منگل, 14 مئی 2024


سی پیک منصوبے کے مخالفین نے گٹھ جوڑ کر لیا ہے،شہباز شریف


ایمز ٹی وی(لاہور) وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ہرزہ سرائی سے ثابت ہو گیا ہے


کہ ہمسائے میں بیٹھے دشمنوں نے آپس میں گٹھ جوڑ کر لیا ہے۔ مودی کو اقتصادی راہداری ہضم نہیں ہو رہی لیکن تمام تر مخالفت کے باوجود یہ منصوبہ کامیاب ہو گا۔

یہ بات انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں چین کے تعلیمی دورے پر جانے والے 130 طلباء و طالبات پر مشتمل وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے مخالفین نے گٹھ جوڑ کر لیا ہے، اس کے باوجود یہ منصوبہ آگے بڑھے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ راہداری منصوبے پر مستقبل میں مزید اربوں ڈالر سرمایہ کاری ہو گی۔

اقتصادی راہداری کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشوں سے آگاہ ہیں، مودی نے بلوچستان کے خلاف جو زبان درازی کی ہے اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عدالت عالیہ کی جانب سے اورنج لائن ٹرین منصوبے پر حکم امتناعی کے باوجود چینی قیادت کو یقین ہے کہ یہ منصوبہ شفافیت کے ساتھ بروقت مکمل ہو گا۔

اس موقع پر لاہور میں تعینات چین کے قونصل جنرل یو برنٹ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے معاونت فراہم کرتا رہے گا۔

تقریب کے اختتام پر وزیراعلٰی پنجاب نے نویں جماعت میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اور اعلٰی تعلیم کیلئے اسکالرشپس پر بیرون ملک جانے والوں میں اسناد اور لیپ ٹاپس بھی تقسیم کئے۔

انہوں نے کہا کہ پجاب حکومت اپنے خرچ پر طلبہ کو اسکالر شپ پروگرام پر چین بھجوا رہی ہے اور چین کی جانب سے ان طلباء کو سہولتیں دینے پر ان کے شکرگزار ہیں

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment