جمعرات, 06 فروری 2025
Reporter SS

Reporter SS

ایمزٹی وی(لیہ) چوبارہ کے علاقے انگورہ گوٹ فارم میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہہشت گرد ہلاک جب کہ 2 فرار ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ملتان نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر لیہ کی تحصیل چوبارہ کے علاقے انگورہ گوٹ فارم میں کارروائی کی، سی ٹی ڈی اہلکاروں کو دیکھ کر وہاں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس پر سی ٹی ڈی اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سی ٹی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ ان کے قبضے سے خودکار اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں، لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ منتقل کردیا گیا ہے جب کہ فرار ہونے والوں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

ایمزٹی وی(کراچی) سندھ کا 800 ارب روپے کے قریب نئے مالی سال کا بجٹ 10جون کو پیش کیے جانیکا امکان ہے اس سلسلے میں سندھ اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا۔
سیکریٹری سندھ اسمبلی کے مطابق تاحال سندھ اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے کوئی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے نئے مالی سال میں مجموعی آمدن کا تخمینہ 730 ارب روپے کے قریب تجویز کیا ہے۔
اس حوالے سے نئے مالی سال کا بجٹ خسارے کا بجٹ ہوگا، محکمہ خزانہ نے نئے بجٹ میں محصولات کی مد میں15 فیصد اضافے کی تجویز دی ہے، جبکہ صوبائی ترقیاتی پروگرام میں20 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے، امکان ہے کہ نئے مالی سال میں صوبائی ترقیاتی پروگرام200 ارب روپے سے زائد کا ہوگا، واضح رہے کہ رواں مالی سال میں ترقیاتی پروگرام کا حجم 198 ارب روپے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ نئے مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں10 فیصد اضافے کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم اس سلسلے میں حتمی فیصلہ وفاقی بجٹ پیش ہونے کے بعد کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ نے خدمات پر سیلز ٹیکس کی مد میں آمدن 61 ارب روپے سے بڑھاکر 78 ارب روپے کرنے کی تجویزدی ہے، جبکہ ایکسائز ڈیوٹی سمیت صوبائی محصولات بھی بڑھا کر63 ارب روپے کرنے کی تجویز دی ہے۔

ایمزٹی وی(کراچی)چیئر مین نیب قمر زماں چودھری کی صدارت میں نیب کراچی کے افسروں کا اجلاس ہوا جس میں ڈی جی نیب نے کیسز کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ چیئرمین نیب نے ڈاکٹر عاصم‘ ایم ڈی اے اور نیشنل بینک کے مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایات بھی دیدیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین، اسٹیل ملز، نیشنل بنک، ایم ڈی اے اور کراچی یونیورسٹی کے ریفرنسز میں کی جانے والی اب تک کی تحقیقات سے بھی چیئرمین نیب کو آگاہ کیا گیا۔ چیئر مین نیب نے ڈاکٹر عاصم حسین، ایم ڈی اے اور نیشنل بنک کے مقدمات میں جلد سے جلد فیصلہ کن نتائج دینے کی افسران کو ہدایت دی۔

چیئرمین نیب کو شرجیل میمن‘ محمد علی ملکانی کے کیسز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب کو مفرور اور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے کی بھی خصوصی ہدایت دی۔ ملزمان کی گرفتاری اورانکی جائیداد کو سیل کرنے کے لئے ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک سے بھی مدد لینے کی ہدایت دی گئی۔

نیب ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈی جی نیب نے چیئرمین کو بتایا کہ2106 میں اب تک پچاس ریفرنس درج کئے ہیں۔ تین سو سے زائد انکوائریز پر تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ ایک کروڑ سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے

ایمزٹی وی (لاہور)لاہور کے جناح اسپتال میں پیرا میڈیکل اسٹاف نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی۔ احتجاج کے باعث مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق میڈیکل اسٹاف نے تنخواہوں میں پندرہ فیصد اضافے، سروس اسٹرکچر پر عملدرآمد، گریڈ چار سے سترہ تک کے ملازمین کو رسک الائونس دینے کا مطالبہ کیا۔ اس حوالے سے پیرامیڈیکس کا کہنا تھا کہ وعدوں کے باوجود ڈیلی ویجز اور ایڈہاک ملازمین کو مستقل نہیں کیا جا رہا۔ احتجاج کے باعث ہسپتال میں علاج معالجے کے لیے آنے والوں کر پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ایمزٹی وی(پنجاب)پنجاب کے آئندہ مالی سال کی بجٹ دستاویزات منظرعام پر آگئیں۔ ہائر ایجوکیشن کیلئے 13ارب انچاس کروڑ، اسپیشل ایجوکیشن کیلئے90 کروڑ مختص کرنے کی تجویز ہے۔ خواندگی کیلئے 2ارب 16 کروڑ روپے جبکہ واٹرسپلائی اور سینی ٹیشن کے لئے 14 ارب 95کروڑ روپے اور سوشل ویلفیئر کیلئے 61 کروڑ روپے کی رقم مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ویمن ڈویلپمنٹ کیلئے 57 کروڑ پچاس لاکھ روپے، سڑکوں کیلئے89ارب 21 کروڑ روپے، اری گیشن کیلئے40 ارب67 کروڑ، 60 لاکھ روپے، توانائی کیلئے 18 ارب چالیس کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ بیرونی سرمائے سے چلنے والے پراجیکٹس کیلئے 30 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز، سپیشل پیکج برائے وزیراعلی کیلئے 30 ارب روپے، صاف پانی پروگرام کیلئے 30 ارب، لاہور رنگ روڈ جنوبی حصے کیلئے 10 ارب روپے، لیپ ٹاپس کیلئے6 ارب روپے اور اسکولوں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے 6 ارب روپے، کینال روڈ لاہور کی توسیع کیلئے5 ارب روپے، کسان پیکج کیلئے50ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
اربن ڈویلپمنٹ کیلئے16ارب 86 کروڑ60 لاکھ روپے، زراعت کیلئے 12 ارب 21 کروڑ90 لاکھ روپے، ایمرجنسی سروسز کیلئے 2 ارب 18 کروڑ 50 لاکھ روپے، ٹورازم کیلئے ایک ارب سات کروڑ روپے، محکمہ ماحولیات کیلئے5 کروڑ80 لاکھ روپے، انفارمیشن اور کلچر کیلئے41 کروڑ40 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے

ایمزٹی وی(تعلیم)جامعہ کراچی نے بی کام کے نتائج کا اعلان کردیا ۔جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے اعلامیہ کے مطابق امتحانات میں کل 16904 طلباوطالبات شریک ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 20.35فیصد رہ

ایمزٹی وی(کوئٹہ) عدالت نے ثاقبہ خودکشی کیس میں ملوث ملزمان کی درخواست مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج مسلم باغ ہارون آغا نے کی ۔ دوران سماعت ثاقبہ خود کشی کیس میں ملزم گرلز کالج مسلم باغ کے کلرک محمود اور پرنسپل عابدہ غوث کی جانب سے درخواست ضمانت جمع کرائی گئی جسے عدالت نے مسترد کر دیا ۔ درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد کلرک محمود کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ کیس کی مرکزی ملزمہ پرنسپل عابدہ غوث کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے ۔ سترہ سالہ ثاقبہ نے کالج انتظامیہ کی جانب سے داخلہ نہ بھجوانے پر 2 فروری کو خودکشی کی تھی اور اپنے اس فعل کی ذمہ داری کالج انتظامیہ پر عائد کی تھی ۔ واقعہ کی تحقیقات کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن بھی بنایا گیا ۔ کمیشن نے مقررہ وقت سے قبل رپورٹ حکومت کو پیش کر دی تاہم دو ماہ گزر جانے کے باوجود رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی جس کے خلاف ثاقبہ کے لواحقین نے بلوچستان ہائی کورٹ میں بھی آئینی درخواست جمع کرائی ہے ۔

ایمزٹی وی(تعلیم) جامعہ کراچی نے18 طلبا کے داخلے منسوخ کردیئے۔جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسر خالد عراقی کے اعلامیہ کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی سے تصدیق کرانے پر مارننگ ہروگرام برائے 2016 کے 12 جبکہ ایوننگ پروگرام کے 6 طلبا طلباوطالبات کی مارک شیٹ جعلی ثابت ہوئی جس کی بناءپر ان کے داخلے منسوخ کردیئے گئے ہیں۔

ایمزٹی وی(آزاد کشمیر) میر پور میں پاکستان پیپلزپارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے اوفا ڈکلیئریشن میں کشمیر کا ذکر تک نہیں تاہم آپ کی دوستی آپ کو مبارک ہولیکن ہم کشمیر کےمؤقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں، کشمیر کو اپنا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے یہی ہمارا اور کارکنوں کا نعرہ ہے۔ چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پانامالیکس کا زورجلسوں پر ہے اور جلسےکرکے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ وہ بہت مقبول ہیں جب کہ جلسوں میں اربوں روپے کے فنڈز کااعلان ایسے کررہے ہیں جیسے اتفاق فاؤنڈری اورپاناما کا پیسہ خرچ کررہے ہیں لیکن میاں صاحب شیرڈیزل پرنہیں چلتا جبکہ وزیراعظم نوازشریف کو نام لیے بغیر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ کے احتساب کی بات ہوتی ہے تو آپ کی پارٹی شورمچانا شروع کردیتی ہے لہٰذا جمہوریت کواحتساب سے خطرہ نہیں ہے اگرخطرہ ہے تو تخت رائیونڈ کوہے کیونکہ آپ جمہوریت نہیں تخت رائیونڈ کا راج چاہتے ہو۔ میرپور آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے استعفیٰ کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی خارجہ پالیسی ناکام ہے، بلوچستان میں ڈرون حملے اور ایف سولہ کی خریداری میں بھی ناکامی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کہ آج ہماری ریاست دنیا میں تنہا کھڑی ہے، بھارت ہمارا مخالف ہے جب کہ افغانستان اور ایران بھی ناراض ہیں اور سی پیک کے منصوبے کو بھی متنازع بنایا جارہا ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مضبوط پاکستان ہی اپنے مخالف سے برابری کی بات کرسکتا ہے کیونکہ امن اس صورت میں ممکن ہے جب طاقتوں کے درمیان توازن ہو جب کہ میں جب بھی مودی کا ذکرکرتا ہوں تو میری نظرمیں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالی کا منظرہوتا ہے۔

ایمزٹی وی (پسرور) تاجکستان میں پیشہ وارانہ ٹریننگ کی غرض سے گئے ہوئے پاکستان آرمی کے میجر نے وطن واپسی پر ایئر پورٹ پر قدم رکھتے ہی پاک سر زمین کو بوسہ دیا، اہل خانہ کو سلام کیا اوردم توڑ گئے۔ نواحی گاؤں گودھا کے رہائشی میجر مدثر عباد ٹریننگ کے سلسلے میں گزشتہ 3ماہ سے تاجکستان میں مقیم تھے، گزشتہ روز ٹریننگ مکمل کرکے وطن واپس آئے جیسے ہی وہ لاہور ایئر پورٹ پر اترے تو انھوں نے پاک سرزمین کو بوسہ دیا اور ایئر پورٹ سے باہر آئے جہاں ان کی فیملی انھیں خوش آمدید کہنے کیلیے موجود تھی، میجر مدثر نے استقبال کیلیے آنے والے اہل خانہ کو فوجی انداز میں سیلوٹ کیا اور آرام سے زمین پر بیٹھ گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے خالق حقیقی سے جا ملے، ان کے اہل خانہ ان کی اچانک وفات سے سکتے میں آگئے۔ ان کی وفات پر پاک آرمی کے جوانوں نے ان کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ گاؤں لا کر سپرد خاک کیا اور انھیں باقاعدہ گارڈ آف آنر دیا گیا، نماز جنازہ میں گیریژن کمانڈر سیالکوٹ ، پاک آرمی کے دیگر افسران ، اے سی پسرور ظہیر لیاقت اور ہزاروں افراد نے شرکت کی ، ان کی وفات پر بار ایسوسی ایشن پسرور کے وکلا نے بھی یوم سوگ منایا اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، میجر مدثر عباد نے پسماندگان میں بیوہ، ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔