ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) پاپ میوزک کی ملکہ اور منفرد لباس متعارف کرانے والی لیڈی گاگا نے بھی اپنا جیون ساتھی تلاش کرلیا۔
پاپ موسیقی کی ملکہ لیڈی گاگا نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی اور انہوں نے جیون ساتھی کا انتخاب کرلیا۔ 28 سالہ گلوکارہ نے بتایا کہ ویلنٹائن ڈے پرشوبز سے وابستہ 33 سالہ ٹیلر کینی نے انہیں ہیرے کی انگوٹھی دے کر پرپوز کیا جس پر وہ انکار نہ کرسکیں۔ گاگا نے اعلان کیا کہ وہ جلد ٹیلر کینی سے شادی کریں گی اور شادی کے روز اپنی والدہ کا عروسی جوڑا زیب تن کریں گی۔
لیڈی گاگا کے 33 سالہ مجازی خدا ٹیلرکینی ٹی وی شوز کے حوالے سے جانا پہنچانا نام ہیں اور انہوں نے لیڈی گاگا سے اعلان محبت کے لئے ویلنٹائن ڈے کے دن کا انتخاب کیا۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی ) کے ریڈیو اسٹیشنز نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2015ء کی غیر قانونی لائیو کمنٹری شروع کردی جس کیخلاف ایف ایم 107 کی انتظامیہ نے قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا۔
ایف ایم 107 کے چیف آپریشن آفیسر شہزاد قریشی کی جانب سے پی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء کے میچوں کی لائیوکمنٹری کے حقوق ایف ایم 107کے پاس ہیں لیکن پی بی سی غیر قانونی طور پر یہ حقوق استعمال کر رہا ہے۔ ہمیں اسوقت شدید دھچکا لگا جب پی بی سی کے پاس حقوق نہ ہونے کے باوجودمختلف ایم ڈبلیو/ اے ایم ریڈیو سٹیشنز پرکرکٹ ورلڈ کپ کے میچوں کی لائیوکمنٹری جاری تھی۔ یہ نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ پی بی سی کے اس اقدام نے حکومت کا امیج بھی خراب کیا ہے۔
مراسلے میں انتباہ کیا گیا ہے کہ اگر یہ غیر قانونی لائیوکمنٹری فوری طور پر نہ روکی گئی توہمارے پاس پی بی سی، وزارت اطلاعات، وزراء اورسیکریٹری اطلاعات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے سواکوئی آپشن نہیں ہوگا اگر پھر بھی اسی طرح پی بی سی کے سٹیشنز سے یہ لائیو کمنٹری کی غیر قانونی ٹرانسمیشن جاری رہی تو اپنے حقوق کے حصول کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رجوع کرینگے جس کے نتیجہ میں پی بی سی کو مستقبل میں براڈ کاسٹ کے حقوق حاصل کرنے کے سلسلے میں بلیک لسٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔ مراسلے میں پی بی سی کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ایسے اقدام سے باز رہے جس سے پاکستان کی منتخب حکومت کی بدنامی ہواور آئی سی سی جیسے باوقار عالمی اداروں کے سامنے سبکی کا سامنا کرنا پڑے۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان اوربھارت کے درمیان ورلڈ کپ میچ پر بھارت میں 30 ہزار کروڑ روپے کا جوا کھیلا گیا۔
اگرچہ ممبئی میں بکیز کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون جاری لیکن بھارتی سٹہ مافیا بھرپور انداز میں اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے، ایک بکی نے کہاکہ اب سٹہ بازار ممبئی سے ناشک گجرات منتقل ہوگیا ہے۔ ایک اور بکی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ جیتے کیلیے آسٹریلیا فیورٹ ہے جس کیلیے 2.40 روپے کا دائو آفر کیا گیا،پاکستان کی فتح پر ایک روپیہ لگانے والے کو ٹیم کے چیمپئن بننے پر ساڑھے 9 روپے ملیں گے۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستانی سلیکٹرز کی جانب سے نظر انداز عبدالرزاق غیروں کو اب بھی یاد ہیں۔
اتوار کو ایڈیلیڈ میں ورلڈ کپ میچ میں فتح کے بعد بھارتی کپتان دھونی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ماضی جیسے کھلاڑی نہیں ہیں تاہم اب بھی ٹیلنٹ کی کمی نہیں، کئی باصلاحیت بولرز بھی موجود ہیں، عبدالرزاق جیسے آل رائونڈرز گرین شرٹس کی قوت ہوا کرتے تھے لیکن اب یہ سہولت میسر نہیں ہے، اچھا آل رائونڈر نہ ہونے کی وجہ سے کمبی نیشن نہیں بن پارہا، موجودہ وسائل کے پیش نظر ٹیم کو 3 فاسٹ بولرز اور 2 اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنا پڑتا ہے، اگر ایک ایسا آل رائونڈر ہو جو پیسر کے طور پر بھی موثر کردار ادا کرسکے تو اسکواڈ متوازن ہوسکتا ہے۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) بھارت سے بدترین شکست کے بعد جاوید میانداد ٹیم مینجمنٹ پر برس پڑے، سابق کپتان کا کہنا ہے کہ اسپیشلسٹ کو چھوڑ کر آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں کو ٹیم میں جگہ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارتی ٹیم سے کبھی نہ جیتنے کی روایت برقرار رہنے پر میانداد بھی سخت نالاں ہیں، آئی سی سی کیلیے خصوصی کالم میں انھوں نے تحریر کیا کہ مینجمنٹ نے غلط ٹیم کھلا کردنیا بھر میں موجود پاکستانی شائقین کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، بڑے میچزمیں ٹیمیں اپنے بہترین11کھلاڑی میدان میں اتارتی ہیں، تجربات نہیں کیے جاتے، افسوس کہ پاکستان کویہ آسان فارمولا کبھی سمجھ نہیں آتا، مینجمنٹ نے غلط ٹیم کھلا کردنیا بھرمیں پاکستانی شائقین کودھچکا پہنچایا، یونس خان سے اننگز اوپن کرانے میں کیا راکٹ سائنس تھی میری سمجھ سے بالا تر ہے، انھوں نے سوال کیا کہ اوپنرناصرجمشید کوکیا صرف وارم اپ میچ کھلانے کیلیے بھیجا گیا تھا؟ ریگولروکٹ کیپرسرفرازاحمد جارحانہ بیٹنگ بھی کرلیتے ہیں انھیں ڈراپ کرنے کی کیا منطق تھی؟ میانداد نے کہا کہ مجھے عمراکمل کی جانب سے کوہلی کا کیچ ڈراپ کرنے پرحیرت نہیں ہوئی کیونکہ وہ کئی بارایسا کرچکے ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ اپنی قوت کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہے،اسپیشلسٹ کو چھوڑ کر آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں کی ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش ہوئی،ملک کا مفاد پہلے اور افراد بعد میں آتے ہیں، یہی پیش نظر رکھ کر فیصلے کرنے کی ضرورت ہے لیکن ایسا نہیں کیا جارہا،ہم اپنی بیٹنگ بھی نمبر 8تک دیکھنا چاہتے ہیں، اس کے ساتھ چھٹے بولر کو بھی ضروری سمجھا جا رہا ہے، انھوں نے کہا کہ غلط حکمت عملی سے مصیبت کو خود ہی آواز دیدی گئی دوسری جانب بھارت کا ہوم ورک بہت اچھا تھا،شیکھر دھون اور ویرات کوہلی نے خراب گیندوں کا انتظار کرتے ہوئے اچھی بنیاد فراہم کی، پاکستان محمد عرفان کے قد کا فائدہ اٹھا سکا نہ تینوں اسپنرز لائن اور لینتھ پر بولنگ کرسکے، سابق کپتان نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو ابتدا میں ہی ایک بڑا جھٹکا لگ گیا ہے، اب پلیئرزکے کندھوں سے بوجھ اتر جانا چاہیے،اگلے 5گروپ میچز پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
ایمز ٹی وی(سندھ) دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف شکارپور سے روانہ ہونے والے لانگ مارچ قافلے کے شرکاء دولت پور پہنچ گئے۔ جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر لانگ مارچ شرکاء کا کہنا تھا کہ شیعہ نسل کشی روکنے کے بجائے مزید بڑھتی جارہی ہے۔ انہوں نے سانحہ شکار پور کے ملزمان کی گرفتاری کا پھر مطالبہ کیا جبکہ لانگ مارچ کے قائد مولانا امین مشہدی اور علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ قافلہ دولت پور سے کراچی کیلئے روانہ ہوگا جہاں انصاف کے ملنے تک وزیر اعلی ہاؤس کا گھیراؤ جاری رہے گا۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) نیوزی لینڈ کے امیگریشن ماہرین نے ورلڈ کپ کے دوران ملک میں ویزا فری انٹری سے جعلسازوں کے فائدہ اٹھانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
میگا ایونٹ کیلیے آسٹریلوی ویزے کے حامل شائق کو نیوزی لینڈ آمد پر ویزا جاری کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق شائقین کی آڑ میں وہ لوگ بھی آسانی سے ملک میں داخل ہوسکتے ہیں جن کا عام حالات میں شاید یہاں آنا ممکن ہی نہ ہوتا، انھیں صحت سے متعلق پابندیوں کو پوراکرنا پڑے گا نہ ہی یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہوگی کہ نیوزی لینڈ میں رہنے کیلیے ان کے پاس کافی رقم موجود ہے۔
مقامی اخبار نے دعویٰ کیا کہ ایک چینی پاسپورٹ ہولڈر کو بنگلہ دیش اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان نیلسن میں شیڈول میچ کا صرف 10 ڈالر مالیت والا ٹکٹ دکھانے پر ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی،اس نے واضح طور پر کہا کہ میرا میچ دیکھنے کا کوئی ارادہ بھی نہیں ہے۔ عام طور پر چین میں نیوزی لینڈ کا ویزا حاصل کرنے کیلیے 22 ہزار ڈالر کے قریب رقم خرچ کرنا پڑتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر کسی شائق کے پاس نیوزی لینڈ کا ویزا ہے تب بھی اسے آسٹریلیا جانے کے لیے وہاں کا ویزا حاصل کرنا پڑے گا۔
ایمز ٹی وی (بدین) ماتلی، تیز رفتاری کے باعث کار نہر میں جا گری۔ کار میں خاتون سمیت چار افراد سوار تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ حادثےکے نتیجے میں ماں اور بیٹا ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔تاہم 1 شخص کو بچالیا گیا ہے جبکہ چوتھےکی تلاش جاری ہے۔