Wednesday, 20 November 2024

کراچی:  کراچی میں کرکٹرز کے گرد سخت حفاظتی حصار قائم ہے، کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کو قریب جانے کی اجازت نہیں۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم 10برس بعد پاکستان آئی ہے، ماضی کے ناخوشگوار واقعے کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکام انتظامات میں کوئی کسر چھوڑنے کو تیار نہیں،کراچی میں پاکستان اور سری لنکن ٹیموں کے گرد سخت سیکیورٹی حصار قائم ہے۔

میزبان کرکٹرز کو بھی اکیلے کہیں باہر جانے کی اجازت نہیں،3،4 کے گروپ میں ڈنر وغیرہ کیلیے جانے کی ہدایت دی گئی ہے، پہلے سے اہلکاروں کو بتانا ضروری ہے تاکہ روٹ کلیئر کرایا جا سکے، گذشتہ روز چند کرکٹرز اسی  طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے ہوٹل سے باہر گئے، بارش کے سبب پاکستانی ٹیم بھی 2روز سے ہوٹل میں ہی مقیم ہے۔

کھلاڑی گزشتہ روز پریکٹس کا موقع نہ ملنے پر مایوس نظر آئے،  سری لنکن کرکٹرز بھی آرام ہی کرتے رہے، ذرائع نے بتایا کہ  دونوں ٹیمیں الگ الگ فلورز پر مقیم ہیں، لفٹ سے اترتے ہی سیکیورٹی کے2،3 افراد دکھائی دیتے ہیں، وہ کسی اجنبی کووہاں نہیں آنے دیتے، لابی میں بھی غیرمتعلقہ افراد کو آنے کی اجازت نہیں، اس سے قبل پی ایس ایل کے دوران بھی ایسی ہی فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی جس سے  بہترین انداز میں مقابلوں کا انعقاد ہوا تھا۔

پاکستانی کرکٹرزکی گذشتہ روز سری لنکن پلیئرز سے بھی ملاقات ہوئی اور ایک دوسرے کا حال احوال پوچھا،2دن سے ہوٹل تک محدود سری لنکن کرکٹرز شدت سے اسٹیڈیم جا کر پریکٹس کرنے کے منتظر ہیں، البتہ اس کے لیے انھیں بہتر موسم کا انتظار کرنا پڑے گا۔

یاد رہے کہ سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل جمعے کو کھیلا جائے گا، دیگر 2میچز اتوار اور بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم میں ہی شیڈول ہیں۔

قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ مصباح الحق پاکستان میں کرکٹ کے گارڈ فادر ہیں۔
 
غیر ملکی ویب سائٹ کو انٹریو دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ گزرے تین سال شاندار رہے لیکن جن لوگوں پر اعتماد کیا، انہوں نے مایوس کیا، خاص طور پر کرکٹ کمیٹی میں شامل لوگوں نے مایوس کیا۔
 
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ کرکٹ کمیٹی میں شامل مصباح الحق اور وسیم اکرم کا نام میں نے تجویز کیا، وسیم اکرم کو انٹرنیشنل لیول پر بہت تجربہ ہے، اس لیے ان کا نام کرکٹ کمیٹی کے لیے تجویز کیا جب کہ مصباح الحق پاکستان میں کرکٹ کے گارڈ فادر ہیں۔
 
 
 
 
 
لاہور: پنجاب حکومت نے پنشنرز کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھالیا، تعطل کا شکار تمام پنشن کیسز نپٹانےکی ہدایات جاری کردی گئیں۔
 
پنجاب حکومت نے تمام محکموں کو پینڈنگ پنشن کیسز کی تفصیلات 30 ستمبر 2019 تک وزیر اعلیٰ آفس میں بھجوانے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ آفس کی جانب سے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے پنشن کیسز کے حل کے لئے خصوصی احکامات دیے گئے ہیں ، احکامات کے تحت پنشن کیسز کی منظوری دینے والی تمام اٹھارٹیز کو 31 دسمبر 2019 تک تعطل کے شکار تمام کیسز نمٹانے کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔
 
وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی جانب سے خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ اس تعطل سے بچنے کے لئے پنشن رولز کے مطابق آئندہ ریٹائرمنٹ سے 1 سال قبل سرکاری ملازمین کے پینشن دستاویزات تیار کئے جائیں اور 6 ماہ قبل مکمل دستاویزات آڈٹ افسر کو بھجوائے جائیں۔
 
ساتھ ہی ساتھ احکامات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام اتھارٹیز پینڈنگ پینشن کیسز کے ڈسپوزل کی ماہانہ رپورٹ ہر ماہ کی 10 تاریخ تک وزیر اعلیٰ آفس بھجوانے کی پابند ہوں گی۔
 
یاد رہے کہ پنجاب میں پنشنر گزشتہ کچھ عرصے سے مسائل کا شکار تھے اور حکومت سے مطالبہ کررہے تھے کہ ان کی شکایات کا جلد ازالہ کیا جائے، پنشنر کی درخواست پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس معاملے پر خصوصی توجہ دی تھی۔
کراچی: گزشتہ روزآزاد کشمیر میں آنے والے خوفناک زلزلے نے پورے پاکستان کو ہلا کررکھ دیا۔ زلزلے کے نتیجے میں کئی معصوم جانیں اپنی زندگی کی بازی ہار چکی ہیں جب کہ سیکڑوں افراد زخمی ہیں۔ زلزلے کے باعث ہونے والی تباہی سے جہاں پوری قوم غمزدہ ہے وہیں شوبز سے وابستہ فنکاربھی مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان اور اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور خدا سے پاکستان کی حفاظت کے لیے دعا گو ہیں۔
 
:علی ظفر
پاکستان کے نامور گلوکارو اداکار علی ظفر نے زلزلے سے ہونے والی تباہی اور قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے
 
:ماہرہ خان
اداکارہ ماہرہ خان نے زلزلہ متاثرین کے لیے دعا کی، اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے اکاؤنٹ پرآزاد کشمیر میں ہنگامی صورتحال کے نتیجے میں استعمال کیے جانے والے ایمرجنسی نمبرزبھی شیئر کرائے اور پاکستانیوں کو احساس دلایا کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں اپنی قوم کے ساتھ کھڑی ہیں۔
 
:ہمایوں سعید
ہمایوں سعید نے زلزلہ متاثرین کی حفاظت کی دعا کرتے ہوئے کہا اللہ ہم سب کو قدرتی آفات سے بچائے اور ہماری حفاظت کرے۔
 
 
 
 
 
 
 
نئی دہلی : بھارتی میڈیا بھی وزیراعظم عمران خان کےدورہ امریکا میں کفایت شعاری کے اقدامات کی تعریف کیے بغیرنہ رہ سکا اور مشورہ دیا کہ بھارت کے سیاستدان عمران خان سے سیکھیں۔
 
وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا میں کفایت شعاری کے سرحدپاربھی چرچے ہونے لگے اور بھارتی میڈیا بھی وزیراعظم کی تعریف کیے بغیرنہ رہ سکا۔
 
بھارتی اخبار انڈیا ٹو ڈے میں وزیراعظم پاکستان کی کفایت شعاری پر آرٹیکل شائع کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ عمران خان ملک کو خراب معاشی صورتحال سے نکالنے کے لئے کوشاں ہیں،دورہ امریکا کے لئے کمرشل پرواز میں سفر کیا۔
 
آرٹیکل میں کہا گیا عمران خان سے پہلےپاکستانی حکمران خصوصی طیاروں میں سفرکرتےتھے، عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات 32 فیصد گھٹائے، انھوں نے اس سے پہلے دورہ امریکا پر بھی کمرشل فلائٹ میں سفر کیا۔
 
بھارتی اخبار کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم نے امریکا میں پُرتعیش ہوٹل کے بجائے اپنے سفارتخانے میں قیام کیا، سابق پاکستانی حکمرانوں کا چارٹرڈ طیاروں کا استعمال معمول تھا، عمران خان کا دورہ امریکا کفایت شعاری مہم کا تسلسل ہے۔
 
بھارتی صحافی نے اپنے حکمرانوں کو وزیراعظم پاکستان کی تقلید کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ معاشی مسائل سے دوچار بھارت کے سیاستدان عمران خان سے سیکھیں۔

 گوالیار:بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں انڈین ائرفورس کا مگ 21 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گوالیار کے علاقے میں فضائیہ کا مگ 21 جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں دو پائلٹ سوار تھے تاہم حادثے سے قبل وہ کاک پٹ سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے اور محفوظ رہے۔

بھارتی حکام کے مطابق طیارہ معمول کی پرواز پر تھا کہ اس دوران اسے حادثہ پیش آگیا۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں بھارتی فضائیہ کے رواں سال اب تک مختلف واقعات میں 12 طیارے گر کر تباہ ہوچکے ہیں۔

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان نے کہا ہے کہ سری لنکا کیخلاف سیریز کے دوران حاصل ہونے والی اپنی ساری میچ فیس زلزلہ متاثرین کو دوں گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہمیں مشکل وقت میں اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرنا چاہیے۔

یاد رہے کہ منگل کو آنے والے زلزلے کے جھٹکے ملک کے کئی حصوں میں محسوس کئے گئے لیکن زیادہ جانی و مالی نقصان آزاد کشمیر میں ہوا ہے۔
میرپور خاص: ڈویژنل کمشنر میرپورخاص عبدالوحید شیخ نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
 
عبدالوحید شیخ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کے بہتر نتائج حاصل کرنے کیلیے خصوصی ٹریننگ کرائی جائے، انکاری والدین کو مطمئن کرکے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔ غیر موجود بچوں کو آئندہ مہم میں قطرے پلائے جائیں۔ آئندہ مہم میں ورکروں کی پرفارمنس چیک کی جائے گی جب کہ خراب کارکردگی پر ویکسینیٹروں کے خلاف کارروائی کرنے سمیت ان کے الاؤنس بند کیے جائیں گے۔
 
انھوں نے کہا کہ اوطاقوں میں قطرے پلانے کے سسٹم کو بند کیا جائے بلکہ گھر گھر جاکر بچوں کو قطرے پلائے جائیں،بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے سوشل موبلائزیشن کواپنا یا جائے، روٹین امیونائزیشن کی غلطیوں پر غور کرکے انھیں درست کیا جائے اوردوردراز علاقوں تک ر سائی کیلیے مکمل پلان بنایا جائے ویکسینیٹروں کو پہنچانے کے ہرممکن اقدامات کیے جائیں۔

لاہور: سری لنکن کرکٹرز سیکیورٹی خدشات کو ملک میں جھٹک کر پاکستان روانہ ہوئے۔

سری لنکن ٹیم پاکستان میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے کراچی پہنچ چکی ہے۔ مہمان کرکٹرز کی کولمبو سے روانگی کے موقع پر کپتانوں نے میڈیا سے گفتگوکی،ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کرنے والے ڈاسن شناکا نے کہاکہ میں اکتوبر2017میں ایک میچ کے لیے لاہور جا چکا ہوں،حالیہ ٹور کے لیے کیے جانے والے انتظامات سے مطمئن اور اپنی ٹیم کی قیادت کا موقع ملنے پر خوش ہوں۔

انھوں نے کہا کہ ٹور کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کی ا گیااور امید ہے کہ میدان میں اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے میزبانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

ون ڈے ٹیم کے کپتان  لاہیرو تھریمانے نے کہاکہ ہم کسی قسم کی تشویش میں مبتلا نہیں،ہمیں سربراہ مملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے،گذشتہ ہفتے وزرات دفاع کی جانب سے بھی کلیئرنس دے دی گئی تھی کہ پاکستان میں کسی قسم کا خطرہ نہیں،ہم بلا خوف کرکٹ کھیلنے کے  لیے جا رہے ہیں اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرینگے۔

یاد رہے کہ ٹور کا فیصلہ ہونے کے بعد انجیلو میتھیوز اور لسیتھ مالنگا سمیت 10کرکٹرز نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد سلیکٹرز نے دستیاب کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دیا جو اب کراچی پہنچ چکا ہ

 اسلام آباد:فیول ایڈجسٹمنٹ کے باعث ملک میں بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

سی پی پی اے نے بجلی کے نرخوں میں ایک روپے 86 پیسے فی یونٹ اضافے کی سفارش کی ہے۔ اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک ماہ کے لئے یہ اضافہ کیا جائے گا۔

سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا میں درخواست جمع کرادی ہے اور بجلی کے نرخوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ 2 اکتوبر کو کیا جائے گا۔

سی پی پی اے نے کہا ہے کہ اگست میں پانی سے 40.33 فیصد اور کوئلے سے 13.34 فیصد بجلی پیدا کی گئی، مقامی گیس سے 11.87 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 22.89 فیصد جبکہ فرنس آئل سے 3.60 فیصد اور ایٹمی ذرائع سے 4.66 فیصد بجلی پیدا کی گئی ہے۔