بدھ, 26 جون 2024

 

ڈاکٹر اکرام کے ایچ ای سی چلے جانے کے بعد سیکرٹری آئی بی سی سی اور چیئرمین فیڈرل بورڈ کی اسامی خالی پڑی ہے جبکہ دونوں اداروں کی ویب سائٹس پر تا حال اکرام علی ملک اپنے عہدوں پر تصاویر کے ساتھ موجود ہیں۔

وفاقی حکومت کی وزارت تعلیم وپیشہ ور تربیت کے ماتحت اہم ادارے انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین (آئی بی سی سی ) کے سیکرٹری کے عہدے کی اسامی ڈاکٹر اکرام علی ملک کے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ٹیسٹنگ سروس کے سربراہ بننے کے بعد خالی پڑی ہے۔

اس اسامی کے لئے گزشتہ سال اشتہار بھی دیا گیا تھا جس کے لئے 80 کے لگ بھگ درخواستیں بھی موصول ہوئی تھیں تاہم اس پر بھرتی نہ کی جاسکی، البتہ اس دوران اسے وزارت بین الصوبائی سے وزارت تعلیم پیشہ ورانہ تربیت منتقل کردیا گیا اور پھر سیکرٹری آئی بی سی سی کے عہدے کا چارج فیڈرل تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر اکرام علی ملک کو دے دیا گیا یہ ایک اضافی چارج تھا جو ان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن جانے تک جاری رہا لیکن جب وہ ایچ ای سی گئے اور فیڈرل تعلیمی بورڈ کو چھوڑا تو ساتھ ہی سیکرٹری آئی بی سی سی کے عہدے کا چارج بھی ختم ہوگیا۔

ڈاکٹر اکرام کے جانے کے بعد ٖفیڈرل بورڈ میں نئے چیئرمین کی تعیناتی ہوئی نہ ہی آئی بی سی سی میں سیکرٹری تعینات ہوسکا، دونوں اداروں کی ویب سائٹس پر تا حال اکرام علی ملک اپنے عہدوں پر تصاویر کے ساتھ موجود ہیں۔

انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین 1972 میں وزارت تعلیم کی ایک قرارداد کے تحت رکن بورڈز کے مابین معلومات کا تبادلہ کرنے، بورڈ کی سرگرمیوں کو مربوط بنانے ، تعلیمی ، تشخیص اور نصاب معیارات کی یکسانیت کے منصفانہ اقدام کے حصول کے لئے تشکیل دیا گیا تھا۔

آئی بی سی سی کو تفویض کردہ اہمیت کا حامل ایک اور کام، ثانوی اسکول سند (ایس ایس سی) (میٹرک) ، ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایچ ایس ایس سی) (انٹرمیڈیٹ کی سطح) اور تکنیکی تعلیم میں بھی اسی طرح کے پاکستانی اسنادکے ساتھ غیر ملکی قابلیت کے مساوی ہونے کا فیصلہ کرنا ہے۔

 

 

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کی جامعات میں طلبہ کو ترجمے اور معنی کے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم دی جائے گی۔

گورنر ہاؤس پنجاب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اچھا ڈاکٹر، انجینئر، سائنسان یا اچھا عالم بننے کے لیے اچھا انسان بننا ضروری ہےاور اچھا انسان اس وقت بن سکتا ہے جب اچھی چیزیں سیکھی جائیں۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ہم سب اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ قرآنِ پاک مکمل ضابطہ حیات ہے، جو دنیا کی رہنمائی کے لیے ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوا۔ قرآن پاک ہماری رہنمائی کے لیے موجود ہے جسے خود اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے اتارا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بہت عرصے سے یہ بات شدت سے محسوس اور دوسروں سے اس کا اظہار بھی کرتا رہا ہوں کہ ہم قرآن پڑھتے ہیں لیکن اسے معنی کے ساتھ سمجھ کر نہیں پڑھتے۔ اسی مقصد کے لیے میں نے تمام جامعات کے وائس چانسلرز کا اجلاس بلایا اور ان کے سامنے اپنی تجویز پیش کی کہ ہم پنجاب کی تمام جامعات میں قرآن پاک کو معنی کے ساتھ طلبہ کو پڑھائیں تاکہ وہ اس سے رہنمائی لے کر ایک اچھا انسان بن سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے بہت خوشی کے تمام وائس چانسلرز نے متفقہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ ہم اپنے بچوں کو معنی کے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم دیں تاکہ وہ اچھے انسان بن سکیں۔ چنانچہ ہم نے متفقہ طور پر فیصلہ کرلیا ہے کہ پنجاب کی تمام جامعات میں لیکچررز طلبہ کو قرآن کے معانی ومطالب کے ساتھ لیکچر دیں گے جن میں طلبہ کی شرکت اتنی ہی ضروری ہوگی جتنی دیگر مضامین کو پڑھنا۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اس موقع پر سیکریٹری اعلیٰ ثانوی تعلیم ذوالفقار گھمن کو آن بورڈ رکھا گیا ہے اور اس پر عملدرآمد، تجاویز اور اسے مزید واضح کرنے کے لیے وائس چانسلرز کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے سربراہ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نیاز اختر ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کے دیگر اراکین میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود گوندل، یونیورسٹی آف ایجوکیش لاہور کے پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا، یونیورسٹی آف ہائی سائنسز کے پروفیسر جاوید اکرم، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر سید منصور، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے پروفیسر اصغر زیدی اور لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر بشریٰ مرزا شامل ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ کمیٹی کو ٹائم لائن دے دی گئی ہے جس کے تحت جامعات میں قرآن پاک کی معنی کے ساتھ تعلیم کے منصوبے کا پہلا ڈرافٹ کمیٹی 10 مئی تک پیش کردے گی۔

جو وائس چانسلرز آج کے اجلاس میں شامل نہیں ہوئے اور دیگر تمام نجی و سرکاری یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز، تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ علماء کو تجاویز کے لیے مسودہ ارسال کیا جائے گا جس پر 17 مئی تک آراء اکٹھی کرلی جائی گی۔

اس طرح 22 مئی جمعہ کے روز مسودے کو حتمی شکل دےدی جائے گی جس کے بعد قرآن پاک معنی کے ساتھ پڑھانے کا آغاز ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت ضروری ہے اور تربیت کے لیے قرآن پاک سے بہتر رہنمائی کوئی اور نہیں اس سے ہمارے بچوں کو اچھا انسان بننے اور اخلاق سیکھنے میں مدد ملے گی۔

 

فیس بک میسنجر پر اب ایک ساتھ 50 لوگ کانفرنس ویڈیو کالنگ کرسکیں گے۔ کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن کی وجہ سے ویڈیوکالنگ ایپس کے استعمال میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس میں زوم اور اسکائپ سر فہرست ہے۔

اس سے قبل فیس بک کی زیر ملکیت کمپنی واٹس ایپ کی جانب سے بھی ویڈیو کالنگ میں ایک وقت میں 4 صارف کی گنجائش کو بڑھا کر 8 کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اب سماجی رابطوں کے مقبول ترین پلیٹ فارم فیس بک نے بھی زوم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے 'میسنجر رومز' متعارف کرایا ہے۔

اس سے قبل بھی فیس بک میسنجر کے ذریعے ویڈیو کالنگ کی جاسکتی تھی لیکن اب فیس بک پر بیک وقت 50 لوگ میسنجر رومز کے ذریعے ایک ساتھ ویڈیو کالنگ کرسکتے ہیں۔

زوم کی طرح فیس بک میسنجر پر بھی صارف لنک بھیج کر دوسرے شخص کو کانفرنس کال میں شامل کر سکتے ہیں جس میں 50 لوگوں کو شامل کرنے کی گنجائش ہے۔

فیس بک کی جانب سے میسنجر رومز کا یہ فیچر اس ہفتے چند ممالک میں پیش کیا جائے گا جب کہ چند ہفتوں بعد یہ فیچر دنیا بھر کے فیس بک صارفین کو میسر ہوگا۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ٹائمز امپیکٹ رینکنگ میں جگہ بنانے والی پاکستان کی 23ویں اور کراچی کی پانچویں یونیورسٹی بن گئی۔

ٹائمز ہائیر ایجوکیشن سپلیمنٹ نے سال 2020 کی رینکنگ جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ یونیورسٹیوں کو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف سے منسلک سرگرمیوں پر جانچا گیا۔

اس سلسلے میں  معاشرتی ترقی کے تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبوں پر کام کرنے والی جامعات کی سرگرمیوں کے نتائج کی تاثیر کی درجہ بندی کی گئی اور جامعات کے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر انہیں سکور دیا گیا۔

کراچی سے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اس سال امپیکٹ رینکنگ میں شامل ہوئی ہے جبکہ دیگر جامعات میں ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی، این ای ڈی یونیورسٹی، اقراء یونیورسٹی، اور داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان بھر سے 18اور جامعات اس سال امپیکٹ رینکنگ کا حصہ ہیں۔

 جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے کہا کہ ٹائمز امپیکٹ رینکنگ میں شامل ہونا یو نیورسٹی کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے جس سے فیکلٹی اور اسٹاف کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ یہ امر اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یونیورسٹی کی کارکردگی صحیح رخ پر ہے اور اپنی ترقی کو دستاویزی شکل میں محفوظ کر رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ آنے والے سالوں میں یونیورسٹی اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے گی۔

انہوں نے کیو ای سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر واحد عثمانی, ثریا خاتون اور ان کی ٹیم کویہ سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کی، ان کی محنت اور لگن کو سراہا اور اس کام میں تعاون کرنے پر دیگر ڈیپارٹمنٹس کی تعریف کی اور عزم ظاہر کیا کہ اگلے سال اس سے بہتر سکور حاصل کر یں گے۔

 

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کےصدرکاشف مرزاصدر نےفیسوں کے حوالے سے نوٹیفکیشن کوآئین کے آرٹیکل 18سے متصادم اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کردیا ہے۔

انکا کہنا ہےحکومت پنجاب کا فیس میں 20 فی صد کمی کا نوٹیفیکیشن عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔

کاشف مرزا نےواضح کیا کہ فیس کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کےپابند ہیں،کنفیوژن پیدا کرنے کی بجائے سپریم کورٹ کے فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے حکومت یہ فیصلہ واپس لے۔

انسانیت کے جذبہ اور کورنٹائیں سے نبٹنے کے لیے ملک بھرکےمستحق طلبا کی فیس ادائیگی کے لیے کرونا ایجوکیشنل ریلیف فنڈقائم کر دیاہے،وزیر اعظم پاکستان اور صوبائی وزراءاعلی کوملک بھر کے2لاکھ پرائیویٹ سکولزآئسولیشن اور قرنطینہ سنٹرز بنانیں اور 15 لاکھ ٹیچرز بطوروالیئنٹیرز پیشکش بھی کر دی گئی ہے.

ٹیچرز کی تنخواہیں فکس ہیں اورملک بھر میں 90 فیصد اسکول عمارتیں کرائے پر ہیں۔

وزیر اعظم اور چیف جسٹس پاکستان سے داد رسی کی اپیل  ہے.وزیر اعظم پاکستان سے پرائیویٹ سکولزکے لیے ’’تعلیمی ریلیف پیکیج ‘‘ کی استدعا کردی ہے۔

 

 

سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر جاوید انوار، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین اور رجسٹرار سید سرفراز علی نے جامعہ کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید نذیر احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر سید نذیر احمد نے ایک طویل عرصے تک سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے فراءض انجام دیے ۔ سرسید یونیورسٹی کے لیے ڈاکٹر نذیر احمد کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ ایک اچھے استاد اور بہترین ایڈمنسٹریٹر کے طور پر ان کی شخصیت ہمارے دلوں میں ہمیشہ نقش رہے گی ۔ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کرے اور انھیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے ۔ آمین ۔

ڈاکٹر نذیر احمد 12اپریل کو ٹور نٹو، کینیڈا میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ پسماندگان میں ایک بیوہ، ایک بیٹی اور پانچ بیٹے شامل ہیں ۔

 

 

 

گورنمنٹ خورشید گرلز کالج کو قرنطینہ سینٹر بنادیا گیا۔ حکومت سندھ کے نمائندہ افسروں نے شاہ فیصل کالونی کی 8 لاکھ کے قریب آبادی کو خطرے میں ڈالتے ہوئے بلاک نمبر 2 میں واقع گورنمنٹ خورشید گرلز کالج کو قرنطینہ سینٹر بنادیا ہے۔

ضلع کورنگی کے ضلعی ہیلتھ افسر کے دفتر کے ذرائع کے مطابق خورشید کالج قرنطینہ سینٹر میں 3 بسوں میں درجنوں مشتبہ مریضوں کو لایا گیا ہے جن کی تعداد 250 سے زیادہ بتائی جارہی ہے۔

وزارت صحت کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ یہ سب کچھ ضلعی انتظامیہ کا ایک افسر جو کہ ایم بی بی ایس ڈاکٹر نہیں ہے خود اپنے طور پر لاکھوں زندگیوں کو داؤ پر لگا کر اپنے تئیں کررہا ہے.

دوسری جانب طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ آبادی کے بیچ و بیچ کرونا وائرس کے مریضوں کے لئے قرنطینہ سینٹر بنانا "ڈبلیو ایچ او" کی ایس او پی کی دھجیاں اُڑانے کے مترادف ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے شاہ فیصل کالونی کی آبادی والے علاقے میں قرنطینہ سینٹر قائم کئے جانے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ اور وزیر صحت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ خورشید گرلز کالج سے قرنطینہ سینٹر مضافات میں منتقل کیا جائے۔

 

تمام پرائیویٹ اسکول فیس میں 20 فیصد رعایت کے بعد ہی فیس وصول کر سکیں گے۔ گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد صوبائی حکومت نے نجی اسکولوں کی فیس میں 20 فیصد رعایت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

کورونا لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والی صورت حال کے باعث پنجاب حکومت نے نجی اسکولوں کی اپریل اور مئی کی فیسوں میں 20 فیصد رعایت کا اعلان کیا تھا جس کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم مراد راس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تمام پرائیویٹ اسکول فیس میں 20 فیصد رعایت کے بعد ہی فیس وصول کر سکیں گے، والدین کمی کے ساتھ موصول ہونے والے فیس واؤچرز کے مطابق فیس جمع کرائیں۔

 

ڈیرہ اسماعیل خان  بورڈ کے تعلیمی بورڈ کے کنٹرولر ڈاکٹرطاہر اللہ جان نے طالبعلموں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام طلباء و طالبات کا مطلع کیا جاتا ہے کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ وہ اپنی صحت اور گھر رہ کر مطالعہ پر توجہ مرکوز رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری دعا ہے کہ جلد از جلد یہ وبا ختم ہو اور زندگی معمول پر آجائے، تب تک طالبعلم کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں، جیسے ہی حکومت کوئی فیصلہ کرے گی آپ کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

 

 

کورونا وائرس کے پیشِ نظر دنیا بھر تمام تر لوگ لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے اپنے گھروں میں محصور ہیں اور ایسے میں وہ اپنا وقت گزارنے کے لیے کچھ نہ کچھ نیا کرنے کا سوچ رہے ہیں۔

اسی لیے لوگوں کی جانب سے سوشل میڈیا کا استعمال بڑھ گیا ہے جب کہ لوگ اپنا دن اچھا گزارنے کے لیے گوگل سے بھی مدد حاصل کر رہے ہیں۔

حال ہی میں سرچ انجن گوگل نے گزشتہ ہفتے دنیا بھر سے لوگوں کی جانب سے سرچ کی جانے والی چیزوں کی ایک جھلک جاری کی ہے جو کہ کافی دلچسپ ہے۔
گزشتہ ہفتے گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا موضوع تالیوں سے متعلق تھا، دنیا بھر سے لوگوں نے 'کلیپ ود کیئر' اور 'کلیپ فار ورکرز' کو بہت زیادہ سرچ کیا ہے۔

دوسری جانب گوگل پر والدین اور بچوں کی جانب سے 'ہوم سائنس ایکسپیریمنٹس فار کڈز' سب سے زیادہ سرچ کیا گیا ہے۔
گوگل کے مطابق لاک ڈاؤن میں لوگوں نے سونے کی روٹین سے متعلق بھی کافی کچھ سرچ کیا ہے جس میں سونے کی روٹین کیسے ٹھیک کریں؟ 
گوگل پر دنیا بھر سے صارفین کی جانب سے 'ورچوئل فیلڈ ٹرپس' بھی سب سے زیادہ سرچ کیا گیا ہے کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دنیا بھر میں تمام تر تاریخی اور سیاحتی مقامات بھی بند کر دیے ہیں جس کے بعد متعدد میوزیمز کی جانب سے سیاحوں کو ورچؤل ٹرپس کی بھی پیشکش کی جا رہی ہے۔

 

Page 6 of 557