منگل, 01 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

مانیٹرنگ ڈیسک: پیغام رسانی کی ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے گروپس صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرادیا۔

واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق یہ نیا اور دلچسپ فیچر گروپس کے ایڈمن (جنہوں نے گروپ بنایا ہے) کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت ایڈمنز گروپ کے کسی بھی فرد کا میسج ڈیلیٹ کرنے کے اہل ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے بیٹا ورژن استعمال کرنے والوں کے لیے پیش کیا گیا ہے جس کا مقصد گروپس کو بہترین طریقے سے چلانا ہے۔

واٹس ایپ بیٹا انفو کی جانب سے جاری کردہ اسکرین شاٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب بھی گروپ ایڈمن کسی شخص کا پیغام ڈیلیٹ کرے گا تو اس بارے میں باقی ممبرز کو بھی پتا چل جائے گا۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ نے اس فیچر کا اعلان گزشتہ برس کیا تھا اور بتایا تھا کہ اس پر کام شروع ہوچکا ہے تاہم اب ایپ نے فیچر متعارف کرادیا ہے۔

دنیا بھرمیں مہنگائی،معاشی بحران اورغیریقینی صورتحال کے نتیجے میں اسمارٹ فونز کی فروخت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

اسمارٹ فونز کی فروخت کی مانیٹرنگ کرنے والے ادارے Canalys کی جانب سے اپریل سے جون 2022 کے دوران ڈیوائسز کی فروخت کی رپورٹ جاری کی گئی۔

2022 کی دوسری سہ ماہی کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں اسمارٹ فونزکی فروخت میں 9 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔اپریل سے جون 2022 کے دوران دنیا بھر میں 28 کروڑ 74 لاکھ اسمارٹ فونز فروخت ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں مہنگائی کی شرح بڑھنے، سیاسی صورتحال اور صارفین کے اعتماد میں کمی کی وجہ سے اسمارٹ فونز کی فروخت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق اسمارٹ فونز کی فروخت میں کمی کا یہ سلسلہ رواں سال کے آخر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

2022 کی دوسری سہ ماہی کے دوران فونز کی فروخت کے حوالے سے سام سنگ کمپنی سرفہرست رہی جبکہ ایپل دوسرے، شیاؤمی تیسرے، اوپو چوتھے اور ویوو 5 ویں نمبر پر رہی۔

اس دوران مڈرینج اسمارٹ فونز کی طب میں سب سے زیادہ کمی دیکھنے میں آئی کیونکہ صارفین اب صارفین زیادہ سستے فونز کو ترجیح دے رہے ہیں۔

اس سے قبل 2020 میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران اسمارٹ فونز کی طلب میں نمایاں کمی آئی تھی مگر 2021 میں حالات کسی حد تک بہتر ہوگئے تھے۔

کراچی: این ای ڈی یو نی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کےتحت انٹری ٹیسٹ کےپہلےسیشن کا آغازآج سے ہوگا۔جو 3 اگست منعقد کیا جائے گا۔

جامعہ ترجمان کے مطابق طالب ِ علموں کے لیے ایس او پیز کے تحت ماسک پہننا،اپنے سینیٹائزر اور پانی کی بوتل ساتھ لانالازمی ہے۔ کووڈ 19کے پیش نظر، سماجی فاصلوں کا خیال رکھتے ہوئے یہ ٹیسٹ صبح 9 بجے سے شام6 بجے تک 4شفٹوں میں لیبس میں لیا جائے گا.

این ای ڈی یونیورسٹی میں تین نئے شعبوں متعارف کرائےگئے، پہلی بار سائبر سیکیورٹی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ڈیٹا سائنسز میں داخلے 30 جولائی سے ہوں گے۔

این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت نئے تعلیمی سیشن 2023ء سے 3 نئے انجینئرنگ پروگرام شروع کیے جارہے ہیں اور نئے تعلیمی سیشن کی داخلہ پالیسی میں ’’آرٹی فیشل انٹیلی جنس سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا سائنسز ‘‘ کے نئے پروگرامز کو باقاعدہ شامل کرلیا گیا ہے اور ان تینوں پروگرامز کے لیے مجموعی داخلہ سیٹس میں 150 نشستوں کا اضافہ بھی کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ انٹر سال اول کے نتائج کی بنیاد پر این ای ڈی یونیورسٹی میں 32 شعبہ جات کے لیے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ 29 جولائی کردی گئی ہے جبکہ 6 روز تک جاری رہنے والا داخلہ ٹیسٹ 30 جولائی سے شروع ہوگا جبکہ فیل ہو جانے والے طلبہ کے لیے دوبارہ بھی داخلہ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو دوسرے مرحلے میں 21 اگست سے شروع ہوگا۔

جامعہ کراچی: پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نےوائس چانسلر کاچارج سنبھال لیا۔

اس موقع پر جامعہ کراچی میں پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی کا پرتپاک استقبال جبکہ پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ خاتون کو والہانہ انداز میں رخصت کیاگیا۔ اساتذہ،طلبہ اور ملازمین کی بڑی تعدادنے گل پاشی کی جبکہ سرخ قالین بھی بچھایا گیا۔

اس موقع پر تمام روئسائے کلیہ جات،ڈائریکٹر سینٹرزوانسٹی ٹیوٹ،صدراانجمن اساتذہ، مختلف شعبہ جات کے صدور،اساتذہ اور انتظامی عملے کی کثیر تعداد موجود تھی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرخالد محمودعراقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی میری مادرعلمی ہے اور اس کو آگے بڑھانا اور دنیا کی صف اول کی جامعات میں شامل کرنا اپنا فرض سمجھتاہوں۔ مجھے جامعہ کراچی کو درپیش مسائل کا بخوبی علم ہے،لیکن یہ مسائل فرد واحد حل نہیں کرسکتا بلکہ ان مسائل کے سدباب کے لئے ایک مشترکہ ٹیم ورک کی ضرورت ہے جس کے لئے میں تمام اساتذہ اور انتظامی عملے سے تعاون کا متقاضی ہوں۔ہم سب کو انسانیت کے ناطے ایک دوسرے کو سمجھنے اور بحیثیت مسلمان ایک دوسرے کی مددکرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال کے اثرات ہر شعبہ زندگی پر مرتب ہوئے ہیں اورجب تعلیم وتحقیق ہماری ترجیحات میں شامل ہی نہ ہو توہم اپنے اساتذہ،طلبہ اور ملازمین کو بہتر سہولیات فراہم نہیں کرسکتے۔ہمیں اپنے معاشی حالات کو بہتر کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اور سخت فیصلے کرنے ہوں گے۔ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مزید کہا کہ اساتذہ اور انتظامی عملے کو درپیش تمام مسائل کا حل اور بالخصوص سلیکشن بورڈ ز کا تواتر سے انعقاد میری اولین ترجیح ہوگی۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ خاتون نے کہا کہ جامعہ کراچی کوپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی جیسے ایڈمنسٹریٹرکی ہی ضرورت ہے اور ان کا مستقل وائس چانسلر کی حیثیت سے تقررخوش آئند اور جامعہ کی ترقی کے لئے ناگزیر تھا۔رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹرفیاض وید نے کہا کہ ہر ادارے کی سربراہ کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا ادارہ آگے بڑھے،لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم سب شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کا جامعہ کی ترقی کے لئے بھر پور ساتھ دیں۔


صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر نے کہا کہ ایک طویل عرصے بعد جامعہ کراچی میں مستقل وائس چانسلر کاتقررخوش آئند ہے۔مجھے امید ہے کہ اب جامعہ کراچی میں سلیکشن بورڈز کے انعقاد کو تواترکے ساتھ یقینی بنانے کے ساتھ جامعہ کو درپیش مالی اور دیگرمسائل بھی جلد حل ہوجائیں گے۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے 1989 ء میں بحیثیت کوآپریٹوٹیچر جامعہ کراچی کے شعبہ سیاسیات سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور 1990 ء میں جامعہ کراچی میں بحیثیت لیکچرر تعینات ہوئے جبکہ 1998 ء میں اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر فائز ہوئے اور2006 ء میں جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن سے پی ایچ ڈی کیا۔ڈاکٹر خالدعراقی2009 ء سے بحیثیت پروفیسرشعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ڈاکٹر خالد عراقی 2017 ء میں شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے چیئر مین مقرر ہوئے جبکہ اس سے قبل جنوری 2013 ء تاجنوری 2016 ء ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز رہے۔مارچ 2011 ء تاجنوری 2014 ء چیئرمین شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن رہے۔2011 ء تا 2016 ء ڈائریکٹر ایڈمیشنز جامعہ کراچی اور کنوینرکانووکیشن کمیٹی بھی رہے۔2015 تا2016 ء چیئرمین ہاؤس الاٹمنٹ کمیٹی کے طورپرکام کرتے رہے۔علاوہ ازیں ڈاکٹر خالد عراقی نے ایک طویل عرصے تک مشیر برائے شیخ الجامعہ اور کیمپس سیکورٹی ایڈوائزر کے عہدے پر بھی فائز رہے ہیں۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے1987 ء میں جامعہ کراچی کے شعبہ سیاسیات سے فرسٹ کلاس فرسٹ پوزیشن کے ساتھ بی اے (آنرز) جبکہ 1989 ء میں جامعہ کراچی کے شعبہ سیاسیات سے فرسٹ کلاس سیکنڈ پوزیشن کے ساتھ ایم اے کیا۔ڈاکٹر خالد عراقی انتظامی عہدوں پر فرائض کی انجام دہی کے علاوہ مختلف کمیٹیز اور بورڈز کے ممبر بھی رہے ہیں جس میں جامعہ کراچی اسپورٹس بورڈ،کراچی یونیورسٹی جیم خانہ کمیٹی،اسٹوڈنٹس ایڈوائزر کمیٹی،رکن مجلس برائے اعلیٰ تعلیم وتحقیق جامعہ کراچی،رکن اکیڈمک کونسل،ممبرگرین وچ یونیورسٹی اور دادابھائی یونیورسٹی شامل ہیں۔

کراچی: آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ کے مرکزی چیئرمین سید طارق شاہ نے تعلیمی اداروں میںجشن آزادی بھر پور جوش و جذبے سے منانےکااعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق تعلیمی اداروں میںجشن آزادی بھر پور جوش و جذبے سے منایا جائے گا یہ بات آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ کے مرکزی چیئرمین سید طارق شاہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے سندھ کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال تعلیمی اداروں میں جشن آزادی بھر پور جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔

اس موقع پروائس چیئرمین عتیق شمسی اور کراچی ڈویژن کے صدر فرقان بلال بھی موجود تھے جبکہ ویڈیو لنک پر حیدرآباد ڈویژن،میرپورخاص ڈویژن،شہیدبینظیر آباد ڈویژن،لاڑکانہ ڈویژن اور سکھر ڈویژن کے صدور نے شرکت کی۔

مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید طارق شاہ نے کہاکہ اس سال پورے سندھ میں جشن آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات انتہائی شایان شان طریقے سے منائی جائیں گی اوریکم اگست سے تعلیمی سیشن شروع ہونے کے ساتھ یوم آزادی کی تقریبات کاآغاز بھی ہو جائےگاجبکہ تمام ریجن،ڈسٹرکٹ ،ٹائون اور تعلقہ لیول پر تحریک پاکستان کے ہیروز کی قد آور تصاویر آویزاں کی جائیں گی اور طلبہ ملی نغموں،ٹیبلو اور تقاریری مقابلوں میں حصہ لے کر شہداء تحریک پاکستان اور بابائے قوم کے فکروفلسفے کو اجاگر کریں گے.

انہوں نے کہاکہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اس لئے انہیں قیام پاکستان اور تحریک پاکستان سے متعلق مکمل آگاہی ہونا ضروری ہے سید طارق شاہ نے کہاکہ پاکستان لاکھوں بزرگوں کی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا ہے جس کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے

کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی ایم ایس پی ایچ ریسرچر مہرین قادری نے اپنے تحقیقی مقالے کا کامیابی سے دفاع کرلیا۔

جامعہ کے وی سی بورڈ روم میں اپنا انسٹیٹیوٹ برائے پبلک ہیلتھ کے پروگرام ماسٹر آف سائنس ان پبلک ہیلتھ(ایم ایس پی ایچ) کی ریسرچرمہرین قادری نے اپنے تحقیقی مقالے کا کامیابی سے دفاع کیا، مہرین قادری نے اے آئی پی ایچ کی چیئرپرسن پروفیسر لبنیٰ انصاری بیگ کی نگرانی میں اپنا تحقیقی کام مکمل کیا، ان کا موضوع، ’’کراچی میں 5 سال سے کم عمر بچوں میں شدید غذائی قلت کی تشخیص کے لیے ڈبلیو ایچ او کے ایم یو اے سی میں کٹوتی کی توثیق،‘‘ ( Validation of MUAC Cut-Offs of WHO for Diagnosis of Acute Malnutrition among Children under 5 Years in Karachi, Pakistan) تھا۔

ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی کے ڈپارٹمنٹ برائے کمیونٹی میڈیسن کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ثناء تنزیل اورفاطمہ جناح کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری کےڈپارٹمنٹ برائے کمیونٹی میڈیسن کی پروفیسر ڈاکٹر ارم منظورنے بیرونی جبکہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈہیلتھ کےاسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اریت پرکاش نے اندرونی ممتحن کا کردار اداکیا۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی ڈائریکٹر ریسرچ پروفیسرڈاکٹر ہما شریف نیوٹرل چیئر کے طور پر موجود تھیں۔جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کےوائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے مہرین قادری کو تحقیقی مقالے کا کامیابی سے دفاع کرنے پر مبارکباد دی۔پریزنٹیشن کے اختتام پرمہرین قادری نے اے آئی پی ایچ کی چیئرپرسن پروفیسر لبنیٰ انصاری بیگ کا رہنمائی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی نےموسم خزاں 2022 کے بیچلرز،ماسٹرزاورپی ایچ ڈی (صبح، شام اور ویک اینڈ پروگرامز) میں داخلوں کی تاریخ میں توسیع کردی ،

جامعہ کے ترجمان کے مطابق بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی (صبح، شام اور ویک اینڈ پروگرامز) میں داخلوں کی تاریخ میں 10 اگست 2022 تک توسیع کی گئی ہے۔

امیدوار داخلہ فارم www.smiu.edu.pk پر آن لائن پر کرسکتے ہیں۔ وہ طلباء جو اپنے رزلٹ کا انتظار کر رہے ہیں وہ بھی داخلہ کیلئے اپلائی کر سکتے ہیں۔جن انڈرگریجوئیٹس پروگرامز میں داخلے ہورہے ہیں ان میں سافٹ ویئر انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس،ڈیٹا سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی، میتھامیٹکس، انوائرمینٹل سائنس، کلائیمیٹ چینج، فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس، بینکنگ اینڈ فنانس، انٹرپرینیورشپ، پبلک ایڈمنسٹریشن، اکانامکس، کامرس، انگلش، ایجوکیشن، میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز، ڈیولپمنٹ اسٹڈیز اور سوشیالوجی شامل ہیں۔

جبکہ بی ایڈ، بی بی اے اور ایم بی اے میں بھی داخلے دیے جاتے ہیں۔ کمپیوٹر سائنس، میتھامیٹکس، انوائرنمینٹل سائنسز، مینجمنٹ سائنسز، پبلک ایڈمنسٹریشن، ایجوکیشن اور میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز میں ایم ایس اور کمپیوٹر سائنس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، میتھامیٹکس، انوائمینٹل سائنسز، مینجمنٹ سائنس، ایجوکیشن اور میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز میں پی ایچ ڈی کے لیے داخلے داخلے دیے جارہے ہیں۔ .داخلوں کیلئے انٹر ٹیسٹ 12 اور 13 اگست 2022 کو لیا جائے گا۔

لاہور: بورڈآف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے نویں جماعت کی آن لائن انرولمنٹ داخلےکاشیڈول جاری کردیا۔

شیڈول کے مطابق نویں جماعت کے لئے داخلہ فارم بغیر لیٹ فیس کے یکم اگست سے 30ستمبر بمع 395روپے پروسیسنگ فیس طلبا و طالبات بورڈ ھٰذاجمع کروانےکے پابند ہونگےجبکہ 500روپے لیٹ فیس کے ساتھ یکم اکتوبر سے 30اکتوبر تک فیس، انرولمنٹ فیس اور پروسیسنگ فیس تمام سرکاری ،پرائیوٹ (الحاق شدہ) تعلیمی ادارے بورڈ ہذا جمع کروانے کے پابند ہونگے۔

بورڈ کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے رواں سال ناظرہ قرآن حکیم بمع ترجمہ تمام طلبا اور طالبات کےلئے بطور مضمون پڑھنا لازمی ہوگاجبکہ درج بالا تاریخوں کے بعد کسی بھی ادارے کو انرولمنٹ /داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی۔مکمل تفصیلات کے لئے طلبا و طالبات بورڈ ھٰذا کی آفیشل ویب سائٹ پر وزٹ کرسکتے ہیں۔

سندھ : حکومت سندھ کی جانب سے صوبے کی کثیر الثقافتی و کثیرالجہتی تاریخ و تہذیب کو نصاب کا حصہ بنانے میں آج ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے اور آج محکمہ تعلیم و خواندگی، محکمہ ثقافت، سیاحت و نوادرات اور یونیسکو پاکستان کے اشتراک سے کراچی کے مقامی ہوٹل میں سندھ کے سرکاری اسکولوں کے نصاب میں کلچر و ہیریٹیج کے مضامین و عنوانات شامل کرنے کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ہے.

جس میں وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار علی شاہ محکمہ تعلیم و ثقافت کے ڈائریکٹرز، نامور تعلیمی ماہرین، ٹیکسٹ بک رائٹرز،سول سوسائٹی کے نمائندگان،یونیسکو پاکستان،جائیکہ اور حکومتی محکموں کے اعلیٰ عملداران نے شرکت کی.

س حوالے سے ورکشاپ میں مندرجہ ذیل سیشنز منعقد کیے گئے جن میں ثقافتی ورثے کی تعلیم میں یونیسکو کی فکر و اقدامات،سندھ صوبے کے سرکاری پرائمری، مڈل اور سیکنڈری اسکولز کا کے موجودہ نصاب کا جائزہ اور اس میں فکری قلت، منصوبہ بندی کا فقدان اور ان کے عملدآمد کرانے میں درپیش چینلجز اور ان کے حل کے لیے تجاویز،پالیسی میں تبدیلی اور درپیش چیلینجز کے اساتذہ و طلبا پر اثرات،کثیرالجہتی میں اتحاد: انصاف، عقلیت پسندی اور ہم آہنگ پر مبنی معاشرے کی تعمیر میں درسی کتب و نصاب کا کردار اور دیگر موضوعات پر پینل ڈسکشنز منعقد کیے گئے.

اس موقع پر ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار علی شاہ نے کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے اور سندھ نے آج یہ ثابت کردیا کہ اس صوبے میں رہنے والے تمام فکر و ثقافت کے لوگ اور ان کی ثقافتی رسوم اور تہذیبی تخشص اس صوبے کی تاریخی میراث ہے اور آج اس ورکشاپ سے ہم یونیسکو اور تعلیمی ماہرین کے ساتھ ملکر نصاب میں کلچر و ہیریٹیج کے عنوانات و مضامین شامل کرنے جا رہے ہیں.

انہوں نے کہا کہ نصاب کے معاملے میں سندھ پہلے ہی دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہت آگے ہے اور ہم نے ملک میں سب سے پہلے نان فارمل ایجوکیشن کا نصاب مرتب کردیا اور اس کے بعد سندھ نے ہی سب سے پہلے ارلی چائلڈہوڈ ایجوکیشن کا نصاب مرتب کیا اور آج کلچر اور ہیریٹیج کو نصاب کا حصہ بنانے کے معاملے میں سندھ لیڈ کر رہا ہے. انہوں نے کہا کہ موھین جو دڑو کی صدسالہ تقریبات یونیسکو کے ہیڈکوارٹر پیرس میں منعقد کرنے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے بھی یونیسکو کے ساتھ
بات چیت جاری ہے.

اس موقع پر نامور رائٹر و دانشور جامی چانڈیو نے مختلف سیشنز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ سندھ فکری طور پر بھی بہت ہی زرخیز خطہ ہے اور سندھ کی ثقافت و تہذیب اس خطے کی اساس ہے. آج کے ورکشاپ میں پرائمری، مڈل اور سیکنڈری اسکولوں کے نصاب کا جائزہ لیا گیا. جبکہ آئندہ اجلاس میں سندھ کالجوں کا نصاب کا بھی جائزہ لیا جائے گا.

۔

اسلام آباد: ملک میں کورونا سے مزید 8 افراد انتقال کرگئےجبکہ کورونامثبت کیسزکی شرح 3.65 فیصد ہوگئی۔

قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ ) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 8 مریض انتقال کرگئے اور 170 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 20 ہزار843 ٹیسٹ کئےگئے جس میں 761 کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ کورونا کے 170 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.65 ریکارڈ کی گئی۔