Wednesday, 20 November 2024
کراچی: قصور میں3 معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی، بہیمانہ تشدد اور قتل پر جہاں ہر آنکھ اشکبار ہے وہیں شوبز فنکاروں نے بھی واقعے پر حکومتی نااہلی پر اظہار افسوس کیا ہے۔
 
گزشتہ روز پنجاب کے شہر قصور کے علاقے چونیاں انڈسٹریل اسٹیٹ سے 3 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جن میں سے ایک بچے کی شناخت سفیان کے نام سے ہوئی جب کہ دیگر دونوں بچوں کی لاشیں ناقابل شناخت تھیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچے کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی تھی۔ اس واقعے نے گزشتہ برس قصور میں پیش آنے والے زینب قتل کیس کی یاد تازہ کردی اور لوگ ایک بار پھرحکومت اورانتظامیہ کی نااہلی پر برس پڑے جن میں شوبز فنکار بھی شامل ہیں۔
 
اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل نے قصور میں تین بچوں کی ہلاکت پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں لمبے عرصے سے قصور میں کام کررہی ہوں اور یہ دیکھنا تباہ کن ہے کہ وہاں بچوں کے ساتھ کیاہوتاہے، کیسے انہیں نام نہاد انصاف دیاجاتاہے۔
 
قصور واقعے پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے لیے جانے والے نوٹس پر نادیہ جمیل نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ نوٹس؟ قصور میں یہ سب نیا نہیں ہورہا اگر آپ پہلے نوٹس لے لیتے تو یہ واقعات ہوتے ہی نہیں۔ خدا کے لیے ان بچوں کا بھی نوٹس لیں جو بچ گئے ہیں۔ وہ بچے جو درندگی کا شکار ہوتے ہیں انہیں انصاف نہیں ملتا اور دوسرے بچے مسلسل بدسلوکی ہونے کے ڈر میں جی رہے ہیں۔
 
نادیہ جمیل کے علاوہ اداکارہ ماہرہ خان نے بھی قصور واقعے پر وزیراعظم عمران خان کی اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا جس میں وہ قصور واقعے میں ملوث مجرموں کو احتساب کے کٹہیرے میں لانے کی بات کررہے ہیں۔
کراچی: بے نظیر بھٹوشھید یونیورسٹی، لیاری کراچی میں پہلا لیاری لٹریچر فیسٹیول 21 اور22 ستمبر2019 کومنعقد کیا جارہاہے۔اس کا اعلان مہاردر آرٹ اینڈ پروڈکشن (ایم اے پی) کے ایل ایل ایف کی پروگرام منیجر سعدیہ بلوچ نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ایل ایل ایف کاشریک بننے پر بینظیربھٹوشہیدیونیورسٹی کاشکریہ کرتے ہوئے سعدیہ بلوچ کا کہناتھاایل ایل ایف یونی ورسٹی کے وائس چانسلر اور انتظامیہ کے کردار کو سراہتی ہے کہ جنھوں نے اس میں خاص دلچسپی لی اوربھرپورتعاون کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی خاص کر لیاری کااصل ادبی و فن دوست رخ پیش کرنا اور جامعات و تعلیمی اداروں میں پر امن ماحول کوتقویت دینا ہمارے مقاصد میں شامل ہیں
 
پریس کانفرنس سےخطاب کرتےہوئےجامعہ کے وائس چانسلرڈاکٹراختر بلوچ کا کہنا تھا کہ نہ صرف طلبہ کی فکری تعمیر و ترقی بلکہ جامعات کے کلیدی کردار کو مستحکم کرنے کی خاطر جامع نے ہمیشہ ایسے پروگرامز میں معاون کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے مہردر آرٹ اینڈ پروڈکشن کے اس اقدام کو سراہا اور لوگوں کو پہلے لیاری لٹریچر فیسٹول میں بھرپور شرکت اور لیاری کے اصل رنگ کو اجاگر کرنے کی دعوت دی۔
 
ڈائریکٹر مہردر جناب وحید نور نے کہا کہ اس میں شرکت کی دعوت عام ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ اس تقریب میں3ہزار سے زائد لوگ پاکستان بھر، خاص کر کراچی اور اس کے مختلف علاقوں سمیت نزدیک تریں اضلاع سے بھی بڑی تعداد میں شرکت کریں گےمیلے کی اہم خصوصیات بتاتےہوئےان کاکہناتھاکہ جس میں پینل ڈسکشن، دو مشاعرے (پہلے دن مادری زبانوں جبکہ دوسرے دن اردو زبان میں منعقد ہوگا جس میں مشھور شاعر جوش ملیح آبادی کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا)فلموں کی نمائش، موسیقی، مشھور روایتی رقص لیوہ اور قوالی شامل ہیں۔
 
لاڑکانہ : شہید بینظیر یونیورسٹی لاڑکانہ کے آصفہ ڈینٹل کالج میں پراسرار طور پر جاں بحق ہونے والی طالبہ نمرتا کے ورثا سے تعزیت کے دوران جب ورثا اور دیگر شہریوں نے وائس چانسلر انیلا عطا رحمان پر سخت سوالات کی بوچھاڑکرنے پر وڈیو ریکارڈ کرنے والے صحافی کو ڈانٹنا شروع کر دیا۔
 
صحافی نے ریکارڈنگ جاری رکھی تو وائس چانسلر صاحبہ نے اسے تھپڑ مار دیا۔ وی سی کا کہنا ہے کہ لڑکی نے خودکشی کی ہے، لیکن ورثا کا موقف ہے کہ اسے قتل کیا گیا ہے

کراچی: حکومتِ پاکستان کی منسٹری آف کلائمٹ چینج،یونائٹڈ نیشن ڈیولپمنٹ پروگرام اور جامعہ این ای ڈی کے اشتراک سے گلوبل انوائرمینٹل بینفٹ پروجیکٹ(جی ای بی) کے زیرِ اہتمام ایک سیمینار ”انوائرمینٹل انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ“کے عنوان سے منعقد کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد ماحول دوستی، پاکستان میں اس حوالے سے آگہی پیدا کرنا جب کہ ماحول کی بہتری میں کردار ادا کرناتھا۔مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے چیئرمین اربن اینڈ انفرااسٹکچر انجینئرنگ ڈاکٹر عدنان قادر نے ماحول دوستی پر زُور دیا۔

 
استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کنٹری کوآرڈینیٹرمنسٹری آف کلائمٹ چینج اوریونائٹڈ نیشن ڈیولپمنٹ پروگرام ڈاکٹر سلیم جنجوعہ نے حسن ناصر جامی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اُن کے ماحول دوست اقدامات کو پاکستان بھرکے لیے خوش آئند قرار دیا۔
 
شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھاکہ این ای ڈی یونی ورسٹی اس حوالے سے تحقیق کے لیے پاکستان میں ہراوّل دستے کا کام انجام دے رہی ہے، ماحول دوستی میں ناصرف حکومتی اداروں اور جامعات کو کردار ادا کرنا ہوگا بلکہ معاشرتی اکائی یعنی ہمارے گھر اس حوالے سے بچوں کی تربیت کریں تاکہ جلد بہتری ممکن ہوسکے۔
 
وفاقی سیکریٹری برائے ماحولیاتی تبدیلی حسن ناصرجامی کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا،مضرِ صحت پلاسٹک بیگز پر پابندی بہترین اقدامات ہیں،جن سے پاکستان میں ماحولیاتی حوالوں سے بہتری لائی جاسکتی ہے جب کہ ان کے نتائج جلد عوام کو بہتری کی صورت میں نظرآئیں گے۔
 
مزید کہا کہ ماحول کے تحفظ کے حوالے سے تمام اداروں کو بیک وقت کام کرناہوگا۔ اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف سول انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر میرشبر علی کا کہنا تھاکہ ماحول دوستی کے لیے ہمیں اب ٹھوس اقدامات کو عملی جامہ پہنانا ہوگاتاکہ ہمارا مستقبل محفوظ ہوسکے.

کراچی:جامعہ کراچی نے بی ایڈ اور ایم ایڈ (مارننگ وایوننگ ) کے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کااعلان کردیا

جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے مطابق بی ایڈ اور ایم ایڈ (مارننگ وایوننگ ) سالانہ امتحانات برائے 2019 ءکے لئے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں بغیر لیٹ فیس کے24 ستمبر 2019 ءتک توسیع کردی گئی ہے۔

بی ایڈ(مارننگ وایوننگ) کے طلبہ اپنی امتحانی فیس 9250 روپے جبکہ ایم ایڈ(مارننگ وایوننگ) کے طلبہ اپنی امتحانی فیس10700 روپے ایچ بی ایل،یوبی ایل،نیشنل بینک آف پاکستان ،ایم سی بی اور سندھ بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کراسکتے ہیں۔امتحانی فارم اور بینک واﺅچر جامعہ کراچی کی ویب سائٹ سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔طلبہ اپنے امتحانی فارم متعلقہ دستاویزات اور فیس واﺅچرکے ساتھ متعلقہ کالجز میں جمع کراسکتے ہیں۔

کراچی: جامعہ کراچی میں یوم حسینؓ کی تقریب کاانعقاد کیا جارہاہے ۔

جامعہ کراچی کے دفتر مشیر امور طلبہ کے زیر اہتمام ”یوم حسینؓ “ بروز پیر23 ستمبر2019 ءکو صبح11:00 بجے پارکنگ گراﺅنڈ (بالمقابل آرٹس لابی) جامعہ کراچی میں منعقد ہوگا۔

شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹرخالد محمود عراقی صدارت جبکہ نامور علماءکرام اورنعت خواں شرکت کرینگے۔

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ملاقات کی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کی گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ہے جس میں ملکی سلامتی سمیت خطے کی مجموعی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب اور امریکا کے حوالے سے امور بھی زیرغور آئے۔

کراچی: محکمہ تعلیم کالج ایجوکیشن نے سندھ حکومت کے تحت چلنے والے سرکاری اور نجی کالجز میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔
 
محکمہ تعلیم کالج ایجوکیشن سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ حکومت کے تحت چلنے والے سرکاری اور نجی کالجز میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی،کالجز کی حدود میں ہرقسم کے پلاسکٹ بیگز لانا ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔
 
کالج کیفے ٹیریا، کینٹین، ٹک شاپس کے علاوہ کالج کے عملے،طلبا و طالبات یا تعلیمی ادارے میں آنے والے کسی بھی شخص کو اپنے ہمراہ پولیتھین بیگ لانے کی اجازت نہیں ہوگی اس سلسلے میں ڈی جی کالجز، ریجنل ڈائریکٹر کالجز، ڈائریکٹوریٹ برائے رجسٹریشن نجی کالجز، ڈائریکٹر مانٹرنگ اینڈ ایوولوشن، پرنسپل اور کالج کی انتظامیہ پر ذمے داری عائد کی گئی ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے پر عمل درآمد کرائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کی رپورٹ کریں۔
 
نوٹیفکیشن میں تمام کالجز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ طلبہ کی آگاہی کیلیے ’’پلاسٹک بیگز کے نقصانات ، پولیتھین بیگز قدرتی ماحول کیلیے دشمن ہیں‘‘ پر سیمینار اور کانفرنسز کا انعقاد کریں۔

 کراچی:’’ سیفی بھائی میرا وہ مطلب نہیں تھا‘‘ تنازع کے بعد امام الحق حریف کپتان کو وضاحتیں دینے پہنچ گئے۔

قائد اعظم ٹرافی میں اوپننگ بیٹسمین امام الحق بلوچستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، پیر کو پریس کانفرنس میں جب ان سے سست سنچری  کے بارے میں سوال ہوا تو وہ بپھر گئے،انھوں نے اس کا ذمہ دار حریف ٹیم سندھ کی منفی بولنگ اور فیلڈ سیٹنگ کو قراردیا، گوکہ امام الحق نے نام نہیں لیا مگر ان کا اشارہ واضح طور پر حریف کپتان سرفراز احمد کی جانب تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ امام الحق کے بیان پر حریف کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ نے سخت ردعمل ظاہر کیا، ان کا کہنا تھا کہ اپنی خودغرضانہ اننگز کا ملبہ ہم پر گرانا درست نہیں، ہم نے قوانین کے مطابق ہی بولنگ کی، پوائنٹس کے حصول کی کوشش کوئی غلط بات نہ تھی۔

 دوسری جانب منگل کو میچ ختم ہونے پر امام الحق سندھ کے ڈریسنگ روم گئے اور سرفراز احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’سیفی بھائی میری بات کا وہ مطلب نہیں تھا جو اخذ کیا گیا‘‘، ساتھ موجود ایک کھلاڑی نے بتایا کہ سرفراز نے امام الحق کو سمجھایاکہ بولتے ہوئے احتیاط سے کام لیا کرو، تنازعات سے جتنا بچو گئے اتنا اچھا ہوگا، بعد میں میڈیا کے نمائندوں کو ’’سب اچھا ہے‘‘ کا پیغام دینے کے لیے امام الحق قومی کپتان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر ڈریسنگ روم کے باہر ٹہلتے بھی دکھائی دیے۔

دریں اثنا ذرائع کے مطابق پی سی بی امام الحق کی پریس کانفرنس کا جائزہ لے رہا ہے، اگر ان کے کمنٹس کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پایا گیا تو جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔

کولمبو: سری لنکا کی جانب سے دورہ پاکستان کیلیے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ کو دورہ پاکستان کیلیے حکومتی کلیئرنس کا انتظار ہے،البتہ اس نے اپنی تیاریوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوا ہے، اس سلسلے میں گذشتہ روز ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ میں رمیش رتنائیکے کو بطور عبوری ہیڈ کوچ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیاگیا۔

ورلڈ کپ کے بعد وزارت کھیل کے حکم پر سری لنکن بورڈ نے ہیڈ کوچ چندیکا ہتھورا سنگھے کو ازخود مستعفی ہونے پر راضی کرنا چاہا تھا مگر وہ نہیں مانے، ان کا ابھی آئندہ برس کے اختتام تک کا کنٹریکٹ باقی اور وہ کسی صورت اس سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں ہیں، اس لیے انھیں فی الحال معطل کردیا گیا،ان کے خلاف قانونی جواز ڈھونڈنے کیلیے انکوائری بھی شروع ہوگئی،مگروہ بدستور اپنے آفس آ رہے اور کوئی کام نہ کرنے کے باوجود ماہانہ 40 ہزار ڈالر بھی وصول کررہے ہیں۔

 چندیکا ہتھورا سنگھے پہلے ہی واضح کرچکے کہ اگر انھیں برطرف کرنے کی کوشش ہوئی تو عدالت میں بورڈ پر ہرجانے کا دعویٰ کردیں گے۔

میگا ایونٹ کے بعد بنگلہ دیش کیخلاف ون ڈے سیریز میں سری لنکن ٹیم کی کوچنگ ہتھورا سنگھے کے ہی ہاتھ میں تھی، جس میں ٹیم کو 3-0 سے فتح حاصل ہوئی،مگر فاسٹ بولنگ کوچ رتنائیکے کو نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز کیلیے عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا، ان کی رہنمائی میں ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر ہوئی جبکہ ٹوئنٹی 20 میں آئی لینڈرز کو 1-2 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔