ھفتہ, 27 جولائی 2024

کراچی: جامعہ این ای ڈی کےسینڈیکیٹ اجلاس میں تعلیمی، انتظامی اور مالی اُمور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سینڈیکیٹ اجلاس میں پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل نے فیلو شپ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئےبتایا کہ جناح میرٹ فیلو شپ میں تمام تعلیمی بورڈ سے داخلے کے لیے رجوع کرنے پر میرٹ پر آنے والے 50 سرفہرست طلبا کو 100 فی صد ٹیوشن اور امتحانی فیس میں رعایت دی جائے گی۔ اقبال لیڈر شپ فیلو شپ میں میرٹ پر 51 سے 100 تک رینک لینے والے طلبا کو 70 فی صد فیلو شپ ملے گی، سرسید وژنری فیلو شپ میں میرٹ پر 101 سے 150 رینک تک کے طلبا 50 فی صد، جوہر فیلو شپ کے نام سے جاری اسکالر شپ میں 151 سے 225 تک رینک کے طلبا 30 فی صد، لیاقت علی خان ایکسی لینس فیلو شپ میں 225 سے لے کر 325 رینک کے طلبا 25 فی صد، جناح اکیڈمک فیلو شپ میں 401 سے اوپر رینک کے طلبہ 20 فی صد فیلو شپ لے سکیں گے۔

جامعہ کی ترجمان کے مطابق ان فیلو شپس کا اطلاق آئندہ جولائی میں ہونے والے 2024 تا 2025 داخلوں سے ہوگا۔ جب کہ پہلے سے موجود طالب علموں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے تمام شعبہ جات کے طلبا کو سو فی صد امتحانی اور ٹیوشن فیس میں فیلوشپ دی جائے گی۔بالترتیب دوسری، تیسری پوزیشن کے حامل طلبا کو 70 اور 50 فی صد کا حق حاصل ہوگا۔ جن طلبا کی سی جی پی اے 2 فی صد سے زیادہ ہے انہیں 22 فی صد رعایت دی جائےگی جب کہ 2 فی صد سی جی پی اے سے کم والے طالب علموں کو بھی 15 فی صد فیس میں رعایت دی جائے گی۔

شیخ الجامعہ این ای ڈی ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کے مطابق ملکی معاشی حالات کے پیشِ نظر جامعہ این ای ڈی کی سینڈیکیٹ نے آئندہ داخلوں پر فیلو شپس کی منظوری دی ہے۔ شیخ الجامعہ کا کہنا تھا کہ این ای ڈی اپنی سو سالہ تاریخ میں پہلی بار فرسٹ ائیر داخلوں کے وقت میرٹ پر فیلو شپس دے رہی ہے تاکہ نامساعد معاشی حالات سے گھبرا کر کوئی طالب علم، تعلیم سے محروم نہ رہ سکے۔

: سندھ اسمبلی نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے خلاف قانون سازی کرنے کا مطالبہ کردیا۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں تحریک التوا پر بات کرتے ہوئے وزیر صحت سندھ عذرا افضل پیچوہو نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ امتحانات کے دباؤ کے باعث بچے ڈرگس استعمال کررہے ہیں، صوبے بھر میں اسکول کے بچے بآسانی آن لائن ڈرگس منگواتے ہیں، تعلیمی اداروں میں بچوں کو ڈرگس کی لت لگوائی جا رہی ہے ہمیں تعلیمی اداروں میں ڈرگز کے خلاف مہم چلانی چاہیے۔

انہوں ںے کہا کہ ڈرگس کا استعمال کرنے والے بچوں کی قابلیت کم ہونے لگتی ہے، اسکول کے بچے دعوتوں میں ڈرگس کا استعمال کرتے ہیں وہ فارم ہاؤس میں جمع ہوجاتے ہیں جہاں آئس اور دیگر نشوں کا استعمال کیا جاتا ہے والدین کو بچوں پر نظر رکھنی چاہیے۔

تحریک التوا پر ندا کھوڑو نے کہا کہ ڈرگس کے خلاف سڑکوں پر نہیں کلاس رومز میں بھی جنگ لڑنی چاہیے ڈرگس ٹیسٹنگ کرنی چاہیے اسکولوں میں ایک طریقہ کار بنانا چاہیے۔

رکن اسمبلی ماروی راشدی نےتحریک التواء پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر منشیات کا استعمال پرائیویٹ اسکولز میں ہورہا ہے، جہاں ’’کول‘‘ نظر آنے کے لیے ڈرگس کا استعمال کیا جا تا ہے جب ایک بچہ ڈرگس لیتا ہے اور دوسرا نہیں لیتا تو کہا جاتا ہے تم ’’کول‘‘ نہیں لگ رہے۔

سردار خان چانڈیو نے کہا کہ ہر کوئی کراچی کی بات کر رہا ہے سندھ کا کوئی گاؤں نہیں بچا جہاں آئس اور افیم کا استعمال نہیں ہورہی، ہمارے صوبے میں منشیات کی کاشت ہوتی ہے میرے پاس کچھ ویڈیوز موجود ہیں جو شیئر کروں گا کسی نے دس تو کسی نے پانچ ایکڑ افیم کی کاشت کی ہوئی ہے۔

جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے کہا کہ محکمہ نارکوٹکس کی رپورٹ تشویش ناک ہے سب کو مل کر قانون سازی کرنی چاہیے تعلیمی اداروں میں طالب علموں کے ڈرگ ٹیسٹ ہونے چاہئیں، قانون بنائیں طالب علموں کو ڈرائیں کہ ڈرگس کے استعمال سے آپ تعلیمی ادارے سے باہر ہو جائیں گے۔

ڈپٹی اسپیکر نوید اینتھونی نے کہا کہ تحریک التواء کو کابینہ میں بھیجا جائے تاکہ اس پر موثر قانون سازی کی جائے۔ اس پر سندھ اسمبلی نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال سے متعلق تحریک التواء سندھ کابینہ کے سپرد کردی۔

ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ سندھ کابینہ اس معاملہ پر قانون سازی سمیت دیگر ضروری اقدامات کرے گی، سندھ اسمبلی میں ہونے والی بحث کا بھی سندھ کابینہ جائزہ لے۔ بعدازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔

لاہور: پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران آؤٹ آف اسکول بچوں کے لئے تدریسی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تدریسی کیمپ 8 ہفتوں کے لئے لگایا جائے گا۔تدریسی کیمپ میں پانچ سے نو سال کے بچے حصہ لے سکیں گے۔

بچوں کو اردو، انگریزی، ریاضی کی بنیادی تصورات سے آگاہی دی جائے گی، تدریسی کیمپ میں نجی تعلیمی اداروں کے طلبا کے ساتھ ساتھ سرکاری اسکولوں کے بچے بھی داخلہ لے سکیں گے۔

تدریسی کیمپ میں رجسٹرڈ آؤٹ آف اسکول بچوں کو تعطیلات کے بعد اسکول میں داخلہ دیاجائے گا۔

سعودی عرب اور تاجکستان کے خلاف فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرمیچ کے لیے قومی اسکواڈ کی تشکیل آخری مراحل میں داخل ہوگئی۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیفین کونسٹنٹائن نے بیرون ملک مقیم پاکستانی فٹبالرز کے نام فائنل کرلیے، قومی فٹبال ٹیم کے لیے 9 ڈائسپورا پلیئرز کے نام فائنل کیے گئے ہیں۔

آدم خان اور مکائیل عبداللہ پہلی بار پاکستان ٹیم میں شامل ہوئے ہیں جبکہ ڈنمارک میں مقیم عبدالصمد ارشد حتمی فہرست میں جگہ نہ بناسکے ۔گول کیپر یوسف بٹ بھی قومی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

ان کھلاڑیوں کے علاوہ ہارون حامد، اوِٹس خان، عمران کیانی، راہس نبی، محمد فضل اور عبداللہ اقبال بھی فہرست میں شامل ہیں۔

پاکستان فٹبال ٹیم 6 جون کو سعودی عرب اور11جون کو تاجکستان کے خلاف میچ کھیلے گی۔

مکہ مکرمہ: سعودی وزارت داخلہ نے وزٹ ویزے پر مکہ مکرمہ میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔

سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کے وزٹ ویزہ کے حامل افراد کو مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

صرف حج ویزہ رکھنے والے افراد ہی مکہ مکرمہ میں داخل ہو سکیں گے۔

حکام کے مطابق حج سیزن کے باعث 23 مئی سے 21 جون تک وزٹ ویزے پر مکہ مکرمہ میں داخلے پر پابندی عائد رہے گی۔

مکہ مکرمہ میں وزٹ ویزے پر موجود افراد فوری طور پر وہاں سے نکل جائیں۔ وزٹ ویزے پر حج کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزٹ ویزے پر موجود زائرین اس مدت کے دوران مکہ مکرمہ کا سفر کرنے سے گریز کریں تا کہ سعودی عرب کے اصول و ضوابط کے تحت جرمانے سے بچ سکیں۔

لندن: ٹی20 ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کے منفرد انداز میں اعلان نے شائقین کے دل جیت لیے۔

پی سی بی نےگزشتہ روز ٹی20 ورلڈکپ 2024 کیلئے اسکواڈ کا اعلان بلکل منفرد انداز میں کیا، جس پر شائقین بھی داد دیئے بغیر نہ رہے سکے۔

پاکستان میں موجود تمام کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد نے ٹیم کے ممبرز کی تصویر کے ہمراہ نام بتائے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ ٹیم نے ٹی20 ورلڈکپ اسکواڈ کا اعلان دو بچوں انگس اور ماٹلڈا نے پریس کانفرنس کرکے کیا تھا، جس دنیا بھر کے شائقین کو حیرت زدہ کردیا تھا، یہ کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا اور نرالہ واقعہ تھا جسے خوب سراہا گیا۔

لندن:قومی کرکٹ بورڈکی سلیکشن کمیٹی نے ٹی 20 ورلڈکپ 2024ء کے لیے قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ۔

قومی سلیکشن کمیٹی نے گزشتہ روزلندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سلیکشن کمیٹی کے مطابق ورلڈکپ اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان ، شاہین شاہ آفریدی، صائم ایوب،، فخرزمان، اعظم خان، عثمان خان، افتخار احمد، عماد وسیم، نسیم شاہ، شاداب خان، محمد عامر، عباس آفریدی،حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔

اسکواڈ میں شامل عثمان خان، اعظم خان، ابرار احمد، عباس آفریدی اور صائم ایوب پہلی بار ٹی20 ورلڈکپ کھیلیں گے۔

سلیکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ ٹیم متوازن ہے جس میں تجربہ کار اور نوجوان کرکٹرز شامل ہیں، حارث رؤف فٹ ہیں، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کا کردار بہت اہم ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان ورلڈکپ کے گروپ اے میں روایتی حریف بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا اور امریکا کے ساتھ موجود ہے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 9 جون کو نیویارک میں کھیلا جائے گا اور پاکستان کینیڈا 11جون کو مدمقابل ہوں گے اسی طرح 16 جون کو پاکستان آخری گروپ میچ آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

کراچی: پولیس نےنویں اور دسویں کے امتحانات کے پرچے لیک کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزم پرچے شروع ہونے سے آدھاگھنٹے سے 10 منٹ پہلےتک پیپرلیک کرتا تھا۔

ملزم نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ اس نے واٹس ایپ گروپ بنایا ہوا تھا جس میں پیپر لیک کرتا تھا، ملزم کے ساتھ 2 مزید افراد بھی گروپ ایڈمن تھے۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے لیپ ٹاپ اور 4 موبائل فون بھی برآمد کیے گئے جب کہ ملزم کے خلاف بلال کالونی تھانے میں مقدمہ درج کیاگیا ہے۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے صوبائی محکمہ تعلیم یونیورسٹیز اینڈ بورڈزڈپارٹمنٹ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ملتوی کئے گئے سالانہ امتحانی پرچہ 2024ء کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ تمام امیدوار ملتوی شدہ امتحانی پرچہ نئے امتحانی شیڈول کے مطابق اپنے اپنے امتحانی مرکز پر ہی دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق 28 مئی (صبح) نہم و دہم جماعت اردو نارمل کورس (لازمی)، سندھی سلیس نارمل کورس (لازمی) جغرافیہ آف پاکستان پرچہ اول،انگریزی ادب، (دوپہر)دہم جماعت بریل نظری(پرچہ دوم)، عربی (پرچہ دوم)، فارسی (پرچہ دوم)، حسابات خانہ داری اور متعلقہ مسائل،پرچہ دوم، 29 مئی دہم جماعت (صبح) سندھی سلیس(لازمی)، اردو سلیس (لازمی)، اردو متبادل کورس، جغرافیہ آف پاکستان پرچہ دوم، (دوپہر) جنرل گروپ نہم و دہم جماعت جیومیٹریکل اینڈ ٹیکنیکل ڈرائنگ،(پرچہ اول) بچے کی نشوونمااور خاندانی زندگی(پرچہ اول)، آرٹ اینڈ ماڈل ڈرائنگ پرچہ اول (نظری)،30 مئی (صبح)نہم و دہم جماعت اسلامیات (لازمی)،مذہبی علوم، دوپہر جنرل گروپ دہم جماعت اردو ادب ختیاری(پرچہ دوم)، سندھی ادب اختیاری (پرچہ دوم)، انگریزی ادب اختیاری (پرچہ دوم)، آرٹ اینڈ ماڈل ڈرائنگ عملی(پرچہ دوم)، 31 مئی (صبح)دہم جماعت مطالعہ پاکستان،(دوپہر) جنرل گروپ نہم و دہم جماعت(دوپہر) اردو ادب ختیاری(پرچہ اول)، سندھی ادب اختیاری (پرچہ اول)، انگریزی ادب اختیاری (پرچہ اول)، آرٹ اینڈ ماڈل ڈرائنگ عملی (پرچہ اول)،یکمجون دہم جماعت جنرل گروپ تجارتی جغرافیہ،(پرچہ دوم)، جغرافیہ اختیاری (پرچہ دوم)، ملبوسات و پرچہ بافی (پرچہ دوم)، 3جون (دوپہر) جنرل گروپ نہم ودہم جماعت ریاضی (پرچہ اول)، 4جون دہم جماعت جنرل گروپ جیومیٹریکل اینڈ ٹیکنیکل ڈرائنگ (پرچہ دوم)، بچے کی نشوونمااور خاندانی زندگی(پرچہ دوم)، آرٹ اینڈ ماڈل ڈرائنگ (پرچہ دوم)،5 جون جنرل گروپ نہم و دہم جماعت معاشیات (پرچہ اول)، انتظام برائے اصلاح خانہ (پرچہ اول)،اسلامک اسٹیڈیز، تاریخ اسلام پرچہ اول، 6 جون دہم جماعت (جنرل گروپ) علم شہریت (پرچہ دوم) علم و بدن و حفظان صحت (پرچہ دوم)، تاریخ ہندو پاکستان (پرچہ دوم)، غذا اور تغذیہ نظری (پرچہ دوم) صرف طالبات کیلئے)، کمپیوٹر اسٹیڈیز (اختیاری)، (پرچہ دوم) نظری، 7جوننہم و دہم جماعت بریل نظری(پرچہ اول)، عربی (پرچہ اول)، فارسی (پرچہ اول)، حسابات خانہ داری اور متعلقہ مسائل،پرچہ اول کے امتحانات لئے جائیں گے۔

 

کراچی: انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2024 کا شیڈول تبدیل کردیا۔

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے وزیریونیوسٹیز اینڈ بورزڈ محمد علی ملکانی کی ہدایت پر اعلان کیا ہے کہ کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2024 ء اب 28مئی کے بجائے یکم جون سے شروع ہوں گے۔

شہر میں گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے میٹرک کے امتحانات کے ملتوی شدہ پرچے اب 28مئی سے ہوں گے جب کہ انٹرکے امتحانات کے لیے 21ایسے ہائر سیکنڈری اسکولز کو بھی امتحانی مرکز بنایا گیا ہے جہاں میٹرک کے امتحانات بھی ہونے ہیں۔

یکساں 21 امتحانی مراکز میں بیک وقت میٹرک اور انٹربورڈز کے امتحانات کا انعقاد ممکن نہیں، اس لیے انٹربورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول، حصہ دوم کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کی تاریخ آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نئی تاریخوں کے مطابق انٹرمیڈیٹ حصہ اول، حصہ دوم کے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس کے فریش، فیلیئر، امپروومنٹ آف گریڈ، ٹی پی (بارہ پرچے)، ایڈیشنل سبجیکٹ، شارٹ سبجیکٹ اور اسپیشل چانس کے امیدواروں کے امتحانات یکم جون 2024ء سے شروع ہوں گے۔

Page 3 of 2981