Tuesday, 15 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی گئی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی رینکنگ کے مطابق بھارت کے روندرا جدیجہ نمبر ون باؤلر ہیں جبکہ بیٹسمینوں کی رینکنگ میں اسٹیو اسمتھ کا پہلا نمبر برقرار ہے۔
پاکستانی کھلاڑیوں اظہر علی اور یونس خان کو بغیر کھیلے ہی ترقی مل گئی۔
باؤلرز رینکنگ
آسٹریلیا کے خلاف رانچی ٹیسٹ میں 9 وکٹیں لینے والے روندرا جدیجہ کو بڑا انعام مل گیا اور وہ رینکنگ میں آر ایشون کو پیچھے چھوڑ کر نمبرون باؤلر بن گئے۔
آر ایشون دوسرے اور رنگانا ہیراتھ تیسرے نمبر پر چلے گئے۔
باؤلرز رینکنگ میں کوئی پاکستانی ٹاپ 15 میں موجود نہیں جبکہ یاسر شاہ کا 16 واں نمبر ہے۔
بیٹنگ رینکنگ
بیٹنگ رینکنگ میں اسٹیو اسمتھ کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ رانچی ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے چھتیسور پوجارہ نے 4 درجے ترقی کرکے دوسری پوزیشن پر قبضہ کر لیا۔
بیٹسمینوں کی رینکنگ میں جو روٹ تیسرے، ویرات کوہلی چوتھے اور کین ولیم سن پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے اظہر علی نے ایک درجے ترقی کے بعد چھٹی اور یونس خان نے ساتویں پوزیشن حاصل کرلی۔
ٹیم رینکنگ
ٹیم رینکنگ میں بھارت کی پہلی، آسٹریلیا کی دوسری اور جنوبی افریقا کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔
پاکستان 97 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیکسی شیئرنگ کمپنی اوبر کے صدر جیف جونزنے صرف 6 ماہ تک عہدے پر تعینات رہنے کے بعد کمپنی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کمپنی کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ جیف جونز کا استعفیٰ غیر متوقع تھا۔ ان کا کہنا تھا جیف جونز کو یہ شکایت تھی کہ کمپنی چیف آپریٹنگ افسر کے عہدے کے لیے مناسب امیدوار ڈھونڈ رہی تھی مگر ان پر اس نوکری کے لیے غور نہیں کیا جا رہا تھا۔
تاہم ٹیکنالوجی نیوز ویب سائٹ ریکارڈ کا دعویٰ ہے کہ جیف جونز کو کمپنی میں صنفی امتیاز اور ہراساں کرنے کے معاملات کی وجہ سے یہ فیصلہ کرنا پڑا۔
اوبر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم جیف جونز کو ان کی چھ ماہ کی ملازمت کے لیے شکریہ ادا کرتے ہیں اور مستقبل کے لیے ہماری ان کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال اوبر کو مختلف مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ کمپنی پر صنفی امتیاز کے کلچر اور خواتین ملازمین کے ہراساں کیے جانے کے الزامات لگتے رہے ہیں

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) اسپاٹ فکسنگ کی تحقیقات پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسرسبحان احمد کہتے ہیں ایف آئی اے کو معطل کرکٹرزکا صرف موبائل ڈیٹا تصدیق کے لیے بھیجا تھا،تفتیش کے لیے کس نے کہا ؟۔
پاکستان سپرلیگ میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل پروفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کی تحقیقات سے متعلق پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے بیان سےنیا تنازع کھڑا ہو گیا۔ سبحان احمد کہتے ہیں ایف آئی اے کو فکسنگ کی تحقیقات کا نہیں کہا تھا۔
ایف آئی اے نے کارروائی کر ڈالی تو پاکستان کرکٹ بورڈ پیچھے ہٹ گیا،ایف آئی اے کی تحقیقات کو ازخود نوٹس قرار دے دیا۔ سی او اوسبحان احمد کے مطابق ایف آئی اے کو کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات کا نہیں کہا،پی ایس ایل فکسنگ میں معطل کرکٹرز کا موبائل فون ڈیٹا تصدیق کے لئے بھیجا تھا اس لیے ایف آئی اے کوموبائل فون جمع کرائے ۔
سبحان احمد نے کہا کہ ایف آئی اے کی جانب سے کھلاڑیوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے سے پی سی بی کا کوئی تعلق نہیں۔ فکسنگ کے معاملے کی تحقیقات پی سی بی ٹربیونل کرے گا۔وزارت داخلہ یا حکومت نے رابطہ کیا تو بورڈ فیصلہ کرے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت کے باوجود شرجیل میمن خوفزدہ رہے اور اپنے وکلا سے پوچھتے رہے کہ نیب والے اب گرفتار تو نہیں کریں گے۔ شرجیل میمن کے وکلا نے کہا پیپلز پارٹی کے کارکن مقدمات سے بھاگتے نہیں، سامنا کرتے ہیں۔
 
تفصیلات کےمطابق سابق صدر زرداری کے پیر اعجاز نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں شرجیل میمن سے ملاقات کی۔ پیر اعجاز نے میڈیا کو بتایا کہ شرجیل کیلئے دعائیں کرنے آیا تھا انہیں کوئی پریشانی نہیں ہو گی۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ششانک منوہر کے مستعفی ہونے سے آئی سی سی اصلاحات کھٹائی میں پڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، بھارت نے معاملے کوٹالنے کیلیے خط و کتابت کا سلسلہ شروع کردیا۔
ششانک منوہر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے پہلے خود مختار چیئرمین بنے تھے، انھوں نے بگ تھری کے خاتمے اور زیادہ منصفانہ و شفاف انداز میں معاملات کو چلانے کیلیے جن اصلاحات کا بیڑا اٹھایا تھا وہ اب کھٹائی میں پڑتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔
فروری کے اجلاس میں کونسل نے نئی مالی اور آئینی ترامیم کے حوالے سے تجاویز کی منظوری دی تھی جس کے بارے میں حتمی فیصلہ اپریل کی میٹنگ میں ہونا ہے تاہم اس سے قبل ہی اچانک منوہر ’ذاتی وجوہات‘ کی بنا پر عہدے سے مستعفی ہوگئے، اب بھارت نے ایک بار پھر اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے دھونس اور دھمکیوں کے ساتھ تکنیکی جھول بھی ڈھونڈنا شروع کردیے ہیں۔
بی سی سی آئی معاملات چلانے کیلیے سپریم کورٹ کی نامزد کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے ممبر وکرم لیمے نے ایک روز قبل آئی سی سی چیف ڈیو رچرڈسن کو 11 صفحات پر مشتمل خط لکھا تھا، انھوں نے دھمکی دی تھی کہ ریونیو میں کٹوتی اورآئینی ترامیم پر ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرسکتے ہیں۔
اب بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو راہول جوہری نے آئی سی سی کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایان ہائیگنس کو ای میل بھیجی جس میں نئے فنانشل ماڈل کو تکنیکی طور پر غلط قرار دینے کے ساتھ واضح کیا کہ نیا آئین کھیل کی عالمی گورننگ باڈی کو ہی تبدیل کرکے رکھ دے گا، اس سے ممبران کی خودمختاری شدید متاثر ہوگی، نئی ترامیم بھی مبہم اور غیریقینی قسم کی ہیں، ان سے کنفیوژن اور زیادہ بڑھے گی، انھوں نے یہ بھی لکھا کہ اگر 2014 والا مالیاتی تقسیم کا فارمولا غلط تھا تو نئے طریقہ کار کیلئے کیا فارمولا اختیار کیا گیا اور کس حساب سے مختلف بورڈز کے درجے بناکر ان کا الگ الگ ریونیو میں حصہ مقرر کیا گیا؟ یہ وضاحت کرنا ضروری ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل نے سلمان بٹ کی راہ میں کانٹے بچھا دیے، محمد عامر کی واپسی کو سخت تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد پی سی بی کیلیے سابق کپتان کو منتخب کرنے کا فیصلہ انتہائی مشکل ہوگیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنرز کی مسلسل ناکامیوں کے بعد سلمان بٹ کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلیے راہ ہموار ہوتی نظر آرہی تھی، چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے بھی رواں سال کے آغاز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گرین سگنل دیا۔
دوسری جانب انضمام الحق کی زیرسربراہی کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے بھی ان کے نام پر غور کیا، البتہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت مینجمنٹ میں شامل کچھ افراد ان کے حوالے سے تذبذب کا شکار تھے۔ ذرائع کے مطابق ایک سلیکٹر نے بھی گزشتہ ماہ سلمان بٹ کو بتایا تھا کہ چند رکاوٹیں دور ہونے کے بعد ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوسکتی ہے، البتہ اب اوپنر کو آگاہ کیا گیا کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد اب ان کو منتخب کرنے کا فیصلہ انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ سلمان بٹ نے 5سالہ پابندی کی سزا ختم ہونے اور پی سی بی کے تحت بحالی کا پروگرام مکمل کرنے کے بعد قومی ون ڈے کپ 2015 میں 107.20 کی اوسط سے 536رنز بنائے، بعد ازاں واپڈاکی قیادت کرتے ہوئے اسے گزشتہ سال قائد اعظم ٹرافی کا چیمپئن بنوایا، فائنل میں انھوں نے 2سنچریوں سمیت49.40کی ایوریج سے 749رنز بھی جوڑے، قومی ٹوئنٹی20کپ کے ٹاپ بیٹسمینوں کی فہرست میں سلمان دوسرے نمبر پر تھے لیکن حالیہ پی ایس ایل اسکینڈل سامنے آیا تو سابق کرکٹرز کی اکثریت اور میڈیا نے بار بار حوالہ دیا کہ محمد عامر کو قومی ٹیم میں واپسی کا موقع نہ دیا جاتا توآج نئے واقعات سامنے نہیں آتے تاہم اس صورتحال نے سلمان بٹ کی واپسی کی راہ میں کانٹے بچھا دیے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)راولپنڈی ، اسلام آباد اور گردونواح سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 4.2شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی سمیت خیبر پختونخوا ہ کے علاقے مانسہرہ ، صوابی م، اٹک ، واہ کینٹ ، ایبٹ آباداور ہزارہ ڈویڑن میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں تاہم کسی مقام پر بھی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
زلزہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 4.2ریکارڈ کی گئی ہے جس کا مرکز اٹک کے علاقے حضرو کے قریب تھا ۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) جنوبی افریقہ کے معروف کرکٹر جے پی ڈومنی نے بھی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت سے معذرت کر لی ہے اور اپنی فرنچائز دہلی ڈئیرڈیولز کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
32 سالہ آل راﺅنڈر نے کہا کہ وہ ذاتی وجوہات کے باعث اگلے مہینے شروع ہونے والی آئی پی ای ایل میں شریک نہیں ہو سکیں گے جس پر دہلی ڈئیرڈیولز فرنچائز نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
دہلی ڈئیر ڈیولز فرنچائز نے جے پی ڈومنی کی جانب سے بیان جاری کیا کہ ”یہ فیصلہ کرنا میرے لئے بہت مشکل تھا لیکن یہ خالص ذاتی وجوہات کی بناءپر کیا ہے۔ میں مستقبل قریب میں فرنچائز کی نمائندگی کرنے کیلئے پرامید ہوں۔“
واضح رہے کہ ڈومنی نے آئی پی ایل کے گزشتہ 7 ایڈیشنز میں 38 میچ کھیلے ہیں۔ انہوں نے 2014ءمیں دہلی ڈئیرڈیولز میں شمولیت اختیار کی تھی اور گزشتہ ایڈیشن کے آخری دو میچوں میں ظہیر خان کی جگہ کپتانی بھی کی تھی۔
دہلی ڈئیرڈیولز کے چیف ایگزیکٹو ہیمنت نے جے پی ڈومنی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ہم کرکٹر کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، ہم فطری طور پر بہت زیادہ مایوس ہیں کہ وہ اس سال ٹیم کی نمائندگی نہیں کریں گے لیکن بطور فرنچائز ہم ان کی پوزیشن کو واضح طور پر سمجھ سکتے ہیں۔“
 

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کیس کی سماعت کرنے والے اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے کمرہ عدالت میں وکلاءنے ہنگامہ برپا کردیا اور وکلاءاور پولیس کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس شوکت عزیزصدیقی کا کمرہ عدالت اس وقت جھگڑے کا گڑھ بن گیا جب اسلام آباد ہائیکورٹ بار کی ہڑتال کے باعث وکلاءنے سائلین کو عدالت کے دروازے پر روکدیا جبکہ جسٹس شوکت صدیقی نے سماعت جاری رکھی ۔بار کے عہدیداران طیش میں آگئے اور سماعت روکنے کی کوشش کی جس پر وکلاءاور پولیس کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔
چیف جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ بے مقصد ہڑتال سائلین سے ظلم کے مترادف ہے،عدالتوں کو زبردستی کارروائی سے روکنا غیر قانونی ہے۔انہوں نے کہا کہ وکلاءخود قانون کو ہاتھ میں لیں گے تو انصاف کیسے ہوگا۔جسٹس شوکت نے مدعی کو پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خدا کے واسطے عدالت کو کام کرنے دیں۔

 

ایمزٹی وی(چارسدہ)تحصیل تنگی کے علاقے ہری چند میں مردم شماری ٹیم پر فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی جبکہ ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چارسدہ کی تحصیل تنگی کے علاقے ہری چند میں مردم شماری کرنے والی ٹیم پر فائرنگ کی گئی ہے جس سے ڈیوٹی پر تعینات ایک پولیس ا ہلکار تاج محمد گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں خانہ شماری کے بعد مردم شماری کا پہلا مرحلہ جاری ہے۔