منگل, 01 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مون سون سسٹم کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔

شہر قائد میں صدر ، آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف کے علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق مون سون سسٹم سندھ اور گجرات کی سرحد کے قریب موجود ہے، سسٹم کا 40 فیصد حصہ سندھ اور 60 فیصد حصہ بھارتی گجرات پر موجود ہے۔

سان فرانسسکو:انسٹاگرام نے کرپٹوکرنسی اورنان فنجیبل ٹوکن (این ایف ٹی) کودنیا کے 100 ممالک اور خطوں تک وسیع کرنےکااعلان کردیا۔

دنیا بھر میں کرپٹوکرنسی اور نان فنجیبل ٹوکن (این ایف ٹی) کی گرتی ہوئی ساکھ کے باوجود انسٹاگرام نے پہلے این ایف ٹی ڈسپلے کی سہولت پیش کی تھی اور اب اسے دنیا کے 100 ممالک اور خطوں تک وسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مرکزی کمپنی میٹا کی اس سہولت کے تحت ان تمام ممالک کے انسٹاگرامر اب اپنی ڈجیٹل تخلیق کو اپنے پروفائل پیج پررکھ سکیں گے اور کوئی خریدار ہوتو اسے فروخت بھی کرسکیں گے۔

اس ضمن میں سب سے پہلے میٹا کے بانی مارک زکربرگ نے لڑکپن میں اپنے بیس بال کا کارڈ اپنے دستخط کے ساتھ بطور این ایف ٹی پیش کیا ہے۔ اسی سال مئی میں انسٹاگرام نے امریکا میں یہ سہولت پیش کی تھی اور اب یہ 100 ممالک تک وسیع کردی گئی ہے۔ اس کے تحت انسٹاگرامر اپنی فیڈ، اسٹوریز اور براہِ راست پیغامات میں بھی این ایف ٹی شامل کرسکیں گے۔
آپشن کے تحت انسٹاگرام پر ’ڈجیٹل کلیکٹبلز‘ کے ٹیگ کے تحت این ایف ٹی دکھائی دے گا۔ اسے چھوکر کوئی بھی اس کی تفصیلات اور اصل مالک کے متعلق جان سکے گا۔ ایک نئی این ایف ٹی ٹیب کا اضافہ کیا گیا ہے جس ہر ہشت پہلو (ہیگزاگون) نشان بھی نمایاں ہوگا۔

اب این ایف ٹی کی خریدوفروخت کےلیے کوئن بیس، ڈیپر، ایتھریئم اور فلو وغیرہ جیسی کرپٹوکرنسیوں کی سہولت بھی پیش کی گئ ہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انسٹاگرامر این ایف ٹی کو والٹ سے بھی منسلک کرسکیں گے۔

کراچی: جامعہ این ای ڈی کےشعبہ کنٹرولر اسٹوڈنٹ افئیرزکے زیرِ اہتمام مرکزی آڈیٹوریم میں یومِ امامِ حسین کا انعقاد کیا گیا۔

جس سے معروف عالم دین نصرت عباس بخاری اور مفتی نوید عباسی نے خطاب کیا. تلاوت ِ کلام الہی سے باقاعدہ اس محفل کی ابتدا کی گئی جب کہ نعت رسول خدا (ص)سے سماعتوں کو معطر کیا گیا۔

جامعہ این ای ڈی کے زیرِ اہتمام ”یومِ امامِ حسین“ ؑمیں مقررین کا خطاب سید الشہدااور اُن کے انصار کی قربانی تاقیامت فتح کا استعارہ ہے، امام عالی مقام کی شہادت نے مقتل کو مکتب میں تبدیل کردیا اورمکتب بھی وہ جو عالمگیر ہے جس کی کوئی حد کوئی سرحد نہیں،امام حسین رضی اللہ عنہ کی اپنے گھرانے اور رفقاکے ساتھ قربانی ایسی ہے کہ جس کی کوئی مِثل قرار نہیں دی جاسکتی،بلکہ مثل تو کیا اس سے قریب تر بھی کوئی قربانی نہیں ہے۔

فلسفہ حیات جاوداں پر روشنی ڈالتے ہوئے کلیدی مقرر آغا نصرت عباس بخاری نے کہا کہ کائنات میں دو قوتیں ہمیشہ رہی ہیں، ایک وہ قوت جو امرِالہی پر عمل پیرا ہے دوسری وہ جو امرِ الہی کو کاٹ کر اپنا امر دکھاتی ہے۔ امرِ الہیہ کی اطاعت کے لیے پروردگار عالم نے اہل بیتِ اطہار کو چُنا۔دراصل امرِ الہی کی اطاعت ہی ”حیات“ ہے۔اسی لیے حیات ِ جاوداں کے مالک رسول اللہ(ص) کے اہل بیتؑ ہیں. نوجوانوں کو پیغامِ وحدت دیتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ کربلا کے واقعے سے سیکھیں کہ وحدت کیا ہے، جہاں ایک حسینی پلیٹ فارم پربلا تفرق سب نظر آرہے ہیں۔پیغام وحدت دیتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ حسینؑ ایک فرد نہیں نظریہ ہیں، انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام کی شہادت نے مقتل کو مکتب میں تبدیل کردیا اورمکتب بھی وہ جو عالمگیر ہے جس کی کوئی حد کوئی سرحد نہیں۔جو چاہے اور جب چاہے اس حسینی مکتب میں شامل ہوجائے۔اُنہوں نے نوجوانوں کی فکری تربیت کرتے ہوئے اس جانب توجہ مبذول کروائی کہ ظاہر ی معاملات کے پیچھے نہ دوڑیں، خود کو سوشل میڈیا کی دنیا کے خول میں قید نہ کریں بلکہ امام زمانہ(ع)کے ناصران میں شامل ہوں.

اُن کا کہنا تھا کہ امام حسین(ع)، اُن کے انصار و اعزا کی قربانی رہتی دنیا تک فتح کا استعارہ ہے. نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ امام عالی مقام استقامت کا مظہر ہیں، یاد رکھیے ہر وہ قوم کامیاب ہوتی ہے جس میں استقامت ہو۔امام حسین رضی اللہ عنہ نے راہِ خدا میں سارے گھر کی شہادت دے کر استقامت کی ایسی مثال قایم کی جس سے کربلا آج بھی زندہ ہے۔ اُن کاکہنا تھا کہ زندگی کا معیار اُسوہ رسولؐ اور آلِ رسول ؑپر عمل ہونا چاہیے۔اس یومِ حسینؑ کے موقعے پر اہلِ سنت کے معروف مفتی نوید عباسی کا کہنا تھا کہ امام عالی مقام کا سفر، ان کاقیام سب بقائے دین کے لیے تھا۔ امام حسین رضی اللہ عنہ کی اپنے گھرانے اور رفقاکے ساتھ قربانی ایسی ہے کہ جس کوئی مِثل قرار نہیں دی جاسکتی،بلکہ مثل تو کیا اس سے قریب تر بھی کوئی قربانی نہیں ہے۔

اُن کہنا کہ میں سمجھتا ہوں کہ واقعہ کربلا نے ہر تقسیم کومٹا دیا ہے،اب دنیا میں دو قسم کے افرادحسینی یا یزیدی ہی موجود ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ جب تک نماز پڑھی جاتی رہے گی تب تک حسین رضی اللہ عنہ زندہ ہیں۔ پرنسپل تھر انسٹی ٹیوٹ آف انجینیرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر رضا مہدی، ڈائریکٹر سروسز وصی الدین، اسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر الیاس خاکی نے بھی شرکت کی۔رجسٹرار سید غضنفر حسین نقوی نے مہمانانِ گرامی، اساتذہ، اسٹاف، طالبِ علموں سمیت یومِ حسین ؑکمیٹی کی رضاکارانہ کاوشوں کو سراہا۔ نوجوان نوحہ خواں احمد رضا ناصری نے خدمتِ امامِ عالی مقامؑ میں نوحہ " میرا مظلوم حسین" جب کہ معروف سوز خواں مظہر عباس نے سلامِ آخر "سلام خاک نشینوں پہ سوگواروں کا" اپنے مخصوص انداز میں پیش کیا۔

کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں ڈاکٹرابراہیم ملا ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ لیب کاافتتاح کردیا۔

سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے جب اپنی مادر علمی ایس ایم آئی یو اسکول کو کالج کا درجہ دلایا تو انہوں نے اس وقت یعنی21جون کو اس ادارے کو 5000/- روپے کا عطیہ دیا تھا۔ اس کے علاوہ قائداعظم نے اپنی بقایا جائیداد کا ایک تہائی حصہ اپنی آخری وصیت کے ذریعے اس ادارے کو دیا تھا۔ اسی طرح ڈاکٹر ابراہیم ملا جوکہ امریکہ میں رہتے ہیں آگے آئے اور ایک جدید ترین کمپیوٹنگ لیب کے قیام کے لیے اپنی مادر علمی کی مالی مدد کی اور یہ لیب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اکٹر مجیب صحرائی نے کہا کہ قیادت ہمیشہ قوم کی رہنمائی کرتی ہے تاکہ وقت کی ضروریات کے مطابق اداروں کی ترقی ہو۔ ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح سے لے کر ڈاکٹر ابراہیم ملا تک ایس ایم آئی یو کے سابق طلباء نے ہمیشہ ترقی کرنے کیلٗے اپنے الما میٹر کا ساتھ دیا ہے۔

ایس ایم آئی یو کے ہزاروں سابق طلباء پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں اور وہ ایس ایم آئی یو کو سپورٹ کرنا چاہتے ہیں۔ اس لیے ایس ایم آئی یو کے المنائی چیپٹر کو از سر نو ترتیب دینا چاہیے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ابراہیم ملا کے دادا نے بھی اپنی تعلیم ایس ایم آئی یو سے حاصل کی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یونیورسٹیزمیں تحقیق کی ضرورت ہے اور نئی قائم ہونے والی کمپیوٹر لیب ایس ایم آئی یو کے فیکلٹی اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کو اس سے فائدہ اٹھانے میں مدد دے گی جو کہ جدید ترین کمپیوٹرز اور دیگر آئی ٹی سہولیات سے آراستہ ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر ابراہیم ملا انکی شریک حیات مسز مہناز ملا اور ملا خاندان کے دیگر افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس نیک مقصد کے لیے دل کھول کر تعاون کیا۔

ڈاکٹر مجیب صحرائی نےڈائریکٹراورک ڈاکٹر عامر اقبال عمرانی، ڈین فیکلٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر آفتاب احمد شیخ، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف سافٹ ویئر انجینئرنگ اور وائس چانسلر ٰ کے مشیر برائے تعلیمی امورڈاکٹر عبد الحفیظ خان اور آصف علی وگن ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ کونسلنگ کی کاوشوں کو بھی سراہا جنہوں نے اس لیب کو قائم کرنے کیلئےبہت کوشش کی۔
ڈاکٹر ابراہیم ملا نے اپنی تقریر میں کہا کہ وہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کو آکسفورڈ یونیورسٹی کی طرح دیکھنا چاہتے ہیں، کیونکہ یہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر عظیم شخصیات کی مادر علمی ہے۔ سندھ مدرسہ میرا المامیٹر ہے اور میں نے ہمیشہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اس کے لیے کچھ کرنے کا سوچا تھا،“ ڈاکٹر ابراہیم ملا نے کہا کہ ملک اور ایس ایم آئی یو میں تحقیقی کام کی ضرورت ہے۔ اسے اس کے لیے کچھ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔ انہوں نے لیب کے قیام کے کام کو انجام دینے پر وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی اور ڈاکٹر عامر اقبال عمرانی، ڈائریکٹر اورک کے کردار کی تعریف کی۔

ڈاکٹر آفتاب احمد شیخ، ڈین فیکلٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اپنے خطاب میں لیبارٹری کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سال 2026 تک ڈیٹا سائنس میں 11.5 ملین ملازمتیں متوقع ہیں جن کے لیے اعلیٰ کمپیوٹنگ لیبز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدید ترین لیب ایس ایم آئی یو کے ریسرچ اسکالرز کے لیے ایک عظیم اثاثہ ثابت ہوگی۔

ان کا خیال تھا کہ یہ نئی قائم کردہ لیب پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کی تشخیص کی بنیادی ضروریات میں سے ایک کو بھی پورا کرتی ہے۔قبل ازیں اورک کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عامر اقبال عمرانی نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ لیب ایس ایم آئی یو میں ایک شاندار اضافہ ہے جو ایس ایم آئی یو میں ریسرچ کلچر کو فروغ دے گی۔

ڈاکٹر ابراہیم ملا کی شریک حیات مسز مہناز ملا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور لیب کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔1988اس سے قبل ڈاکٹر مجیب صحرائی، ڈاکٹر ابراہیم ملا، مسز مہناز ملا اور ڈاکٹر عامر اقبال عمرانی نے ربن کاٹنے کی تقریب میں شرکت کی، جو یونیورسٹی کے تالپور ہاؤس میں منعقد ہوئی جہاں پر یہ لیب قائم کی گئی ہے۔افتتاحی تقریب میں ڈینز، مختلف تعلیمی شعبوں کے چیئرپرسنز اور انتظامی شعبوں کے سربراہان اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

دبئی: ایشین کرکٹ کونسل نےایشیاکپ 2022 کے شیڈول کا اعلان کردیا

، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 28 اگست اتوار کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے تصدیق کی ہے کہ ٹورنامنٹ کے مکمل شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے،میگا ایونٹ کا افتتاحی میچ 27 اگست کو سری لنکا اور افغانستان ہوگا۔

ایشین ٹائٹل پر حکمرانی کی جنگ 27 سے شروع ہوگی جبکہ ایونٹ کا فائنل دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2021 کے بعد پہلی بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی، ایونٹ میں قومی ٹیم نے بھارتی سورماؤں کو بابراعظم کی قیادت میں 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کا انعقاد ہر 2 سال بعد کیا جاتا ہے تاہم 2020 میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے کوروناکے باعث ٹورنامنٹ منسوخ کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ سال 2023 میں ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کرے گا۔

اسلام آباد: ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونےوالےفوجی افسران کی نماز جنازہ آج شام راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔

بلوچستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران کی نماز جنازہ آج شام راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، میجر جنرل امجدحنیف ستی، بریگیڈیئر محمد خالد اور میجر محمد طلحہ کی نماز جنازہ شام ساڑھے 5 بجے آرمی قبرستان میں ادا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں حادثے کا شکار ہونے والے پاک فوج کے لاپتا ہیلی کاپٹر کا ملبہ گزشتہ روز مل گیا تھا، جس میں سوار کور کمانڈر کوئٹہ سمیت تمام 6 افسران و جوانوں کی شہادت کی تصدیق کی گئی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔

اسلام آباد: ملک میں کورونا سے اموات میں اضافہ ہورہا ہے۔

کورونا کے مزید 9مریض انتقال کر گئے جبکہ 160 مریضوں کی حالت تشویشناک ہےگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 9 مریض انتقال کرگئے۔

قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ ) کے مطابقگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 20 ہزار949 ٹیسٹ کئےگئے جس میں 806 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

این آئی ایچ کا مزید کہنا ہے کہ کورونا کے 160 مریضوں کی حالت نازک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 3.85 ریکارڈ کی گئی۔

کراچی: پی سی بی نےدورہ نیدرلینڈاورٹی20 ایشیاکپ کیلئےقومی اسکواڈز کااعلان کردیا گیا۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل نیدر لینڈز کے خلاف تین میچز کے لیے 16 جبکہ اے سی سی ٹی20 ایشیاکپ کے لیے 15 کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

فاسٹ باؤلر حسن علی کی جگہ نسیم شاہ کو قومی ون ڈے اور ٹی20 انٹرنیشنل اسکواڈز کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ سلمان علی آغا کی قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی دونوں اسکواڈز میں شامل ہیں تاہم قومی کرکٹ ٹیم کے فزیو اور ٹرینر نیدرلینڈز میں شاہین آفریدی کے ری ہیب کا جائزہ لینے کے بعد ان کی فائنل الیون میں شمولیت کا فیصلہ کریں گے۔

عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود نیدرلینڈز میں سیریز کھیلنے کے بعد وطن واپس آجائیں گے

 

17 سال بعدپاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی سرزمین پر انگلینڈ کی میزبانی کا شیڈول جاری کردیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے مابین 7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز 20 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔

سیریز کے ابتدائی چار میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جب کہ باقی تین میچز 28 ، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے شروع ہوں گے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد دونوں سائیڈز 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنےکے لیے دوبارہ دسمبر میں مدمقابل آئیں گی۔

کراچی : این ای ڈی یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت انٹری ٹیسٹ کےپہلےسیشن کا انعقاد جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق پہلے سیشن کا آغاز 30جولائی سے جاری ہے جو 3اگست تک جاری ہے۔

معین الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل کے مطابق اس بار بھی پچھلی بار کی طرح دو مرتبہ انٹری ٹیسٹ لینے کا مقصد زیادہ سے زیادہ طالب علموں کو سہولت دینا ہے۔حالیہ ٹیسٹ میں کراچی کے 5766امیدواروں سمیت تقریباً آٹھ ہزار سات سو چالیس طالبِ علموں کی شرکت متوقع ہے۔

جامعہ ترجمان کے مطابق طالب ِ علموں کے لیے ایس او پیز کے تحت ماسک پہننا،اپنے سینیٹائزراور پانی کی بوتل ساتھ لانالازمی ہے۔ کووڈ 19کے پیش نظر، سماجی فاصلوں کا خیال رکھتے ہوئے یہ ٹیسٹ صبح 9بجے سے شام 6بجے تک 4شفٹوں میں لیا جارہا ہے۔ ٹیسٹ کی ایک نشست 800 طالب علموں پر مشتمل ہے۔

ٹیسٹ میں طلبا کی تعداد 6006 جب کہ 2734 طالبات کی شرکت متوقع ہے۔یاد رہے کہ جامعہ کی 2218 ریگولر اور 631سیلف سیٹوں بالشمول تھرانسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ، سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کی 69اور 21سیلف فنانس سیٹوں کے لیے یہ انٹری ٹیسٹ منعقد کیاجارہا ہے۔ٹیسٹ کی میرٹ لسٹ 5ستمبر کو آویزاں کی جائے گی جب کہ ٹیسٹ کے دونوں سیشن مکمل ہونے کے بعد کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز لیے جائیں گے۔

یادرہے کہ 22اگست تا 26اگست دوسرے سیشن کا دورانیہ ہوگا جب کہ26اگست کی شام ہی دوسرے ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔ ممکنہ طور پر سال2022 کے این ای ڈی یونی ورسٹی کے تعلیمی سال کا آغاز 17 اکتوبر سے کیا جائے گا۔