Tuesday, 08 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمز ٹی وی (کراچی) شہر قائد کے علاقے گڈاپ میں رینجرز کی کارروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے۔دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیاگیا۔

تفصیلات کےمطابق ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق شہرقائد کے علاقےگڈاپ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ شروع کردی۔

رینجرز کی جوابی کارروائی میں چار دہشت گرد موقع پر ہلاک ہوگئے،ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے،

دہشت گردوں کی لاشیں اور اسلحہ رینجرز نے پولیس کی تحویل میں دے دیا جبکہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری ہے۔

 
 

ایمز ٹی وی ( کوئٹہ )سبزل روڈ پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایف سی کے 2 اہلکاروں کو شہید اور ایک کو زخمی کردیا۔

زرائع کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے سر پل میں سبزل روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار موقع پر ہی جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا، زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

 

دوسری جانب پولیس اور ایف سی کی بڑی تعداد نے علاقے کا گھیراؤ کر کے دہشت گردوں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

 
 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاج کی تاریخ کے اعلان کے بعداحساس ہواکہ چھٹی کے روز بھر پور احتجاج کرناممکن نہیں،احتجاج اتوار30 اکتوبرکے بجائے کسی اوردن کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ابھی تک دن پر اتفاق نہیں ہوسکا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی صدارت میں بنی گالا میں تحریک انصاف کی اسلام آباد کی رہنماؤں کا اجلاس ہوا اجلاس میں اسلام آباد سے رکن اسمبلی اسد عمرسمیت دیگر رہنما شریک تھے ۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں تفصیلی غورخوص کے بعداسلام آباد کا احتجاجی پروگرام30 اکتوبر کے بجائے کسی متبادل دن کو کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے تاہم اس حوالے سے ختمی فیصلہ آئندہ چند روز میں پارٹی کے اعلیٰ قیادت کی میٹنگ میں کیاجائے گا۔
ذرائع نےمیڈیا کو بتایا کہ چونکہ30 اکتوبر کو اتوار کا دن ہے اور اسلام آباد میں سرکاری چھٹی ہونے کے باعث ادارے بند ہوتے ہیں اور اسلام آباد ویران اور سڑکیں سنسنان ہوتی ہیں ۔اس لیے پارٹی رہنماؤں نے فیصلہ کیاہے کہ اسلام آباد کا احتجاجی پروگرام 30 اکتوبر اتوار کے بجائے کسی دوسرے دن کیاجائے۔

ذرائع نے بتایا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد کا احتجاج کامیاب بنانے کے لیے تمام تر ذمے داریاں اسلام آباد کی قیادت کے ذمے لگا دیں ہیں اس سلسلے میں میٹنگ میں اسلام آباد سے رکن اسمبلی اسد عمر کی صدارت میں ایک چھ رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جواسلام آباد کے احتجاج کے انتظامات سمیت دیگر امور کی نگرانی کرے گی عمران خان راولپنڈی سے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد آئیں گے اسی طرح خیبرپختون خواکے وزیر اعلیٰ پشاور سے احتجاجی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد آئیں گے۔


ایمزٹی وی(تعلیم/پنجاب)محکمہ تعلیم راولپنڈی نے ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں کا موسم سرما میں اوقات کار کا شیڈول جاری کردیا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 16اکتوبر سے 31مارچ تک اسکول صبح8:30 بجے کھلیں گے جبکہ 2:30 بجے بند ہوں گے جبکہ جمعہ کے رو8:30 سے دوپہر12:30 بجے تک کھلیں رہیں گے.

ڈبل شفٹ والے اسکول صبح 7.45سے 1.45تک کھلیں گے جبکہ مارننگ شفٹ میں اسکول 1.15سے 5.15تک کھلیں رہیں گے

تعلیمی اداروں میں اوقات کارکا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیاہے ۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد) چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا کہنا ہے کہ عوام کو حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا نہیں کہا بلکہ عوام کو اپنے ووٹ کے صحیح استعمال کا کہا تھا۔
سپریم کورٹ میں اورنج لائن ٹرین منصوبے کی سماعت کے موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز عدالت میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ عوام حکومت کو منتخب کرتے ہیں اس لئے عوام کو اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرنا چاہیئے، عوام کو حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا نہیں کہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف ایک اخبار کی غلط رپورٹنگ دیکھی ہے، عدالت کی کل کی کارروائی کو غیر ذمہ دارانہ انداز میں رپورٹ کیا گیا، میڈیا کو خیال کرنا چاہیئے، سنسنی نہیں پھیلانی چاہیئے۔
سماعت کے موقع پر اورنج لائن ٹرین منصوبے کے حوالے سے دونوں فریقین نے 3، 3 ماہرین کے نام جمع کروائے جس پر عدالت نے فریقین کو ماہرین کے ناموں پر تبادلہ خیال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کوشش کریں کسی ایک نام پر اتفاق ہو جائے تو کارروائی آگے بڑھائیں تاہم فریقین کے مابین اتفاق نہ ہونے پر سپریم کورٹ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے پر 2 رکنی کمیشن تشکیل دے دیا۔


ایمزٹی وی(پشاور)تحریک انصاف نے وزیر اعظم کیخلاف آف شورکمپنیوں کے حوالے سے جاری تحریک کے دوران خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے ہتھیار کو تیسرے آپشن کے طور پر استعمال کرنے پر اتفاق کیاہے تاہم اسمبلی تحلیل کے حوالے سے پی ٹی آئی کی دونوں اتحادی جماعتیں اس سے متفق نہیں اور اپوزیشن نے بھی اسمبلی کی تحلیل کومتفقہ طور پر روکنے کاعندیہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس ضمن میں گورنرسے رابطہ اورعدالت سے رجوع کرتے ہوئے اسمبلی کو ہرصورت بچایا جائے گا۔

تحریک انصاف نے 30 اکتوبر کووزیراعظم کیخلاف اسلام آباد میں دھرنے سے تحریک کے نئے آغازپر3آپشنز پر کام کرنے کافیصلہ کیا ہے جس کے تحت پہلے آپشن کے تحت مذکورہ دھرنے ہی کے ذریعے وزیر اعظم کو اپنے عہدہ سے مستعفی ہونے پرمجبورکیاجائے گاتاہم ایسا نہ ہونے پردوسرے آپشن کے طورپر تحریک انصاف ارکان اسمبلی مستعفی ہوں گے ،اس بارے میں تحریک انصاف ڈپٹی پارلیمانی سیکریٹری شوکت یوسفزئی نے ایکسپریس کو بتایا خیبر پختونخوا اسمبلی سے استعفے یا اس کی تحلیل ہماراتیسرا آپشن ہو گا، حالات کے مطابق آپشنز کا استعمال کیا جائے گا۔

صوبائی حکومت ترجمان مشتاق غنی نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ اسملبی تحلیل کرنے کا آپشن استعمال کیاجاسکتاہے تاہم یہ آخری آپشن ہو گا، اگراستعفوں کوفیصلہ ہوا تو پہلا نمبر ایم این ایز کا ہی ہو گا، خیبر پختونخوا اسملبی کانمبر آخری ہوگا، جب مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اورنگزیب نلوٹھہ کیساتھ رابطہ کیاگیا تو انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف جان بچاکر بھاگنے کے چکر میں ہے کیونکہ ساڑھے 3 سال میں انھوںنے کچھ نہیں کیا جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو تمام اپوزیشن جماعتوں سے مل کر اس کا راستہ روکاجائے گا


ایمزٹی وی(تعلیم/ لاہور) تعلیمی بورڈ میں گیارہویں جماعت کے بعض طالبعلموں کو حیران کن نمبر ملنے اور بعض کے فیل ہوجانے پر طلبا کا احتجاج رنگ لے آیا اور چیئرمین بورڈ نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے کاپیوں کی ری چیکنگ کی یقین دہانی کرادی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے گیارہویں جماعت کے امتحانات کی انوکھی چیکنگ کرنے پر طالبعلموں کی جانب سے لاہوربورڈ کے خلاف پریس کلب کےسامنے احتجاج کیا گیا جس کے بعد طلبا نے پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیتے ہوئے امتحانی بورڈ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

فرسٹ ائیرکے امتحانات کی چیکنگ میں لاہور بورڈ نے انوکھا کارنامہ دکھایا اور 85 نمبروں والے پرچے میں بچوں کو ٹوٹل نمبروں میں سے بھی زیادہ نمبر دے ڈالے۔
اسی طرح انگریزی اور اردو کے پرچوں میں بھی طلبہ کو 100 میں سے 100 نمبر دیئے گئے جو مارکنگ کے اصولوں کے مطابق کسی صورت ممکن نہیں۔

نمبروں کی اندھی تقسیم کے خلاف طلبا نے بورڈ کے خلاف احتجاج کیا تو وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے جواب طلب کرلیا جس کے بعد چیئرمین بورڈ نے بھی غلطی تسلیم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ ری چیکنگ کا عمل آئندہ ایک ہفتے میں شروع کردیا جائے گا۔

چیئرمین بورڈ محمد اسماعیل کا کہنا ہے کہ ہم نے ایک لاکھ 40 ہزار طالبعلموں کا نتیجہنکالا ہے کسی کو زائد نمبردینا ممکن نہیں تاہم جن طلبا نے غلط مارکنگ کا الزام لگایا ہے ان سے درخواستں ما نگ لی ہیں اور جو طالب علم ری چیکنگ کی فیس نہیں دے سکتے ان سے فیس نہیںلی جائے گی۔

 


ایمزٹی وی(ایبٹ آباد/تعلیم) ایبٹ آباد میں د م توڑ کے قریب ندی ہرو پور پر قائم چیئرلفٹ خراب ہو نے سے 10بچے پھنس گئے ۔
ذرائع کے مطابق دم توڑ کے قریب ندی پر قائم دیسی ساختہ لفٹ اسکول کے بچوں کو دوسرے پار لیکر جا رہی تھی کہ راستہ میں ہی خراب ہو کر رک گئی اور ہوا میں جھولنے لگی جس کے باعث لفٹ میں سوار اسکول کے 10بچے پھنس گئے تاہم بعد میں لفٹ کو ٹریکٹر کی مدد سے کھینچ کر بحفاظت نکال لیا گیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لفٹ دو گاﺅں کے درمیان لوگوں کو ادھر ادھر لیجانے کیلئے نصب ہے جو دیہاتیوں کو سڑک سے ملاتی ہے تاہم واقعے کے بعد لفٹ کی مرمت جاری ہے ۔


ایمزٹی وی(تعلیم/پنجاب)سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ میں گلے ،سانس کی بیماریوں اور بینائی متاثرہونے کی شکایات میں اضافے پر حکومت پنجاب نے راولپنڈی کے تمام تعلیمی اداروں میں بلیک بورڈاور چاک کے استعمال پر پابندی عائد کردی، تعلیمی اداروں میں وائٹ بورڈ لازمی قرار دیدیا گیا۔

ذرائع سے معلوم ہواہے کہ صوبہ بھر میں سرکاری اسکولوں میں مسلسل بلیک بورڈ پر چاک کے استعمال سے اساتذہ نے گلے ، سانس کی بیماری اور بینائی متاثر ہونے کی شکایات کیں جس پر حکومت نے بلیک بورڈاور چاک کے استعمال پر پابندی لگادی۔

ضلعی محکمہ تعلیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ پرائمری ،مڈل ،ہائی اورہائیر سیکنڈری اسکولوں میں وائٹ بورڈ کے استعمال کویقینی بنائیں، پابندی کے اقدام کو اسکول ہیڈز ، اساتذہ نے سراہا اورکہاکہ اس سے اساتذہ بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہیں گے ،محکمہ تعلیم کے ترجمان کے مطابق احکامات ملنے پر تعلیمی اداروں کو ہدایات دیں گے کہ وہ ایس او پی کے مطابق بلیک بورڈ اورچاک کا استعمال ترک کرکے وائٹ بورڈ کے استعمال کو یقینی بنائیں۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور قومی سلامتی کے اجلاس کی خبر لیک ہونے پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور ملکی امور سمیت اہم قومی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیراعظم نواز شریف کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی خبر لیک ہونے کے حوالے سے انکوائری پر بریفنگ بھی دی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے دورہ آزربائیجان سے واپسی تک معاملے کی انکوائری مکمل کر لی جائے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے متعلق نجی اخبار میں شائع ہونے والی من گھڑت خبر پر تشویش کا اظہارکیا گیا۔

شرکا نے اس خبر کو رپورٹنگ کے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے کہا کہ خبرمیں غیرمستند اور گمراہ کن مواد شامل کرکے قومی سلامتی سے متعلق ریاستی مفادات کوخطرے میں ڈالا گیا۔ وزیر اعظم نے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے تعین اور ان کےخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔