Saturday, 12 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس)باکسر عامرخان کے خاندانی جھگڑے میں نیا موڑ آگیا ۔ایک طرف بڑا بھائی دوسری طرف چھوٹا بھائی،عامر خان کی شادی کی تقریب میں عدم شرکت پر بھائی ہارون ناراض ہوگئے اورمیڈیا کے سامنےسے شکووں کا ڈھیر لگا دیا ۔ ایک طرف مسٹر اینڈ مسز عامر دوسری طرف ہارون اینڈ فیملی،شادی کی تقریب میں شرکت نہ کرنے پر بڑے بھائی اور چھوٹے بھائی کے تعلقات کشیدہ ہوگئے ۔

دسمبر دوہزار پندرہ میں اسلام آباد میں عامر خان نے اپنے بھائی ہارون کی شادی میں بھرپور انداز میں شرکت کی،دولہا گھوڑی چڑھا تو گود میں عامرخان کی ننھی پری بھی نظر آئی،بھائیوں نے گھر والوں کے ساتھ خوب ہلا گلا کیا اور سیلفیز بھی بنوائیں ۔ ہارون نے اپنی شادی کا جشن لندن میں منایا،دوستوں عزیزوں کو بلایا لیکن تقریب میں بڑا بھائی اور بھابھی شریک نہ ہوئے۔ ہارون نے بڑے بھائی سے تو نہیں لیکن میڈیا سے اس بات کا شکوہ کر ڈالا اوردل کی بات کہہ دی ۔انہوں نے کہا کہ عامر خان کے رویے سے دوست اور گھر والے صدمے میں ہیں ہارون نے کہا کہ انہیں اس بات کا بے حد افسوس ہوا کہ بھائی نے مبارک باد کا کوئی پیغام تک بھی نہ بھیجا۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت)درمیانی عمر کے افراد مغرب کے بعد کھانا چھوڑدیں تو عمر بڑھتی ہے، امراض دور رہتے ہیں اور بدن کی چکنائیاں کم ہوتی ہیں۔ماہرین نے درمیانی عمر کی خواتین و حضرات کے لیے وزن کم کرنے ، سمارٹ بننے اور امراض سے دور رکھنے کا ایک سادہ نسخہ بیان کیا ہے جسے 15 گھنٹے کا فاقہ کہا جاسکتا ہے یعنی شام 5 سے 6 بجے کے بعد کوئی کھانا نہ کھائیں۔ جرنل نیچر میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق درمیانی عمر مغرب کے بعد کھانا چھوڑدینے سے عمر بڑھتی ہے، امراض دور رہتے ہیں اور بدن کی چکنائیاں کم ہوتی ہیں۔ تجرباتی طور پر اسے بندروں پر آزمایا گیا اور انہیں شام 5 بجے سے لے کر صبح 8 بجے تک کچھ نہیں کھلایا گیا اور اس کے بہترین اثرات مرتب ہوئے۔یونیورسٹی آف وسکانسن کے پروفیسر روزالن اینڈرسن کا کہنا ہے کہ کیلوریز کم کرنے سے عمر رسیدگی کو دور کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ کم خوراکی سے امراضِ قلب اور کینسر کو بھی دور کیا جاسکتا ہے

انہوں نے بتا یا کہ گزشتہ سات آٹھ برس سے یہ بحث جاری تھی کہ کیا خوراک میں حرارے کم کرنے سے جسم پر کوئی فرق پڑتا ہے یا نہیں اور اب نئی تحقیق سے یہ معاملہ بہت حد تک طے پاگیا ہے۔ وہ ایک چیز جو پاکستانیوں کو بے حد پسند ہے، صرف ایک مرتبہ کھانے سے بھی جگر کی بیماری لاحق ہوسکتی ہے، جرمن سائنسدانوں نے خبردار کردیا 2009 میں یونیورسٹی آف وسکانسن کے ماہرین نے رہیسس بندروں پر کچھ تجربات کئے اور ان کی خوراک میں 20 فیصد کمی کردی گئی۔ جنہوں نے کم کھایا وہ اپنی اوسط عمر 26 سال کے مقابلے میں اوسطاً 9 سال زیادہ زندگی پائی۔

ان بندروں میں امراضِ قلب اور کینسر کی شرح بھی کم تھی جس کے بعد ماہرین نے اندازہ لگایا کہ حرارے کم کرنے سے بڑھاپے کو روک کر عمر بڑھائی جاسکتی ہے ۔ اب ایک اور مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ اگر درمیانی عمر کے بندروں میں خوراک کو 20 فیصد تک کم کردیا جائے تو وہ زیادہ عمر پاتے ہیں اور بیمار کم ہوتے ہیں لیکن جوان اور نوعمر بندروں پر اس کے مثبت اثرات مرتب نہیں ہوتے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اگر درمیانی عمر والے خواتین و حضرات شام 5 سے صبح 8 بجے تک کچھ نہ کھائیں تو اس کے بہت مفید اثرات مرتب ہوتے ہیں اور عمر دراز ہوسکتی ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) ملک میں کرپشن میں کمی کے باعث پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری آگئی، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے انڈیکس میں پاکستان ایک سو سولہ ویں نمبر پر آگیا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنشنل نے کرپشن پرسیپشن انڈیکس 2016 جاری کر دیا، اکیس سال میں پہلی بار پاکستان دنیا کے ایک تہائی کرپٹ ممالک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے وسط درجے کے ممالک میں شامل ہوا ہے۔

کرپشن پرسیپشن انڈیکس کے مطابق سال 2016 میں پاکستان کا اسکور دو پوائنٹس اضافے کے بعد بتیس پوائنٹس ہوگیا ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹر نشنل کے رپورٹ کے مطابق پاکستان کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے مگر اس میں ابھی بھی مزید بہتری کی گنجائش ہے۔ خیال رہے کہ سال 2015 میں انڈیکس میں پاکستان کا نمبر ایک سو ستر واں تھا۔ ایشیاء پیسکف کے بارے میں کرپشن واچ ڈاگ کا کہنا ہے کہ خطے کے بیشتر ممالک میں حکومت کی جانب کرپشن کے خاتمے کو سائڈلائن کر دیا گیا، بیشتر ممالک میں کرپشن کے باعث معاشرتی عدم مساوات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس)ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اورسابق عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمزآسٹریلین اوپن کے مکسڈ ڈبلز کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ ثانیہ مرزا نے اپنے ساتھی ایوان دودگ کےساتھ روہن بوپنا اور ڈبراوسکی کوہرادیا۔

ثانیہ مرزا اور ایوان کی کامیابی کا اسکور چھ چار ، تین چھ اور بارہ دس رہا ۔ امریکا کی سرینا ولیمز نے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کی جوہانہ کونٹا کو ہرایا ۔ان کی کامیابی کا اسکور چھ دو اور چھ تین رہا ۔

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)آئندہ ماہ بارسلونا میں شیڈول موبائل ورلڈ کانگریس میں اس بار سام سنگ کا فلیگ شپ فون تو سامنے نہیں آرہا مگر ایل جی 26 فروری کو اپنے جی سیریز کے نئے فون کو ضرور متعارف کرائے گی۔ ایل جی کے اس نئے اینڈرائیڈ فلیگ شپ فون کی پہلی تصویر سامنے آگئی ہے۔ایل جی جی سکس 5.7 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہوگا جو کو کسی حد تک ایج لیس ہوگا اور فی الحال مارکیٹ میں اس کے مقابلے میں کوئی فون نہیں صرف شیاﺅمی کا می مکس قریب تر کہا جاسکتا ہے۔

می مکس کی طرح جی سکس کا ڈسپلے خم کھائے کونوں کے ساتھ ہوگا۔گزشتہ سال کے موڈیولر ڈیزائن کو ترک کرکے اس بار ایل جی نے اپنے فوج کے ڈیزائن پر خصوصی توجہ دی ہے اور اسے گلاس اور میٹل سے تیار کیا ہے۔ جی سکس میں ہیڈ فون جیک بھی ہوگا اور یہ ممکنہ طور پر واٹر پروف ہوگا جبکہ اس کی بیٹری کو بدلا نہیں جاسکے گا۔ڈوئل رئیر کیمرہ، فنگر پرنٹ سنسر بھی جی سکس کا حصہ بنیں گے۔گزشتہ برسوں کے دوران ایل جی کے اسمارٹ فونز کی فروخت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے مگر جنوبی کورین کمپنی کو توقع ہے کہ اس بار اس کا فلیگ شپ فون کامیابی حاصل کرسکے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی( فیصل آباد) ایم پی اے محمدنوازملک نے کہاہے کہ عمران خان پانامہ کیس کافیصلہ آنے کے بعدبنی گالہ میں شام غریباں منائیں گے۔وہ قبل ازوقت مفروضے پرمبنی گفتگوکرکے عوام کوبے و قوف اورہمدردی حاصل کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ عدلیہ آزاداورخودمختارہے جہاں سب کوقانون اورآئین کے مطابق ہی فیصلوں کی توقع رکھنی چاہئے۔وقت ثابت کرے گاکہ عمران خان نے الزامات کی سیاست میں قوم کاوقت ضائع کیا۔میاں نوازشریف پانامہ سے بھی سرخروہوں گے اور2018ءکے انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کونہ پہلے کوئی سیاسی فائدہ ہوانہ آئندہ ہوگا۔مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے ہاتھ کرپشن سے پاک ہیں قوم کوان پرمکمل اعتمادہے ۔

عمران خان اوران کے ٹولے کوشکست در شکست کاسامناکرناپڑے گا۔ حکومت نے توانائی بحران سمیت ملکی تعمیروترقی اورعوام کی خوشحالی کے لئے جواقدامات کئے ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔آئندہ ہونے والے عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ ن پہلے سے زیادہ نشستیں جیت کراقتدارمیں آئے گی۔

 

 

 

ایمزٹی وی(سری نگر)مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں 3 کشمیری شہید ہوگئے۔
سری نگر سے 15 کلو میٹر دور ہدورا کے علاقے میں بھارتی فوج اور اسپیشل پولیس آپریٹنگ گروپ نے ایک گھر میں چھاپہ مارتے ہوئے 2 نوجوان کشمیریوں کو اٹھا کر جعلی مقابلے میں شہید کردیا جب کہ پولیس کا دعویٰ ہے سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں مارے جانے والے دونوں افراد غیرملکی ہیں۔
دوسری جانب لائن آف کنٹرول کے قریب سندبانی سیکٹر میں بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے ایک اور نوجوان کشمیری کی جان لے لی جب کہ فوجی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علیحدگی پسندوں کے ایک گروپ کی جانب سے فوجیوں پر فائرنگ کی گئی اور جوابی فائرنگ میں ایک شخص مارا گیا جب کہ دیگر افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واضح رہے کہ تحریک آزادی کے کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے مقبوضہ وادی میں کرفیو کے باوجود کشمیری عوام قابض فوج کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(بیجنگ)جنوبی بحیرہ چین کے حوالے سے وائٹ ہاؤس کے حالیہ بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے بیجنگ نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ چین کے داخلی معاملات میں مداخلت کرنے سے باز رہے۔
گزشتہ روز وائٹ ہاؤس ترجمان نے پریس کانفرنس کے دوران جنوبی بحیرہ چین سے متعلق آئندہ امریکی حکمت عملی کے بارے میں ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ اس خطے میں اپنے مفادات کے تحفظ کو ہر صورت میں یقینی بنائے گا۔
وائٹ ہاؤس کا یہ مؤقف مسترد کرتے ہوئے چین نے واضح کیا ہے کہ جنوبی بحیرہ چین کا علاقہ ’’ناقابلِ تردید طور پر‘‘ اس کا حصہ ہے اور امریکہ اس خطے کو متنازعہ قرار دے کر وہاں دخل اندازی سے باز رہے۔
واشنگٹن کو جواب دیتے ہوئے چینی وزارتِ خارجہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ امریکہ بحیرہ چین کے معاملے میں فریق نہیں اور اس خطے پر استحقاق کے حوالے سے چین کی پوزیشن بالکل واضح اور اس کے تمام اقدامات قانونی ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(نئی دہلی)پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے خلاف پروپیگنڈے کا کوئی موقع ضائع نہ کرنے والے بھارتی میڈیا نے اب دعویٰ کیا ہے کہ ہمسایہ ملک سے بھارت میں تربیت یافتہ خودکش کتے بھیجے جارہے ہیں۔
بھارتی چینل نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی نے بھارت کو خوفزدہ کرنے کیلیے خودکش جانورداخل کیے ہیں۔اس سے قبل بھارتی میڈیا نے پاکستان پرجاسوس کبوتربھیجنے کا الزام عائد کیا تھا اورپھرنام نہاد سرجیکل اسٹرائیکس جیسا بھونڈا دعویٰ کیا گیا اوریہ سلسلہ چلتے چلتے اب خودکش جانوروں تک آپہنچاہے اوربھارت آج تک ان الزامات کو ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(واشنگٹن) نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج ایک خصوصی صدارتی حکم نامے پر دستخط کریں گے جس کے تحت شامی پناہ گزینوں اور مسلم ممالک سے تارکین وطن کے امریکا میں داخلے پر پابندی لگادی جائے گی جبکہ امریکا کے ساتھ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر بھی شروع کردی جائے گی۔
اس حکم نامے کے بعد ایران، عراق، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن سے آنے والے پناہ گزینوں کو امریکی سرزمین پر داخل ہونے نہیں دیا جائے گا اور یہ پابندی ممکنہ طور پر کئی ماہ کےلئے ہوگی۔
علاوہ ازیں تمام ملکوں سے تارکین وطن کی امیگریشن درخواستوں پر کارروائی بھی اس وقت تک کےلئے روک دی جائے گی جب تک امریکی محکمہ خارجہ اور ہوم لینڈ سیکیوریٹی ڈیپارٹمنٹ نئے قواعد و ضوابط کو حتمی شکل نہیں دے دیتے، جو متوقع طور پر بہت سخت ہوں گے۔
گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں آنے والے دن کو ’’بڑا دن‘‘ قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ بہت سی دوسری چیزوں کے علاوہ دیوار بھی تعمیر کریں گے۔ اندازہ ہے کہ مذکورہ صدارتی حکم نامے کے ذریعے امریکہ میں غیرقانونی طور پر مقیم تارکینِ وطن کو بھی بے دخل کردیا جائے گا۔