بدھ, 26 جون 2024
مانچسٹر: کرونا وائرس کی وبا 5G ٹیکنالوجی سے پھیلی ہے، اس سازشی تھیوری پر یقین کرنے والوں نے برٹش ٹیلی کام کے انجینئرز پر بھی حملے شروع کر دیے ہیں۔
 
تفصیلات کے مطابق فائیو جی ٹیکنالوجی سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے تصور نے برطانوی ٹیلی کام انجینئرز کو بھی مشکل میں ڈال دیا ہے، اب تک 39 انجینئرز پر حملے کیے جا چکے ہیں۔
 
برٹش ٹیلی کام کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر نے میڈیا کو بتایا کہ حملوں میں انجینئرز کو جنسی تشدد اور بد اخلاقی کا نشانہ بنایا گیا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل فائیو جی سازشی تھیوری کے تحت موبائل ٹاورز پر بھی حملے کیے گئے ہیں، اب تک 33 ٹاورز ان حملوں کا نشانہ بنے ہیں جن میں سے برٹش ٹیلی کام کے 11 ٹاورز کو بھی نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔
 
 
چیف ایگزیکٹو بی ٹی فلپ جانسن کا مطالبہ تھا کہ اس سازشی تھیوری کو اب روکا جائے، ہمارے انجینئرز کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور مجھے ان کی فکر ہے، برٹش ٹیلی کام کے جن ٹاورز کو نقصان پہنچایا گیا وہ 5G ٹاور تھے ہی نہیں، کرونا وائرس کے پیچھے 5G کی تھیوری بے بنیاد ہے۔
 
فلپ جانسن کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کا فائیو جی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، بہت سے کھمبوں پر لوگوں کی طرف سے خاردار تاریں لگا دی گئی ہیں تا کہ ہمارے انجینئرز ان پر نہ جا سکیں، جب کہ وہ لینڈ لائن ٹیلی فون سسٹم کے کھمبے ہیں۔
 
واضح رہے کہ برطانیہ میں فائیو جی ٹاورز پر حملوں کے بعد عالمی ادارہ صحت نے بھی اس سازشی تھیوری کو رد کیا ہے، ڈبلیو ایچ او کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس ریڈیو شعاعوں کے ذریعے نہیں پھیلتا۔ یاد رہے کہ برٹش ٹیلی کام کے چیف ایگزیکٹو فلپ جانسن خود بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے۔

کورونا وائرس پر کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ یہ مہلک وائرس اسٹیل اور پلاسٹک کی تہوں پر چار دن جب کہ فیس ماسک پر ایک ہفتے تک موجود رہ سکتا ہے۔

یونیورسٹی آف ہانگ کانگ میں کی گئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کووِڈ 19 یعنی کورونا وائرس پلاسٹک اور اسٹین لیس اسٹیل پر چار دن جب کہ فیس ماسک کی پہلی تہہ پر یہ ایک ہفتے تک موجود رہ سکتا ہے۔ اس وائرس کو گھروں میں استعمال کیے جانے والے جراثیم کش محلول یعنی بلیچ یا صابن اور پانی سے دھو کر مارا جا سکتا ہے۔

تحقیق کے دوران محققین نے اس بات کا اندازہ لگانے کی کوشش کی کہ یہ ایک کمرے کے درجہ حرارت میں مختلف تہوں پر کتنی دیر تک متحرک رہتا ہے۔ اس دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ وائرس پرنٹنگ پیپرز اور ٹشو پر تین گھنٹے سے بھی کم عرصےتک رہا جب کہ لکڑی اور کپڑے پر یہ دوسرے دن ختم ہو گیا تھا۔

شیشے اور بینک نوٹوں پر دوسرے بھی اس کی موجودگی دیکھی گئی لیکن چوتھے تک اس وائرس کی ان پر موجودگی نہیں ملی تاہم اسٹیل اور پلاسٹک پر یہ چار سے سات دن تک موجود رہا۔

محققین کا کہنا ہے کہ فیس ماسک کی پہلی تہہ پر اس کی موجود سات دن کے بعد بھی دیکھی گئی اور یہ اس وقت بھی متحرک تھا۔

تحقیق میں شامل ایک محقق ملک پائرس کا کہنا ہے کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اگر آپ سرجیکل ماسک پہنتے ہیں تو اس کی بیرونی تہہ پر ہاتھ نہ لگائیں کیونکہ اس سے آپ اپنے ہاتھوں پر وائرس کا منتقل کر سکتے ہیں جو کہ اگر آنکھ پر لگیں گے تو آپ متاثر ہو جائیں گے۔

فرانسیسی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس کو مکمل طورپر ختم کرنے کے لیے پانی کے تقریبا نقطہ ابال جتنا درجہ حرارت درکار ہوتا ہے۔

کورونا وائرس کو اگر 60 ڈگری سینٹی گریڈ پر ایک گھنٹے تک تپش دیں تو وائرس میں پھر بھی ایک سے دو اور دو سے چار میں تقسیم ہوکر بڑھنے کی صلاحیت برقرار رہتی ہے۔

جب وائرس کو 92 ڈگری سینٹی گریڈ پر 15  منٹ تک تپش دی گئی تو وہ بالکل غیرفعال ہوگیا۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے قیاس آرائی کی جاتی رہی تھی کہ گرمی کی شدت بڑھنے سے کورونا وائرس خود بخود ختم ہوجائے گا بعد ازاں سائنسدانوں نے تحقیق کے بعد اسے افواہ قرار دیا۔

وفاقی دارالحکومت کے سب سے زیادہ مقبول طبی ماہر پروفیسر ڈاکٹر رؤف نیازی نے ایک گولی تجویز کی ہے جو ایچ سی کیو (ہائیڈروگزی کلوکائن) 200 ایم جی، آکسی کلر 200 ایم جی اور پلیکن ایچ 200 ایم جی میں سے کوئی بھی ہوسکتی ہے۔

پروفیسر رؤف نیازی نے تجویز دی کہ جب تک کورونا کی وبا جاری ہے ان میں سے کوئی ایک بھی گولی خاندان کے تمام افراد ہر 3 ہفتوں میں ایک مرتبہ استعمال کریں، ان گولیوں کا بنیادی طور پر مقصد کورونا کے باعث پھیپھڑوں کے نقصان سے بچانا ہے تاکہ سانس میں دشواری کے ڈراؤنے خواب سے بچاجائے جو کسی کی جان لے سکتا ہے۔

تاہم پھیپھڑوں کے ایک معروف ڈاکٹر کے مطابق ویکسین کی عدم موجودگی میں ہائیڈروگزی کلوکائن کی افادیت پر بہت سے مباحثے ہورہے ہیں لیکن کوئی بھی درست یا غلط جواب دستیاب نہیں یعنی کووڈ 19 ایک سانس کا وائرس ہے۔

پروفیسر نیازی کا کہنا ہے کہ انہوں نے جن ادویات کے استعمال کا مشورہ دیا ہے وہ بیرون ملک کی گئی تحقیق کی روشنی میں دیا ہے جس کے مطابق یہ بظاہر ممکن ہے کہ 400 ایم جی یا 200 ایم جی کی ایک خوراک کورونا کو روکنے کے لیے پھیپھڑوں کے ٹشو کا مناسب حجم فراہم کرسکتی ہے۔

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے اعداد و شمار کے مطابق اگرچہ 200 ایم جی کی ایک خوراک کے بعد آدھی زندگی 22 دن ہے لہٰذا  ہر تین ہفتوں میں ایک خوراک کورونا سے بچاؤ کے لیے کافی ہونی چاہیے۔

سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں عدالتی فیصلے کے برخلاف سکریٹری میجر (ر) ذوالفقار علی کے کام کرنے کا انکشاف ہوا ہے،دوسری جانب سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل کے چیئرمین ڈاکٹر مسرور شیخ کا کہنا تھا کہ سکریٹری میجر (ر) ذوالفقار علی کی تقرری محکمہ بورڈز و جامعات نے کی تھی، اب سبکدوشی کا خط بھی محکمہ بورڈز و جامعات جاری کرے گی۔

سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے ملازمین کے مطابق سکریٹری نہ صرف بورڈ آ رہے ہیں بلکہ دستخط کرکے احکامات بھی جاری کر رہے ہیں سندھ کے تعلیمی بورڈز کے ملازمین نے محکمہ بورڈز و جامعات کی جانب سے تعلیمی بورڈز میں ناظم امتحانات اور سکریٹریز کے عہدوں کے لیے آئی بی اے کراچی کے تحت ہونے والے ٹیسٹ کے ذریعے بھرتی ہونے والے امیدواروں کے تقرر کو عدالت میں چیلنج کر رکھا تھا اور اسٹے بھی حاصل کرلیا تھا۔

 اس کے باوجود محکمہ بورڈز و جامعات کے سکریٹری نے کچھ بورڈز میں تقرر نامے بھی جاری کردیئے تھے جس کے بعد سندھ بورڈ آف ٹیکنکل میں بطور سیکریٹری میجر (ر) ذوالفقار علی نے جوائننگ دی تھی بورڈ کے چیئرمین نے انہیں جوائننگ کی اجازت دے دی تھی اور اس میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی تھی مگر میٹرک بورڈ کراچی نے سکریٹری کے تقرر کا خط لے کر آنے والے سکریٹری پروفیسر قاضی ارشد کو جوائننگ دینے سے معذوری ظاہر کی تھی۔

6 اپریل کو سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود سیکرٹری بورڈ اینڈ یونیورسٹیز نے غیر قانونی تعینات میجر رذوالفقار علی کو سبکدوش نہیں کیا گیا۔

اس دوران سندھ ہائی کورٹ میں سماعت جاری رہی اور گزشتہ ہفتے عدالت نے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا تھا جس کے تحت سندھ کے تعلیمی بورڈز میں ناظم امتحانات اور سکریٹریز کی تقرری کالعدم قرار دے دی گئی لیکن اس کے باوجود سندھ ٹیکنیکل بورڈ میں سکریٹری میجر (ر) ذوالفقار علی نے کام جاری رکھا ۔ سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل کے چیئرمین ڈاکٹر مسرور شیخ کا کہنا تھا کہ سکریٹری میجر (ر) ذوالفقار علی کی تقرری محکمہ بورڈز و جامعات نے کی تھی، اب سبکدوشی کا خط بھی محکمہ بورڈز و جامعات جاری کرے ،انہوں نے کہا کہ ابھی لاک ڈائون جاری ہے جس کی وجہ سے محکمہ بورڈز و جامعات بند ہے ۔

 

 

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کوبائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے کے اعتراف میں چائینز اکیڈمی آف سائینسز کی جانب سے ”ممتاز سائینسدان“کا اعلیٰ چینی ایوارڈ دیا گیا ہے۔ 

 

 آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری کو یہ اعلیٰ چینی ایوارڈ نہ صرف بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے بلکہ چینی اعلیٰ تعلیمی اداروں سے مضبوط تعلیمی و تحقیقی روابط قائم کرنے کے اعتراف میں بھی دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری نے آرگینک اور بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں ان کی تقریباً1355سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں، امریکہ اور یورپ میں انکی تحریرو ادارت کردہ73کتب اور کتب میں40 چیپٹر شائع ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ67انٹرنیشنل اور یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔ مزیدبرآں ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو27ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے ان کے زیر نگرانی94طالبعلم پی ایچ ڈی مکمل کرچکے ہیں،بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ پروفیسراقبال چوہدری کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہء امتیاز، ستارہئ امتیازاور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے، نائجیریا میں ایک تحقیقی ادارہ بھی پروفیسر اقبال چوہدری کے نام سے منسوب ہے۔واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائینس اور ٹیکنالوجی کے رکن بھی ہیں۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے پروفیسر اقبال چوہدری کو انکی اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے نہ صرف جامعہ کراچی بلکہ پوری قوم کے لئے اعزاز قرار دیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو لاک ڈاؤن میں مزید دو ہفتے توسیع کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کو دوبارہ کھڑا کرسکتے ہیں مگر انسان کو دوبارہ زندگی نہیں دی جا سکتی، وزیراعظم لاک ڈاؤن توسیع پر قومی اتفاق رائے سے آگے بڑھ کر اعلان کریں۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا وائرس صرف پاکستان نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے، اس سے بچنے کے لیے پہلے دن سے سماجی فاصلے رکھنے پر زور دیا جارہا ہے، سندھ حکومت پر بلاسوچے سمجھے لاک ڈاؤن کا الزام غلط ہے، ہم نے خوب سوچ سمجھ کر یہ فیصلہ کیا، کورونا سے بچنے کے طریقہ یہ ہے کہ ایکشن کرو اور وائرس سے آگے آگے رہو۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر پہلے ہی دن موثر لاک ڈاؤن کردیتے تو اچھا ہوتا اور صورتحال اس قدر خراب نہ ہوتی، وفاقی حکومت نے نقد رقوم تقسیم کرنے کے لیے لوگوں کو جمع کرنا ہے تو لاک ڈاؤن ختم کردے، لوگ کورونا وائرس کی سنگینی کو سمجھ نہیں رہے ہیں۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 ہزار 374 ہوگئی اور 93 افراد جاں بحق ہوگئے۔

وفاقی وزارت صحت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 233 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 336 میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔

اس طرح ملک بھر میں کورونا کا شکار افراد کی تعداد 5 ہزار 374 ہوگئی جب کہ کورونا وائرس کے ایک ہزار 95 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 65 ہزار 114 مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 7 افراد اس وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے جب کہ 44 کی حالت تشویش ناک ہے۔

کورونا وائرس کے پنجاب میں 2594، سندھ میں 1411، بلوچستان میں 230، خیبر پختونخوا میں 744، آزاد کشمیر میں 40، اسلام آباد میں 131 اور گلگت بلتستان میں 224 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

تاجروں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے مطالبہ کیا ہے کہ منگل 15 اپریل سے لاک ڈاؤن محدود کر کے تاجروں کو جزوقتی کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے۔

وفاقی دارالحکومت کے تاجروں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے مطالبہ کیا ہے کہ منگل 15 اپریل سے لاک ڈاؤن محدود کر کے تاجروں کو جزوقتی کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے اور ہم یہ گارنٹی دیتے ہیں کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جو بھی حفاظتی ایس او پیز جاری کئے جائیں گے ان پر مکمل عمل درآمد کروایا جائے گا۔ چھوٹے تاجر مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں فاقہ کشی پر مجبور نہ کیا جائے دوکانوں کے ملازمین کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔

آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکرٹری ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد خالد محمود چودھری، جناح سپر مارکیٹ کے صدر ملک رب نواز، جنرل سیکرٹری رحمان صدیقی۔ سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد عباسی جنرل سیکرٹری محمد حسین۔ ستارہ مارکیٹ کے صدر سید الطاف حسین بلیو ایریا کے صدر یوسف راجپوت جنرل سیکرٹری راجہ حسن اختر بلیو ایریا ایسٹ کے صدر راجہ عماد بن عارف نے بیان میں مزیدکہاکہ تاجر برادری کورونا جیسی وبا کے خاتمے کیلئے مکمل طور پر حکومت کے ساتھ ہے، ہمیں یہ بھی احساس ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر نہ اپنائی گئیں تو مشکلات بڑھ بھی سکتی ہیں۔

پاک فوج کا مشاق طیارہ پنجاب کے شہر گجرات میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے۔

پاک فوج کا تربیتی طیارہ گجرات کے گاؤں چوپالا میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں 2 پائلٹ میجر عمر اور لیفٹیننٹ فیضان سوار تھے، انہیں اپنی جان بچانے کے لیے طیارے سے باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا جس کے نتیجے میں دونوں شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عمر انسٹرکٹر اور لیفٹیننٹ فیضان زیر تربیت پائلٹ تھے۔ مشاق طیارہ معمول کی تربیتی پروازپرتھا کہ اس دوران یہ ناخوش گوار واقعہ پیش آیا۔ میجرعمرگجرات اورلیفٹیننٹ فیضان کاتعلق کلرکہارسےتھا۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

Page 9 of 557