Thursday, 10 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور: پنجاب بھر میں موسم سرماکی تعطیلات اختتام کو پہنچ گئی۔

مائیکر و بلاگنگ ٹوئیٹر پر وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نےٹوئیٹ میں کل سے تعلیمی ادارے کھولنے کااعلان کردیا ہے

ان کاکہنا ہے کہ پنجاب بھر کے سرکاری و نجی اسکولوں میں 24 دسمبر سے جاری موسمِ سرما کی تعطیلات آج ختم ہوجائیں گی جس کے بعد کل تمام اسکولز معمول کے مطابق کھول دیئے جائیں گے۔ ہم اپنے طلباء اور اساتذہ کو اسکول میں واپس خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ براہ کرم حکومت کی طرف سےجاری کردہ کووڈ ایس اوپیز پر عمل کریں 

کراچی: کراچی سمیت سندھ بھر میں حالیہ کوروناکی پانچویں لہرسے متعلق سخت پابندیوں کا فیصلہ کیا گیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کل اجلاس ہوگا جس میں کورونا کی نئی قسم اومی کرون کےبڑھتے ہوئے کیسز سے نمٹنے کےلئے اہم فیصلہ کئے جائیں گے۔

عالمی وبا کورونا سے بچائو کے لئے سندھ بھر میں کاروباری اوقات کارصبح 6 سے شام 5 بجے کرنےاور جمعہ ہفتہ اتوار مکمل کاروبار بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے

جبکہ تعلیمی اداروں کے حوالے سےسندھ بھر کے سرکاری و نجی اسکولز میں پہلی تا پانچویں جماعت تک ہفتے میں دو دن ، چھٹی سے آٹھویں جماعت تک ہفتے میں 3 دن ، نویں تا بارہویں جماعت کی کلاسز پیر سے جمعہ پانچ دن تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنےکی تجاویزدی گئیں ہیں

تمام تعلیمی اداروں کے ٹیچرز، اسٹاف اور طلبہ کے ویکسینیشن کارڈز چیکنگ کی ذمہ داری اسسٹنٹ کمشنرز کو دیئے جانے کےامکانات ہیں
حتمی فیصلہ کل صبح 11 بجے وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں ہوگا

کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ برائے میڈیکل ایجوکیشن کے تحت سرٹیفکیٹ ان ہیلتھ پروفیشنز ایجوکیشن (سی ایچ پی ای) کے نئے بیجز کا آغازہوگیا

، ہیلتھ پروفیشنز ایجوکیشن میں 6 ماہ پر مبنی سرٹیفکیٹ پروگرام فیکلٹی ارکان کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جس میں انکی ٹیچنگ اور اسسمنٹ اسکلز کو نکھارنے کی کوشش کی جائیگی

اس سلسلے میں وائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول نے کہاکہ سی ایچ پی ای سے سرٹیفکیٹ پروگرام مکمل کرنے والے شرکاء تعلیمی معیار کی بہتری میں کردار ادا کرسکتے ہیں
اس موقع پر آئی ایم ای کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر سیدہ کوثر علی نےنئے بیجز میں شمولیت اختیار کرنیوالے افراد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ ہیلتھ پروفیشنز ایجوکیشن 2022 کے سرٹیفکیٹ کورس میں داخلے پرآپ سب کو مبارکباد دیتی ہوں ،جےایس ایم یو کے تحت سی ایچ پی ای پروگرام کا مقصد صحت سے متعلق اداروں میں تدریس اور تشخیص کے طریقوں اور عمل کو بہتر بنانا ہے،
انہوںنے مزید کہا کہ سرٹیفکیٹ پروگرام کو 3 ماڈیولز میں تقسیم کیا گیا ہے، شرکاء کو ماڈیول 1، 2 اور 3 کے دوران چھ روزہ سیشن میں شرکت کے لیے مدعو کیا جائے گا، ہر ماڈیول ورکشاپس کے علاوہ اسائنمنٹس پر مشتمل ہوگا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سی ایچ پی ای ڈاکٹر شعور سرفراز احمد نے شرکاء کو پروگرام کے چیدہ چیدہ نکات سے آگاہ کیااور بتایاکہ اس پروگرام کے دوران مختلف شعبہ جات کے ماہرین ایک دوسرے کے تجربات سے بھی مستفید ہوسکتے ہیں

اس پروگرام میں کل 49 امیدوار شریک ہورہے ہیں ، 25اور 24 افراد پر مشتمل 2 گروپس تشکیل دیے گئے ہیں جو بائیو کیمسٹری، اناٹومی،پبلک ہیلتھ، پیتھولوجی، فزیولوجی، فارماکولوجی،کلینکل سائیکولوجی، میڈیسن،سرجری اور ڈنٹسٹری سے وابستہ ہیں

جامعہ کراچی نےبی کام سال اول کے نتائج کااعلان کردیا۔

جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق بی کام سال اول ریگولر وپرائیوٹ سالانہ امتحانات برائے 2020 ء کے نتائج کا اعلان کردیا گیاہے۔

نتائج کے مطابق بی کام ریگولر کے امتحانات میںکامیابی کا تناسب 31.01 فیصدرہا۔

جبکہ بی کام پرائیوٹ کے امتحانات میںکامیابی کا تناسب 18.82 فیصدرہا۔

کراچی: جامعہ کراچی نےمالی مشکلات سےدوچار طلبا وطالبات کوفیس کی رقم حاصل کرنےکی ہدایت جاری کردی۔

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق ایسے طلباوطالبات جو محض مالی مشکلات کی وجہ سے داخلہ فیس دینے سے قاصر ہیں وہ 04 تا07 جنوری 2022 ء تک صبح10:00 تادوپہر3:00بجے تک جمنازیم ہال جامعہ کراچی میں واقع اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈکے کاؤنٹرسے فارم حاصل کرکے جمع کراسکتے ہیں۔

طلبا اپنےفارم کے ساتھ والد/ سربراہ کے ذرائع آمد ن کے سرٹیفیکٹ، دیگر متعلقہ دستاویزات، طالبعلم،والد/ سرپرست کی شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی،ب فارم کی فوٹوکاپی اور گذشتہ ماہ کے یوٹیلیٹی بلز جس میں بجلی،گیس،پانی، ٹیلی فون ودیگر شامل ہیں۔

ڈاکٹر صائمہ اختر نے کہا کہ شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی کی خصوصی ہدایت ہے کہ حصول علم کے خواہشمند طلباوطالبات کا محض مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیمی سال ضائع نہیں ہونا چاہیئے اور مذکورہ فنڈ کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

کرونا وائر س کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈ میں پچاس فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ایسے طلباوطالبات جو محض مالی مشکلات کی وجہ سے داخلہ فیس دینے سے قاصر ہیں ان کی داخلہ فیس مذکورہ فنڈ سے فراہم کی جائے گی۔

اسلام آباد: ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 630 نئے کیسز سامنے آگئے

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 44 ہزار 198 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 630 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 865 ہوگئی۔

گزشتہ روز اس وبا نے مزید 2 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا جس کے نتیجے میں مجموعی اموات کی تعداد 28 ہزار 945 ہوگئی ہے۔
گزشتہ روز کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 1.42 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔ 641 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور 10 ہزار 184 فعال کیسز ہیں۔ اب تک اس وبا کا شکار 12 لاکھ 57 ہزار 355 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کراچی میں 8 جنوری سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

چیف میڑولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں8 جنوری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جاسکتا ہے۔ بارش کے پورے سلسلے میں 40 سے 50 ملی میٹربارش ہوسکتی ہے۔

چیف میڑولوجسٹ کے مطابق کراچی میں آج شام یا رات سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔5 جنوری کی دوپہرتک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس دوران تیز سرد ہوائیں چل سکتی ہیں۔

سردارسرفراز نے مزید بتایا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ 6 جنوری کی دوپہر سے ایک بار پھر سرگرم ہوگا۔ شہرمیں6 جنوری کی دوپہرسے 7 جنوری کی دوپہرتک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس کے بعد بارش میں وقفہ آجائے گا۔

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے عملی امتحانات برائے2021 سےغیر حاضرہونےوالےطلبا وطالبات کےلئےبڑااعلان کردیا۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نےکہا ہے کہ سالانہ امتحانات 2021کے عملی (پریکٹیکل) امتحانات میں غیر حاضر طلباء و طالبات کیلئے خصوصی موقعہ پریکٹیکل کے اوسط نمبر دے کر سہولت فراہم کی جارہی ہے تاکہ ان کا قیمتی سال ضائع ہونے سے بچ جائے

انہوں نے بتایاکہ 23دسمبر 2021ء کو بورڈ آف گورنرز کی ہونے والی میٹنگ میں سندھ بھر کے تعلیمی بورڈزکے چیئرمینزنے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے

ایسے طلباء و طالبات جلد از جلد ایک عدد درخواست اورمارک شیٹ 2021کی فوٹو کاپی اپنے اسکول سے تصدیق کرا کر پریکٹیکل سیکشن بلاک بی دوسری منزل سے چیک کرانے کے بعدبورڈ کے اکاؤنٹس سیکشن میں فیس جمع کرائیں تاکہ ان کو نئی مارک شیٹ جاری کی جا سکے۔

لاہور: پنجاب پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرنے والی خواتین کو لیکچررزکوتعینات کردیاگیاہے۔

پنجاب پبلک سروس کمیشن سے منتخب ہونے والی 195 خواتین لیکچررز کو پنجاب کے مختلف کالجوں میں تعینات کیا گیا ہے۔

خواتین لیکچررز کو پہلے بھی تعینات کرنا تجویز کیا گیا تھا لیکن سیٹوں کی تعداد میں اضافہ ہو جانے کے سبب وہ تجاویز واپس لے لی گئیں اور ایک مرتبہ دوبارہ انہیں آپشن کے لیے طلب کیا گیا۔

خواتین کی جانب سے اپنی پسند کے کالجوں کا دوبارہ انتخاب کرنے کے بعد انہیں اب تعینات کر دیا گیا ہے۔

مذکورہ نئی لیکچررز کالجوں میں بی ایس آنرز کی کلاسز پڑھانے کی بھی پاپند ہوں گی۔

محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں مذکورہ اساتذہ کو اپنی اصل اسناد جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ انہیں فوری طور پر اپنے عہدوں پر جوائننگ کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

 

لاہور: پنجاب یونیورسٹی میں سپرنگ سمسٹر پروگرام میں ریگولراورسیلف سپورٹنگ میں داخلوں کااعلان کردیاگیاہے۔

جس کے مطابق ایم ایس ، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے لئے سپرنگ سمسٹر پروگرام میں ریگولر اور سلف سپورٹنگ میں داخلےدیئےجائیں گے۔

اس پروگرام میں طلبہ آٹھ مختلف فیکلٹی میں داخلہ حاصل کر سکیں گے ۔ طلبہ ایم فل، ایم ایس اور پی ایچ ڈی کے داخلہ فارم یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ سے حاصل کرسکیں گے۔

یونیورسٹی کی جانب سے داخلہ فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 13 جنوری مقرر کی گئی ہے۔

ایم ایس ،ایم فل اور پی ایچ ڈی کے لئے اہل طلبہ کا انٹری ٹیسٹ 17 جنوری کو لیا جائے گا۔