیا۔ طلبا کو ہنرمند بنانے کے لیے ووکیشنل ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث 2022 میں پاکستان کو تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔ سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے خاطرخواہ اقدامات کیے۔ پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں جوکہ بڑا چلینج ہے۔

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ حصہ دوم سائنس پری میڈیکل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے نتائج کا اعلان آج کیا جائےگا۔

نتائج اعلان کے فوری بعد بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیئے جائیں گے۔

طلباء اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ کے ذریعہ بھی معلوم کرسکتے ہیں۔اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

چیئرمین سید ذوالفقار علی شاہ نے اس موقع پر بتایا کہ انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس کے نتائج کے اعلان کے بعد پوزیشن ہولڈرز طلباء کے اعزاز میں بڑی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں طلباء کے ساتھ والدین، اساتذہ اور میڈیا کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

لاہور: پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز نے لاہورسمیت پنجاب بھرمیں کلاس فرسٹ ایئر(انٹرمیڈیٹ پارٹ ون/ گیارہویں جماعت)سال 2024-26 میں انرولمنٹ وداخلہ کے آن لائن شیڈول میں توسیع کردی

اور اس سلسلہ میں تمام بورڈز کے چیئرمینز کو بھی سرکلر کے ذریعے آگاہ کردیا۔

سیکرٹری پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمینزرضوان نذیر کے مطابق طلبہ وطالبات اب گیارہویں جماعت میں بغیر لیٹ فیس 30 ستمبر تک داخلہ حاصل کرسکتے ہیں جبکہ 600 روپے لیٹ فیس کے ساتھ یکم سے 20 اکتوبر تک داخلہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

پاکستان میں سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونےکا بھاؤ 1100 روپے اضافے سے 2 لاکھ 73 ہزار روپے ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں یہ سونےکی بلند ترین سطح ہے۔

10 گرام سونےکا بھاؤ 943 روپے اضافے سے 2 لاکھ 34 ہزار 53 روپے ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی بازار میں سونےکا بھاؤ 11 ڈالر اضافے سے 2 ہزار 628 ڈالر فی اونس ہے۔

 

وفاقی حکومت کی جانب سے 200 یونٹ تک کا 3 ماہ کا ریلیف 30 ستمبر سے ختم ہو جائے گا۔

ذرائع کے مطابق یکم اکتوبرسے ماہانہ200 یونٹ تک صارفین کا بنیادی ٹیرف فی یونٹ 7.12 تک بڑھ جائےگا۔

ذرائع نے بتایاکہ 100 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف 7.11 روپے بڑھ کر 23.59 روپےہوجائے گا اور 101سے 200 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ کا ٹیرف7.12 روپے بڑھ کر 30.07 روپےہوجائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف 3.95 روپے بڑھ کر 11.69 روپےہوجائے گا اور 101سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف4.10 روپےبڑھ کر14.16 روپے ہوجائےگا۔ذرائع کے مطابق ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلئے فی یونٹ ٹیرف 3.95 روپے برقرار رہےگا، ماہانہ51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلئے فی یونٹ ٹیرف 7.74 روپےبرقرار رہےگا۔

وفاقی حکومت نے جولائی 2024 میں بجلی کابنیادی ٹیرف فی یونٹ 7.12 روپے تک بڑھایا تھا لیکن حکومت نے اضافے سے ماہانہ200 یونٹ تک والے صارفین کو 3 ماہ کیلئے استثنیٰ دیا تھا۔

وفاقی حکومت نے 50 ارب سبسڈی سے ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی قیمت میں اضافہ 3 ماہ کیلئے روکا تھا۔

کراچی: سیف سٹی منصوبے کے تحت پول سائٹس اور کیمروں سے شہر کی مانیٹرنگ شروع کردی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو سیف سٹی منصوبے سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا ہےکہ 7 پول سائٹس نے کام شروع کردیا ہے اور 35 کیمروں سے شہر کی مانیٹرنگ شروع کردی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی پی او میں قائم کنٹرول روم میں ڈیٹا سینٹر کے آلات اور ویڈیو وال لگادی ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں 1300 کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا ہےکہ مشکوک گاڑیوں اور ملزمان کی شناخت آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے کی جائے گی، 18 تھانوں میں پرابلم اوریئنٹڈ پولیسنگ ہوگی، پی او پی سائٹس کی تزئین و آرائش کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق جدید کیمرے اور مانیٹرنگ سسٹم سمیت تمام سامان کراچی پہنچ گیا ہے، 5 ایمرجنسی رسپانس گاڑیاں حاصل کرلی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ کراچی پولیس آفس کے قریب سندھ سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا ہے۔

 

پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر سستا ہوگیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق منگل کوانٹربینک میں ڈالر7 پیسے سستا ہوا ہے۔

اس کمی کے بعد انٹربینک میں ڈالر کا بھاؤ 277 روپے 80 پیسے پر بند ہوا ہے۔

واضح رہے کہ انٹربینک میں گزشتہ روز ڈالر 277 روپے 87 پیسے پر بند ہوا تھا۔

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی اتنی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے جس کی توقع ماہرین نے بھی نہیں کی تھی۔

گزشتہ دنوں ایک انٹرویو کے دوران بل گیٹس نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی تعلیم اور طب کے شعبوں میں پیشرفت کو بہت تیز کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلی ایسی ٹیکنالوجی ہے جو ماہرین کی توقعات سے بھی زیادہ تیزی سے پیشرفت کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اے آئی سے کافی کچھ اچھا ہوسکتا ہے مگر اس ٹیکنالوجی سے لاحق خطرات پر انہیں خدشات ہیں۔

بل گیٹس کا کہنا تھا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کی رفتار کا مطلب ہے کہ کمپنیوں کو حکومتوں کے ساتھ ملکر قوانین کی تیاری کے لیے کام کرنا چاہیے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ اے آئی ہماری معیشت کو نقصان نہ پہنچا سکے۔

انہوں نے انتباہ کیا کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے متعدد شعبوں کے لیے کام کرنے والے افراد کی ملازمتیں متاثر ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کمپیوٹرز، فون اور انٹرنیٹ سے بھی زیادہ اثرات مرتب کرسکتی ہے، یہ میری زندگی میں ہونے والی سب سے بڑی ٹیکنالوجی پیشرفت ہے۔

انہوں نے پیشگوئی کی کہ ایک دہائی کے اندر مختلف شعبے جیسے تعلیم اور صحت نمایاں حد تک بدل جائیں گے۔بل گیٹس نے خیال ظاہر کیا کہ اے آئی کے باعث کاروباری ہفتے کا دورانیہ مختصر ہوگا اور روایتی کل وقتی ملازمت کی ضرورت گھٹ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ طویل المعیاد بنیادوں پر ملازمت اتنی اہم نہیں رہے گی اور ہمارے خیال میں یہ ایک اچھی بات ہے۔تمام تر خدشات کے باوجود بل گیٹس کو یقین ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کی پیشرفت سے انسانیت کو فائدہ ہی ہوگا۔

یہ پہلی بار نہیں جب بل گیٹس کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے جوش و خروش کا اظہار کیا گیا۔

مارچ 2023 میں ایک بلاگ پوسٹ میں بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی کو مائیکرو پراسیسر، پرسنل کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور موبائل فون جتنا اہم قرار دیا تھا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی لوگوں کے کام کرنے، سیکھنے، سفر، طبی نگہداشت اور ایک دوسرے سے رابطوں کو بدل کر رکھ دے گی۔

 

لاہور: پنجاب کی 13 یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز کی تقرری کے معاملے پر گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان اختلافات مزید بڑھ گئے۔

ذرائع گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر پنجاب نے وی سیز کی تقرری کی سفارشات مسترد کرکے واپس بھیج دیں جب کہ وزیراعلیٰ کی منظوری سے 13 میں سے 7 وی سیز کی تقرری کردی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ گورنر کی منظوری کے بغیر 7 یونیورسٹیز کے وائس چانسلر کا تقرر کیا گیا، گورنر پنجاب نے سفارشات مسترد کرتے ہوئے کچھ اعتراضات بھی اٹھائے، وائس چانسلر کے پینل بنانے کا عمل ٹھیک نہیں تھا، دوبارہ جائزہ لیں، وائس چانسلر کے پینل بنانے میں صحت مندانہ مقابلہ دیکھنے میں نہیں آیا، وزیراعلیٰ کی جانب سے پینل بھیجا جاسکتا ہے، سلیکشن نہیں کی جاسکتی۔

ذرائع گورنر ہاؤس نے کہا کہ وائس چانسلر تقرر کرنے کا اختیار گورنر کو حاصل ہے، وائس چانسلر کے پینل بنانے میں شفافیت تھی، کابینہ کی منظوری کے بعد وی سی کی سلیکشن کی گئی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ ہاؤس کے ذرائع نے کہا کہ گورنر کا کام صرف دستخط کرنا ہے، سمری واپس نہیں بھیج سکتے، وائس چانسلر کا تقرر وزیراعلیٰ کی منظوری سے قانون کے مطابق ہے۔

علاوہ ازیں پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کو وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی، پروفیسر شاہد منیر کو وائس چانسلر انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور اور پروفیسر عاکف انور کو وی سی یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور تعینات کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر احمد شجاع وی سی یونیورسٹی آف گجرات، پروفیسر عنایت اللہ وی سی انجینئرنگ یونیورسٹی ٹیکسلا، پروفیسر عامر اعظم وی سی خواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یار خان اور پروفیسر زبیر اقبال کو وی سی بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان تعینات کیا گیا ہے۔

Page 8 of 2383