Saturday, 12 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں لڑکی کے بھائی نے نوجوان کو زندہ جلادیا۔
پولیس کے مطابق لڑکی کے بھائی فیاض نے ساتھی ناصر لمبا کےساتھ ملکرآگ لگائی، پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی۔
کورنگی زمان ٹاؤن میں ایک ہفتے قبل دو ملزمان نے نوجوان شفیع کو آگ لگادی تھی، شفیع کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا جہاں وہ آج دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق شفیع نے مرنے سے قبل اپنے بیان میں فیاض اور ناصر کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا۔ مقتول شفیع کا موقف تھا کہ وہ فیاض کی بہن کو پسند کرتا تھا جس کی سزا میں اسے پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی گئی۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آخری ون ڈے میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ آسٹریلیا 3-1 سے سیریز پہلے ہی جیت چکا ہے، ایڈیلیڈ میں آج پانچوں اور آخری ون ڈے کھیلا جارہا ہے۔
پاکستانی ٹیم میں عماد وسیم کی جگہ وہاب ریاض کی واپسی ہوئی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں کپتان اظہر علی، شرجیل خان، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، عمر اکمل، محمد رضوان، محمد عامر، وہاب ریاض،جنید خان اور حسن علی شامل ہیں۔
آسٹریلیا کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی ہوئی ہے اور عثمان خواجہ کی جگہ فالکنر شامل کیے گئے ہیں، ٹیم کے اسکواڈ میں ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، اسٹیون اسمتھ، ہینڈز کومب، میکس ویل،میتھیو ویڈ، فالکنر، اسٹارک، پیٹ کیومنس، زمپا اور ہیزل وڈ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے ون ڈے سیریز کے تمام ٹاس جیتے ہیں اور پاکستانی کپتان پانچ میں سے ایک بھی ٹاس نہیں جیت سکے ہیں۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کی پہلی ویمنز ہاکی لیگ تین فروری سے لاہور میں شروع ہوگی، جس میں پاکستان کی چھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پہلی ویمنز ہاکی لیگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ،ویمنز ہاکی چیمپئن شپ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ڈیڑھ سو کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے ۔
کھلاڑیوں میں پنجاب کی سب سے زیادہ 104، سندھ کی 8، بلوچستان کی 5اور کے پی کے کی تین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ۔
 
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے پانچو یں میچ میں بھی ٹاس ہار کر ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ حالیہ ون ڈے سیریز میں پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف پانچوں میچوں میں ٹاس ہار کر تاریخ رقم کردی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کیلئے یہ پہلا موقع ہے کہ آسٹریلیا میں کھیلی جانیوالی سیریز میں تمام پانچ میچوں میں ٹاس ہارنے کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ اس کی مجموعی تاریخ میں محض یہ دوسرا واقعہ ہے۔
قبل ازیں ایسا واقعہ 1998 ءمیں بھارت کیخلاف ٹورنٹو میں کھیلے جانیوالے صحارا کپ کے دوران پیش آیا تھا۔ دوسری طرف کینگروز قائد سٹیون سمتھ نے سیریز کے تمام میچوں میںٹاس جیت کر تیسرے آسٹریلوی کپتان ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
اس سے قبل کم ہیوز نے 1984 ءمیں بھارت اور رکی پونٹنگ نے 2010 ءمیں بھارت ہی کے خلاف ٹاس جیت کر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(لندن)برطانوی وزیراعظم ٹریزامے نے کہا ہے کہ امریکی صدر سے ڈٹ کر بات کروں گی، تجارتی معاہدے میں برطانوی مفاد اولین ترجیح ہوگا۔
برطانوی وزیراعظم ٹریزامے نے برطانوی پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر س ڈونلڈ ٹرمپ سے بنا کسی ڈر کے بلاجھجک بات کرنے کیلیے پراعتماد ہوں،تجارتی معاہدے میں برطانوی اقدار اور ملکی مفاد اولین ترجیح ہوگا، دونوں ممالک میں تجارتی روابط بڑھانے پربات ہوگی، امریکا،برطانیہ تجارتی معاہدے میں برطانوی مفاد اولین ہوگا۔
 
امریکی ٹی وی کے مطابق واشنگٹن میں قائم برطانوی سفارتخانے نے دورے کے شیڈول کو کنفرم کردیا ہے،ٹریزامے نے کہا ہے کہ ہم علاقائی پابندیوں سے نکل کر یرطانوی تجارت کو دنیا تک پھیلانا چاہتے ہیں،ہم صرف یورپی یونین تک محدود نہیں رہیں گے،انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ٹرمپ کے خواتین بارے ریمارکس ناقابل قبول ہیں اس پر ڈٹ کر بات کروں گی۔
حال ہی میں امریکی صدر نے نیٹو کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر برطانیہ کو تشویش ہے،برطانوی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ یہ سیاسی اور فوجی اتحاد دنیا میں امن کیلئے اہم ہے اس حوالے سے بھی بات کی جائے گی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث جہاں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے وہیں رابطہ سڑکیں بند اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہونے سے لوگوں کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔
ملک بھر میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ سردی کے شدت میں اضافے سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ مری، نتھیاگلی، ٹھنڈیانی اور اسکردو میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کوئٹہ اور زیارت میں برف باری کی وجہ سے راستے بند ہوگئے ہیں اور معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں، 3 روز سے جاری بارش اور برفباری کے باعث درجنوں کچے ماکانات ڈھے گئے ہیں۔ موسم خراب ہونے سے گلگت بلتستان کا ملک کے دیگر علاقوں سے فضائی رابطہ منقطع ہے، بے نظیر ایئر پورٹ سے
دوسرے روز بھی گلگت اور چترال جانے والے پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
 
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے جس کے باعث ٹھنڈ کی شدت مزید بڑھ گئی ہے، اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور بوندا باندی جاری ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی کے مطابق شہر قائد میں اگلے 12 سے 18 گھنٹوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے اور آج شام سے رات کے درمیان بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے جب کہ بارش کے بعد شہر کا درجہ حرارت گرسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے مغربی سسٹم کا کافی حصہ کراچی سے نکل چکا ہے تاہم نئے مغربی سسٹم کے باعث بلوچستان میں تیز بارشیں ہوئیں ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(کابل)پاکستان نے افغان مفاہمتی عمل میں کردار ادا کرنے کیلئے برطانیہ سے
رابطہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے افغانستان میں برطانوی سفیر نے ملاقات کی ، اس موقع پر پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو بھی موجود تھے۔ ملاقات میں افغانستان سمیت خطے میں قیام امن اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے افغان حکومت کی مدد کرنے کیلئے تیار ہیں، برطانیہ افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے میں مدد کرے۔برطانوی سفیر کا کہنا تھا کہ برطانیہ امن و استحکام کی کوششوں میں سہولت کار کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان، روس اور چین میں بات چیت چل رہی ہے اور اس حوالے سے گزشتہ دنوں تینوں ملکوں کے ماسکو میں مذاکرات بھی ہوئے تھے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف لندن میں منی لانڈرنگ کیس ختم ہونے پر خط کے ذریعے برطانوی حکومت سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف لندن میں منی لانڈرنگ کیس ختم ہونے پر برطانیہ کو خط لکھا ہے جو وزارت داخلہ کی جانب سے باضابطہ طور پر برطانوی حکومت کو بھجوادیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجے گئے خط میں لندن میں الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ختم ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
 
پاکستان نے خط میں برطانوی حکومت سے الطاف حسین کے خلاف مقدمات ختم کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے جب کہ خط میں الطاف حسین کے خلاف پاکستان میں چلنے والے مقدمات اور عمران فاروق قتل کیس سے متعلق کہا گیا ہے کہ ان مقدمات میں پیشرفت کے لیے برطانیہ پاکستان کے ساتھ شواہد کا تبادلہ کرے بصورت دیگرعدم شواہد کی بنا پر ان مقدمات کو آگے بڑھانا ناممکن ہوجائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)مسلم لیگ ن کے سینیٹر ظفرعلی شاہ نے کہاہے کہ پانامالیکس کیس کے فیصلے کی زد میں آنے پر نوازشریف کے بعد خاندان سے حمزہ شہبازشریف وزیراعظم ہوسکتے ہیں لیکن اگر وہ چاہیں کہ خاندان کی بجائے یہ عہدہ پارٹی کو دیاجائے تو خواجہ سعد رفیق یا خواجہ آصف بھی ہوسکتے ہیں۔
نجی چینل کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے ظفرعلی شاہ نے بتایاکہ پانامالیکس کا فیصلہ وزیر اعظم کےخلاف آجانے پر بھی پارٹی لیڈر نوازشریف ہی ہوں گے ، پھر وہی شخص وزیراعظم بنے گا جو رکن قومی اسمبلی ہوگا، اگر نوازشریف یہ چاہیں گے کہ عہدہ فیملی میں ہی رہے تو قریب ترین آدمی جو پارلیمنٹ میں بھی موجود ہے تو وہ حمزہ شہبازشریف ہوں گے ، اس کے علاوہ کوئی اور نہیں ۔
اگروہ چاہیں گے کہ یہ عہدہ پارٹی کو دیاجائے تو اس کیلئے خواجہ آصف یا سعد رفیق بھی ہوسکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کاکہناتھاکہ اسحاق ڈار نہیں ہوسکتے کیونکہ وہ سینٹ کے رکن ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو زرعی زمین کی الاٹمنٹ کے حوالے سے دفاعی ذرائع نے کہا ہے کہ اس میں کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے۔ فوج کے موجودہ قواعد و ضوابط کے تحت زمین مختص کرنے کا عمل خالصتا میرٹ پر ہوتا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق زمین زرعی مقاصد کے لئے مختص کی گئی ہے اور یہ تجارت یا کاروبار کے لئے نہیں ہے۔ پاک فوج کے تمام رینکس میں سینیارٹی، خدمات اور میرٹ کی بنیاد پر ریٹائرمنٹ کے قریب افراد کو زرعی زمین الاٹ کی جاتی ہے۔ یہاں تک کہ صوبے دار اور حوالدار کو بھی کم سے کم 12 سے 24 ایکڑ تک زرعی زمین الاٹ کی جاتی ہے۔مختص کی جانے والی زمین عام طور پر سرحد کے قریب ہوتی ہے۔ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو جو زمین الاٹ کی گئی ہے وہ لاہور میں سرحد سے پانچ کلومیٹر کے اندر ہے۔
جنرل راحیل سے پہلے کے فوجی سربراہان کو بھی دیگر سرحدی علاقوں میں اتنی ہی زمین الاٹ کرنے کی مثالیں موجود ہیں۔ یہی اصول دیگر سروسز پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ سینئرسول سرونٹس کو بھی ریٹائرمنٹ پر کھیتی باڑی کے مقاصد کے لئے زمینیں ملتی ہیں۔