Reporter SS
ایمزٹی وی(اسلام آباد) حكومت نے 22 ویں آئینی ترمیم كی منظوری كے لیے سینیٹ كا اجلاس 2 جون كو طلب كرلیاتاكہ الیكشن كمیشن كے صوبائی ممبران كی تعیناتی كا عمل جلداز جلد شروع ہو سكے۔ ذرائع كے مطابق حكومت نے فیصلہ كیا ہے كہ سینیٹ كا اجلاس 2 جون كو بلا كر اس میں22 ویں آئینی ترمیم كی منظوری لی جائے، 22 ویں آئینی ترمیم كی منظوری كے فوری بعد حكومت اور اپوزیشن میں الیكشن كمیشن میں 4 نئے صوبائی ممبران كی تعیناتی كے لیے مشاورت شروع ہو جائے گی، اگر موجودہ ممبران كی ریٹائرمنٹ تك جو 12 جون كو ریٹائر ہو جائیں گے نئے ممبران كی تعیناتی نہ كی گئی تو الیكشن كمیشن غیر فعال ہو جائے گا جس سے ضمنی انتخابات ، سندھ میں بلدیاتی انتخابات كا تیسرا مرحلہ سمیت امور رك جانے كا خدشہ ہے كیونكہ الیكشن كمیشن كے غیر فعال ہونے كی صورت میں ضمنی انتخابات نہیں ہو سكتے اور نہ ہی الیكشن كمیشن كوئی فیصلہ كر سكتا ہے۔ ذرائع كے مطابق 22 ویں آئینی ترمیم كی منظوری كے بعد ممبران كے انتخاب كے لئے حكومت اور اپوزیشن كے پاس موجود آپشن بڑھ جائیں گے، اگر حكومت اور اپوزیشن 12 جون تک نئے ناموں پرمتفق نہیں ہو پاتے تو پھر پرانے ممبران كی ریٹائر منٹ كے ساتھ ہی الیكشن كمیشن غیر فعال ہو جائے گا اور نئے ممبران كی تعیناتی تك غیر فعال رہے گا۔ واضح رہے کہ سینیٹ كے سابقہ اجلاس سے 22 ویں آئینی ترمیم كی اراكین كی تعداد كم ہونے كے باعث منظوری نہیں لی جا سكی تھی۔
ایمزٹی وی (تعلیم)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے زیر اہتمام بی اے ،بی ایس سی سالانہ امتحانات کے دوران امتحانی سینٹروں میں بجلی اور پینے کاپانی غائب ہوگیا ، موبائل جمع کرانے کے 30اور موٹر سائیکل اسٹینڈ کے 20روپے وصول کئے جانے لگے ۔ جس پر طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے زیر انتظام امتحانات کا سلسلہ16مئی سے جاری ہے جن کے دوران طلبہ کو شدید گرمی میں پینے کا پانی تک میسر نہیں ہے ۔گزشتہ روز سول لائن کالج میں بنائے گئے سنٹر میں انگریزی کے پرچہ میں بجلی بند ہونے پر طلبہ نے احتجاج کیا۔
ایمزٹی وی(تعلیم)پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے بی ایس (چار سالہ پروگرام)سیکنڈ سمیسٹر 2016 کے امتحانات کیلئے داخلہ فارم و فیس جمع کرانے کا شیڈول جاری کردیا. اعلامیہ کے مطابق فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ3جون ہے ۔ جبکہ امتحانات کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی)آرمی چیف جنرل راحیل شریف کوئٹہ پہنچ گئے ہیں جہاں پر سدرن کمانڈ میں آرمی چیف کو سیکیورٹی اور آپریشنل صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف سدرن کمانڈ کا دورہ کرینگے جہاں پر انہیں سیکورٹی اور آپریشنل صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف اسٹاف کالج کوئٹہ میں کورس کے شرکاء سے بھی خطاب کریں گے ۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت نادرا ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں چوہدری نثار نے نادرا کو ملک بھر میں تمام افراد کے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق سمیت غیرملکیوں کے زیراستعمال پاکستانی شناختی کارڈ فوری منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر داخلہ نے منصوبہ بندی کے لیے نادرا کو 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی ہے جس میں تمام افراد کے شناختی کارڈز کی تصدیق کے لیے حکمت عملی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ دنیا کو پیغام گیا کہ پاکستانی شناختی کارڈ کوئی بھی استعمال کرسکتا ہے، غیر ملکیوں کے زیر استعمال کارڈز کی نشاندہی کی جائے کیونکہ اب اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کوئی غیر ملکی پاکستانی شناختی کارڈ استعمال نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈز کے تصدیق کے عمل میں انٹیلی جنس ادارے بھی نادرا کی مدد کریں گے کیونکہ ہمیں برسوں کا کام اب دنوں میں کرنا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نادرا اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ واضح رہے کہ امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے والے ولی محمد کے پاس سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ برآمد ہوا ہے جب کہ امریکا، افغان حکومت اور افغان طالبان نے ولی محمد کے ملا منصور ہونے کی تصدیق کردی ہے تاہم پاکستان نے شواہد کے بغیر تصدیق سے انکار کردیا ہے۔
ایمزٹی وی(تعلیم) سندھ ہائی کورٹ نے ایم فل اورپی ایچ ڈی میں داخلے نہ دینے پر وفاقی اردو یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف درخواست پر مدعاعلیہان سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ہے ۔ منگل کو چیف جسٹس سجاد علی شاہ کی سربر اہی میں قائم دورکنی بنچ نے الہٰی بخش مینگل ، صغیر احمد شیخ اور شمشاد ایڈووکیٹ کی درخواست کی سماعت کی ۔ دوران سماعت ایک جوڈیشل افسرکی جانب سے وکیل نے جواب کے لیے مہلت طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر نے کی استدعا کی ۔ درخواست گزاران نے چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی ، رجسٹرار یونیورسٹی ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن ، انچارج ڈین فیکلٹی آف لا ، جوڈیشل افسران ودیگر کو فریق بنایا ہے۔
ایمزٹی وی (تعلیم)وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نےخالدایس آرای یونس آبادکراچی میں پی این ماڈل اسکول کے قیام کے لئے پاکستان نیوی ایجوکیشن ٹرسٹ کے لئے 25ملین روپے کی امداد کی منظوری دی ہے ۔ ےفصیلات کے مطابق وزیراعلٰی سندھ نے اس گرانٹ کی منظوری کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل فرخ احمد کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کے دوران دی۔ کمانڈر کراچی ریئر ایڈ مرل فرخ احمد نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی اور ان سے پاکستان نیوی ایجوکیشن ٹرسٹ کے تحت یونس آباد میں 70ملین روپے کی لاگت سے پی این ماڈل اسکول کے قیام سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نیوی نے بھی اس مقصد کے لئے فنڈز دیئے ہیں۔ کمانڈر کراچی نے کہا کہ پاک نیو ی ایجوکیشن ٹرسٹ اس وقت 5کیمپس چلا رہا ہے جہاں پر 16ہزارطلبا تعلیم حاصل کر رہے ہیں
ایمزٹی وی(اسلام آباد)حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے نام موصول ہونے کے بعد اسپیکر اسمبلی نے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہورہا ہے ۔ تفصیلات کےمطابق بارہ رکنی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس بدھ کے روز ہو گا،حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے نام موصول ہونے پر اسپیکر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے، پارلیمانی کمیٹی پاناما پیپرز، آف شور کمپنیوں، قرضوں کی معافی اور کک بیکس کی تحقیقات کے لئے ٹی او آرز تیار کرے گی،اس بات کا فیصلہ بھی ہو گا، کہ تحقیقات کا آغاز وزیر اعظم نواز شریف سے ہو یا تمام افراد کے حوالے سے بلاتفریق تحقیقات کی جائیں،حکومت کی طرف سے ٹی اور آرز کی تیاری کے لئے پارلیمانی کمیٹی میں اسحق ڈار، اکرم درانی ،میر حاصل بزنجو، خواجہ آصف ،،خواجہ سعد رفیق اورانوشہ رحمان شامل ہیں، جبکہ اپوزیشن کی طرف سے اعتزازاحسن، شاہ محمودقریشی،صاحبزادہ طارق اللہ،بیرسٹر سیف، طارق بشیر چیمہ اور الیاس بلور کو شامل کیا گیا ہے۔