Tuesday, 15 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /حیدرآباد ) حیدرآباد تعلیمی بورڈ نے اورینٹل لینگویج کے سالانہ امتحان 2016ءکے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

 

علاوہ ازیں حیدرآباد تعلیمی بورڈ نے ایگرو ٹیکنیکل کورسز سی ٹی (ایگرو) آرٹ ماسٹر سرٹیفکیٹس، آرٹ ٹیچنگ سرٹیفکیٹ سمیت و دیگر کے سالانہ امتحان 2015-16 ءکے نتائج کا بھی اعلان کیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) پاکستان کی ہارٹی کلچر انڈسٹری کی مستحکم بنیادوں پر ترقی کے لیے قومی سطح پر فریم ورک کی تیاری کا کام شروع کردیا گیا ہے، فریم ورک کی تیاری کا مقصد ہارٹی کلچر سیکٹر میں فارم کی سطح سے لے کر صارف تک کے مراحل میں درپیش مسائل اور رکاوٹوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ماہرین کی آرا کی روشنی میں ان کا حل تجویز کرنا ہے۔
فریم ورک کی تیاری کے لیے سندھ، بلوچستان، پنجاب، کے پی کے اور گلگت بلتستان کی صوبائی حکومتوں، متعلقہ سرکاری محکموں، تحقیقی اداروں اور نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل آئندہ ماہ سے شروع کردیا جائے گا جبکہ صوبائی سطح پرمشاورت مکمل ہونے کے بعد قومی سطح کی کانفرنس کے ذریعے ماہرین کی سفارشات مرتب کرکے وفاقی حکومت کو ارسال کی جائیں گی، ہارٹی کلچر سیکٹر کی ترقی کے لیے قومی فریم ورک کی تیاری کا بیڑہ ایف
پی سی سی آئی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹ نے اٹھایا ہے۔
جس میں خصوصی طور پر ہارٹی کلچر سے متعلق بین الاقوامی سطح کے تحقیقی ماہرین کو شامل کیا گیا ہے، کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو فیڈریشن ہاؤس کراچی میں کمیٹی کے چیئرمین وحید احمد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سی اے بی آئی کے ریجنل ڈائریکٹر برائے وسطی و مغربی ایشیا ڈاکٹر بابر ای باجوہ، ڈاکٹر سہیل، پی سی ایس آئی آر کے ڈاکٹر عمر، عبدالمالک، اسلم پکھالی، بسم اﷲ خان و دیگر نے شرکت کی۔
وحید احمد نے نیشنل فریم ورک فار ہارٹی کلچر ڈیولپمنٹ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس فریم ورک کی تیاری کا مقصد ہارٹی کلچر سیکٹر میں موجود امکانات اور چیلنجز کی نشاندہی کرتے ہوئے قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی پالیسیوں کی تشکیل اور قومی منصوبہ بندی کے لیے روڈ میپ تشکیل دینا ہے۔


انہوں نے بتایا کہ اس فریم ورک کے ذریعے پاکستان میں زرعی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ پیداوار میں اضافہ، نئی ورائٹیز کی تیاری، ویلیو ایڈیشن کے علاوہ تحقیق کے رجحان کو فروغ دینے، سپلائی چین سے متعلق مسائل اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے تجاویز مرتب کی جائیں گی۔ یہ روڈمیپ پاکستان میں ہارٹی کلچر سیکٹر کی ترقی کے ساتھ برآمدات میں اضافے کے لیے بھی تجاویز مرتب کرے گا بالخصوص بلوچستان اور گلگت بلتستان سمیت کے پی کے، سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں جدید اصولوں کے مطابق منظم فارمنگ اور سہولتوں کی فراہمی کے لیے تجاویز مرتب کی جائیںگی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے سبکدوش ہونے والے ناظم امتحانات عمران چشتی سے نتائج میں تاخیر کے حوالے سے موقف لینے کیلئے رابطہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ پہلے ہی سے تعطیلات پر ہیں ان کےپتے کا کامیاب آپریشن ہوا ہے جس کے بعد روبہ صحت ہیں اور بورڈ سے رخصت پر ہیں انھوں دوستوں اور عزیزوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے ان کی صحت کے لئے دعاکی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا صوبے میں تعلیمی صورتحال بہتر کرنے کے سلسلے میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان دھرا کا دھرا رہ گیا ہے۔ سیکرٹری تعلیم ایجوکیشن ڈاکٹر ریاض میمن کی ریٹائرمنٹ کو ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود نہ تو نئے سیکرٹری کالج ایجوکیشن کا تقرر کیا گیا ہے نہ کسی افسر کو اس اہم عہدے کا چارج دیا گیا ہے۔

 

جس کی وجہ سے سرکاری کالجوں کے امور متاثر ہو رہے ہیں اسی طرح صوبے کے میٹرک کے امتحانات رواں مہینے کے آخر میں شروع ہو رہے ہیں۔ لیکن صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں نہ تو مستقل ناظم امتحانات ہیں اور نہ ہی سیکرٹریز بورڈ، کراچی میں ڈائریکٹر سیکنڈری اسکولز کی اسامی بھی گزشتہ کئی ماہ سے خالی پڑی ہے اور اضافی چارج ڈائریکٹر پرائمری ریاض صدیقی کے پاس ہے۔

اس کے علاوہ سیکرٹری بورڈ و جامعات کی اسامی بھی گزشتہ8 ماہ سے خالی ہے اور سیکرٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے پاس اس عہد ےکا اضافی چارج ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر کے سیکرٹری ڈاکٹر طارق نے کہا ہے کہ فی الحال ان اسامیوں پر کسی کی تقرری نہیں کی گئی ہے، جلد ہی تقرری کر دی جائے گی۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /جامشورو)لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ نے کہا کہ ہم جو بھی کام کریں تھوڑا ہی ہو پر معیاری اور عملی طور پر ہوں پاکستان اس وقت دنیا میں تعلیم کے حوالے سے 160ویں نمبر پر ہے۔

کانفرنس سے پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ دنیا میں تمام تر مسائل انسانوں کے پیداکردہ ہیں جن کو حل کرنا بھی انسانوں کی ہی ذمہ داری ہے، اس موقع پر پروفیسر عبدالحسن خان ،پروفیسر انیلہ عطاء رحمان میمن و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ اور میسنجر کے بعد جس اپلیکشن کو دنیا میں میسجنگ کے لیے سب سے زیادہ استعمال کیا جاتا ہے وہ وائبر ہے جس کو استعمال کرنے والوں کی تعداد اسّی کروڑ سے زائد ہے۔
پاکستان میں بھی اسے کافی استعمال کیا جاتا ہے اور اب صارفین کے لیے اس ایپ میں وہ فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے جو واٹس ایپ، اسنیپ چیٹ اور میسنجر میں بھی موجود ہے یعنی خودکار طور پر ڈیلیٹ ہونے والے پیغامات۔
اپنے صارفین کو زیادہ پرائیویسی اور سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے رائبر میں سیکرٹ چیٹس نامی فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔
آسان الفاظ میں اس فیچر کے تحت ایک مخصوص وقت کے بعد پیغامات خودخود اپنے آپ کو تباہ یا ختم کرلیں گے۔
اس سے قبل رواں سال کے شروع میں وائبر میں سیکرٹ میسجز نامی فیچر متعارف کرایا گیا تھا جس میں کچھ وقت کے بعد انفرادی پیغامات خودکار طور پر ختم ہوجاتے تھے۔
مگر سیکرٹ چیٹس میں صارف کے پیغامات کو کسی اور جگہ فارورڈ نہیں کیا جاسکے گا جبکہ آئی او ایس میں اس کا اسکرین شاٹ لینے پر مطلع بھی کیا جائے اور اینڈرائیڈ میں اسکرین شاٹ بھی نہیں لیا جاسکے گا۔
وائبر کے عام پیغامات کی طرح یہ میسجز بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں گے اور صارف چاہے تو سیکرٹ چیٹس کو پن کوڈ کے ذریعے بھی محفوظ بناسکیں گے۔
یہ فیچر وائبر کے صارفین کے لیے پیش کردیا گیا ہے اور جلد ہی دنیا بھر میں لوگ اسے استعمال کرسکیں گے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ہونڈا نے اپنی گاڑی سوک کی اب تک کی سب سے تیز رفتار ماڈل سوک ٹائپ آر 2017 عالمی سطح پر متعارف کرادیا ہے۔
ہونڈا سوک ٹائپ آر 2017 کو جنیوا میں جاری موٹر شو کے دوران متعارف کرایا گیا جو کہ انیس مارچ تک جاری رہے گا۔
کمپنی نے اس نئی ہونڈا سوک اب تک سے سب سے تیز رفتار اور منفرد قرار دیا ہے، جبکہ اس کی خوبصورتی آپ نیچے ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق ' یہ سب سے تیز اور طاقتور ترین ہونڈا سوک کا ماڈل ہے جو کہ اس لائن کا ٹین جنریشن ورژن ہے'۔
اس گاڑی کے لیے 2.0 لیٹر آئی وی ٹیک ڈی ٹربو بیس انجن استعمال کیا گیا ہے جو کہ 306 ہارس پاور رکھتا ہے۔
اس گاڑی میں چیسز اور سپنشن کے حوالے سے کافی اپ گریڈز کیے گئے ہیں تاکہ یہ صارفین کی توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کرسکے۔
گاڑی میں رفتار کے چھ مینوئل موجود ہیں جس کا مقصد ایندھن کی بچت میں مدد دینا ہے۔
اس نئی سوک میں پہلے کے ماڈلز کے مقابلے میں کمپری ہینسو ایرو ڈائنامک پیکج دیا گیا ہے جبکہ اس کی باہری باڈی کسی اسپورٹس کار سے مماثلت رکھتی ہے جس کا مقصد تیزرفتاری میں بھی اس کے استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔
اس میں ہونڈا سینسنگ سسٹم موجود ہے یہ سیمی آٹو میٹک ڈرائیونگ سسٹم کے ساتھ ہے جس کے لیے اڈاپٹو کروز کنٹرول کو بھی گاڑی کا حصہ بنایا گیا ہے۔
یعنی یہ گاڑی خودکار طور پر بریک اور رفتار بڑھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ گاڑی اپریل میں سب سے پہلے امریکا میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی جس کی قیمت 30 ہزار ڈالرز (ساڑھے 31 لاکھ پاکستانی روپے کے لگ بھگ) ہوگی۔
تاہم اس کی پاکستانی آمد اور قیمت کے بارے میں ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی جمعہ کو ناظمُ امتحانات کی تبدیلی، چار نائب ناظم امتحانات کی رخصت اور چار افسران کے خلاف کارروائی کے باعث بورڈ انٹر ضمنی پری میڈیکل اور پری انجینرنگ کے نتائج کا اعلان نہیں کرسکا ۔ بورڈ کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا جب نتائج کے اعلان کی تاریخ کی خبر جاری کرنے کے باوجود بورڈ نتائج جاری نہیں کر سکا اور نہ ہی سالانہ امتحانات سے متعلق ایڈمٹ کارڈز کی تیاری کا کام کیا جاسکا۔

چیئرمین بورڈپروفیسر انعام صورتحال کو سنبھال نہ سکے اور نتائج کے اجرا کے ایک ہفتے بعد کی تاریخ دے ڈالی۔ پروفیسر انعام نے کہا کہ ناظم امتحانات عمران چشتی تبدیلی کے باعث نہیں آئے اور دیگر افسران بھی بورڈ میں موجود نہیں ،قائم مقام ناظم امتحانات نے پہلے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے سے منع کیا لیکن بعد میں مشکل سے عہدہ کا چارج سنبھالا جس کی وجہ سے وقت پر نتائج جاری نہیں ہوسکے۔ اب ایک ہفتے بعد نتائج جاری ہوں گے۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ چاروں ڈپٹی کنٹرولرز بھی پہلے ہی چھٹی پر جاچکے ہیں جس کی وجہ سے نتائج میں مزید تاخیر ہونے کا امکان ہے جبکہ قائم مقام ناظم امتحانات محمد جعفر امتحانی امور کا تجربہ نہ رکھنے کے باعث چارج سنبھالنے سے گریزاں ہیں جس سےبورڈ میں نیا بحران پیدا ہوگیا ہے۔

قائم مقام ناظم امتحانات محمد جعفر ڈپٹی سیکرٹری اکاؤنٹس کے عہدے پر کام کر رہے تھے وہ ایک ماہ قبل ملازمت سے بھی مستعفی ہوچکے تھے تاہم چیئرمین نے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا ۔ دریں اثنا محکمہ اینٹی کرپشن کی بورڈ کے چارملاز مین کے خلاف کارروائی کی سفارش کے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس نے چاروں ملازمین کے خلاف کارروائی اور ان کے تبادلے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ جس سے انٹر بورڈ میں ایک نیا بحران پیدا ہوگیا ہے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سیکشن افسر برائے بورڈ نصر مکو کے جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین محکمہ اینٹی کرپشن کے خط کی روشنی میں اسٹنٹ کنٹرولراطہر سعید، اسٹنٹ کنٹرولر مظفر علی خان، سب انجینئر کاشف مقصود اور اسٹینو گرافر عرفان احمد کا بورڈ میں دیگر جگہوں میں تبادلہ کیا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، تبادلہ ہونے والے ایک ملازم نے کہا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن انتقامی کارروائی کر رہا ہےجس کی وجہ سے کوئی کنٹرولر کا چارج سنبھالے کو تیار نہیں جبکہ اُن کا کسی مسئلے سے کوئی تعلق نہیں وزیراعلیٰ ہاؤس کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)وینا ملک کی زندگی میں نیا موڑ ،اداکارہ نے شوہر اسد خٹک سے خلع لے لی تفصِلات کے مطابق گلو کار اسد خٹک سے خلع لینے کے بعد وینا ملک کا موقف بھی منظر عام پر آگیا ،ان کا کہنا ہے کہ امید ہے میڈ یا صورتحال کی نزاکت سمجھ سکتاہے ،ابھی کوئی بات نہیں کروں گی ۔

وینا ملک کی مصروفیت کے باعث اسد خٹک نے اعتراضات اٹھائے اور دونوں کے درمیان تعلقات میں خرابی پیدا ہو گئی جس کے باعث وینا ملک نے ایک مہینہ قبل لاہور کی فیملی عدالت میں خلع کا دعویٰ دائر کیا ۔

عدالت نے کیس کا فیصلہ اسد خٹک کی عدم پیروی پر یکطرفہ طور پر سنایا جس کے بعد اب اداکارہ حق مہر کے اڑھائی لاکھ درہم اسد خٹ کو واپس کریں گی۔اس حوالے سے ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وینا ملک نے کہا کہ معاف کیجیے ابھی اس معاملے پربات نہیں کرسکتی، امیدہے آپ صورتحال کی نزاکت سمجھ سکتے ہیں.

 

ایمز ٹی وی(صحت) کنڈیارو تعلقے میں خسرہ کی وبا تیزی سے پھیلنے گئی،جس کے باعث 2روز میں 2کم سن بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کنڈیارو کے مختلف علاقوں میں خسرہ کی بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے۔ گزشتہ 2روزمیں 2کم سن بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔
گوٹھ امام بخش منگریو کے رہائشی خالد منگریو کا4سالہ بیٹا میثم عباس منگریو خسرہ کی بیماری میں مبتلا رہنے کے باعث فوت ہوگیا۔
دریں اثناءایک روز قبل نواحی علاقےگوٹھ علن کلیری میں خسرہ کی بیماری میں مبتلا 5ماہ کی کم سن بچی سمیہ بنت مشتاق کلیری فوت ہوگئی تھی۔
مذکورہ علاقوں میں تاحال محکمہ صحت کی کوئی بھی ٹیم نہ پہنچ سکی ہے۔